بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت مولانا الیاس عطار قادری کراچی پہنچ گئے

کراچی پہنچ کر تمام عاشقان رسول کے لیے اہم پیغام جاری کیا

امیر اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ بیرونِ ملک سے آج 28 اکتوبر 2019ء کو کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وطن واپسی پر آپ نے عاشقانِ رسول کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں آپ کا کہنا تھا:

اے عاشقانِ میلاد ! احیاءالعلوم جلد4، صفحہ 306 پر ہے: ” ایک بار کسی شخص نے دعا کی: اے اللہ پاک میں تجھ سے کامل نعمت (یعنی کمپلیٹ نعمت) کا سوال کرتا ہوں۔ رحمتِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس سے فرمایا: ”جانتے ہو کامل نعمت کیا ہے ؟“ اس نے عرض کی: نہیں۔ ارشاد فرمایا:” جنت میں داخلہ کامل نعمت ہے“۔

امیر اہل سنت نے مزید فرمایا: اَلْحَمْدُ لِلہِ ماہِ ربیع الاول کی آمد آمد ہے، اِن شَاءَ اللہ 29 اکتوبر 2019، بروز منگل رات ساڑھے نو بجے سے تیرھویں شب تک عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں روزانہ مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا۔