شیخِ طریقت،
امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہسےمدنی مذاکرے (15 شعبانُ المعظم 1440 ھ بمطابق 20اپریل2019 ء) میں سوال ہوا کہ کچھ لوگ
کہتےہىں : جب تک آپ (یعنی امیرِ اہلِ سنّت) موجود ہىں تب تک دعوتِ اسلامى چلتى رہے گی، اس کے بعد نگران صاحبان اور اراکىنِ شورىٰ وغىرہ سب بکھر
جائىں گے اور پھرنہ جانے کىا ہوگا! اس کى کىا حقىقت ہے؟
آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے جواب میں فرمایا:بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میرے مرنے کے بعد دعوتِ اسلامی ختم ہوجائے گی، اِنْ شَآءَ اللہ ایسا نہیں ہوگا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ میں نے اپنی اولاد اور تمام دعوتِ اسلامی والوں کو مرکزی مجلسِ شوریٰ کی اطاعت کرنے کی تاکید کی ہے اور بارہا مدنی مذاکروں میں اور بڑی راتوں کے اجتماعات میں یہ اعلانات بھی کئے ہیں کہ ہم نے دعوتِ اسلامی میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے ماتحت رہ کر ہی مدنی کام کرنا ہے، مرکزی مجلسِ شوریٰ کی مخالفت نہیں کرنی۔ دعوتِ اسلامی کوئی دُکان یا تَرکہ(یعنی وِراثت) نہیں ہے جو میرے مرنے کے بعد میری اولاد میں تقسیم ہوگا بلکہ دعوتِ اسلامی میں جو کام کرے گا اس کو سلام ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کام کر رہی ہے اور یہ کرتی رہے گی۔مرنا سب کو ہے اگر کسی کے انتقال سے دین کا کام رُک جاتا تو کائنات کی سب سے بڑی ہستی کہ جن کی بدولت ہمیں اسلام ملِا یعنی ہمارے مکّی مَدَنی آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ظاہری پردہ فرمانے کے باوجود دین کا کام نہیں رُکا تو الیاس قادری کس حساب میں ہے! اس کے مرنے سے کیا ہوتا ہے!جو میرے لئے دین کا کام کرتا ہے آج سے ہی اس کو خدا حافظ! اور جو اللہ کے لئے دین کا کام کرتا ہے وہ آج بھی کرے اور میرے مرنے کے بعد بھی کرے، یہ نہ سوچے کہ الیاس قادری چلا جائے گا تو یوں ہوجائے گا یا الیاس قادری کے بعد کیا ہوگا؟ یہ سب شیطانی وسوسے ہیں ان سے ہم سب کو بچنا چاہئے۔ جیتے جی بھی توکچھ ہوسکتا ہے، ایسی کئی تحریکیں ہوتی ہیں کہ جن کے قائدین زندہ اور صحت مند ہوتے ہیں مگر ان کی تحریکیں ختم ہوجاتی ہیں۔ بہرحال یہ میری وصیت ہے کہ میرے مرنے کے بعد بھی آپ نے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کو ہی فوقیت دینی ہے، یہ جس طرح چاہے اُسی طرح دعوتِ اسلامی کے ذریعے دین کی خدمت کرنی ہے، مرکزی مجلسِ شوریٰ سے کبھى بھى غدارى نہىں کرنی اور جو مرکزى مجلسِ شورىٰ کى مخالفت کرے اُس کا ساتھ بھی نہیں دىنا ہے۔ اللہ پاک خائنین کی نظرِبد سے میری دعوتِ اسلامی کو، میرے دعوتِ اسلامی والوں کو اور میری لاڈلی مرکزی مجلسِ شوریٰ کو محفوظ رکھے اور ان سب کو اخلاص کے ساتھ دین کی خوب خدمت کرنے کی سعادت بخشے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں اے دعوتِ اسلامی تِری دُھوم مچی
ہو