حج ادائیگی کے بعد امیر اہلِ سنت مولانا  محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ بدھ 22 اگست کو وطن واپس پہنچ گئے۔ امیر اہلِ سنت کے ہمراہ نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی بھی کراچی پہنچے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق بانیِ دعوتِ اسلامی فریضۂ حج ادا کرنے کے بعد کراچی پہنچ چکے ہیں۔ان کے ہمراہ نگرانِ شوریٰ بھی وطن واپس پہنچے ہیں۔امیر دعوتِ اسلامی حج ادا کرنے کے غرض سے 3 اگست 2019ء کو مکۂ مکرمہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے چل مدینہ کے قافلے والوں کے ہمراہ ارکانِ حج ادا کئے جس کے بعد وہ مدینۂ منورہ زاد ہَااللہ شرفاً وَّ تعظیماً روانہ ہوئے جہاں مسجد نبوی شریف اور حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے روضہ پر حاضری دی اور مختلف مقاماتِ مقدسہ کی زیارت کی۔ کراچی ایئر پورٹ پہنچنے پر عقیدت مندوں آپ کا پُرتپاک استقبال کیا۔

مولانا الیاس قادری عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے بانی و امیر، جماعتِ اہلِ سنّت کے ممتاز ترین صاحبِ علم و بصیرت اور ایک اچھے قلم کار ہیں اور عالمِ اسلام کے بااثر عالم دین اور روحانی پیشوا سمجھے جاتے ہیں۔