امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپنا نفل حج ملتوی کرکے حج کے سارے اخراجات دعوت اسلامی کی مالیت میں جمع کروانے کا اعلان کردیا، یہ رقم دعوت اسلامی کے اجیروں کی سیلری بڑھانے پر خرچ کی جائے گی۔

اس وقت ملک پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں مہنگائی کی آندھی نے آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی دُکھیاری امت کو پریشانی میں مبتلا کرکے نڈھال کردیا ہے۔کچھ دنوں قبل ہونے والے مدنی مذاکرے میں امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بزنس مین اور کاروباری حضرات سے اپنے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 10%فیصد اضافہ کرنے کی ترغیب دلائی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے کئی کاروباری حضرات نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 10% فیصد اور بعض نے اس سے زیادہ بھی اضافہ کرکے اپنے ملازمین کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کیا تھا۔

اس اعلان کے بعد دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے بھی سنجیدگی سے اس کو قبول کرتے ہوئے اپنی اجیروں کی سیلری میں اضافہ کرنے کا عزم کیا اور اس کے لئے کوششیں کرنے لگی۔ باہمی مشاورتوں کے بعد مجلس شوریٰ نے اپنے اجیروں کی سیلری میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اعلان 25 جون 2022ء کو ہونے والے مدنی مذاکرے کے دوران کیا گیا۔ کم و بیش 48ہزار اجیروں کی سیلری بڑھانے کے بعد دعوت اسلامی کے سالانہ اخراجات میں تقریباً ایک ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

دعوت اسلامی کے ان اخراجات کو پورا کرنے اور مصیبت کی ان گھڑیوں میں اپنے اجیروں کے ساتھ ہمدردی کرنے کے لئے ، انسانی ہمدردی کے علمبردار، خدمت انسانیت میں پیش پیش رہنے والی شخصیت ، شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپنے نفلی حج کو ملتوی کرکےاس کے سارے اخراجات دعوت اسلامی کے اجیروں کی سیلری میں خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دُکھیاری امت کی خاطر نفلی حج پر جانے والے عاشقان رسول کو بھی دعوت اسلامی کے ساتھ تعاون کرنے کی ترغیب دلائی ہے اور ڈونیٹ کرنے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

واضح رہے کہ پریشانی کی اس گھڑی میں دعوت اسلامی نے اپنے وہ اجیرجن کی سیلری 30 ہزار سے کم ہے ان کی 12 فیصد، جن کی سیلری 30 سے 40 ہزار ہے ان کی 8 فیصداور جن کی سیلری 40 ہزار سے زائد ہے ان کی 6 فیصد بڑھا نے کا اعلان کیا ہے۔

دعائے عطار

یااللہ پاک! جو اپنے حج کے اخراجات اور رقم اور جو جارہے ہیں اتنی ہی مزید رقم یا کچھ نہ کچھ رقم تیری راہ میں مزید خرچ کردیتا ہے، یااللہ پاک اُسے اس سے پہلے موت نہ دیناجب تک تیرے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جلوہ نہ دیکھ لے، محبوب کریم تشریف لائیں اور اُس کو کلمہ پڑھا دیں اور ایمان کے ساتھ وہ دنیا سے رخصت ہو، بُرے خاتمے سے اس کی حفاظت ہو، بے حساب مغفرت ہو اور تیرے محبوب کا پڑوس جنت میں بھی اس کو مل جائے۔ اٰمین بِجاہِ خَاتمِ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔