عید میلادُ النبی کے موقع پر خُوشی کا اظہار کرنا اور محافل و جلوسِ میلاد کا اِنعِقاد کرنا رسولِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے مَحبت کی علامت ہے۔ ہر سال ربیعُ الاوّل کے مقدّس مہینے میں عاشقانِ رسول اپنے پیارے مُصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے عشق و مَحبت کا اظہار کرتے ہوئے جلوسِ میلاد اور محافلِ میلاد کا اہتمام کرتے ہیں۔ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت بھی دنیا بھر میں عید میلادُ النبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم بڑی عَقیدت و اِحترام سے منائی جاتی ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم (1st) ربیعُ الاوّل سے قبل ہی دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کو نہایت خوبصورت برقی قُمقُمے لگا کرسجادیا گیا تھا۔ جلوسِ میلاد عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں یکم تا13ربیعُ الاوّل 1440 ہجری روزانہ مدنی مذاکرے سے پہلے جلوسِ میلاد کا اِہتمام کیا جاتا رہا جس میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سمیت کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ کشتیوں میں جلوسِ میلاد دعوتِ اسلامی کی مجلس ماہی گیر کے تحت مختلف بندرگاہوں پر کشتیوں اور لانچوں میں بھی جلوسِ میلاد کا سلسلہ ہوا جن میں اراکینِ شوریٰ حاجی عبدُالحبیب عطّاری، حاجی ابوماجد محمد شاہد عطّاری مدنی، محمد فاروق جیلانی سمیت بڑی تعداد میں ماہی گیر و دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ مدنی مذاکرے امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے 29صفرُ المظفر 1440ھ تا 13ربیعُ الاوّل1440ھ مدنی مذاکرے فرمائے جن میں جانشین و صاحبزادۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی اور نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطّاری مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نیز بیرونِ ملک (عرب شریف، یوکے، اسپین، اٹلی، ناروے، ہالینڈ، سری لنکا، ساؤتھ افریقہ، یو اے ای) اور پاکستان کے مختلف شہروں سے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ آئے ہوئے 9145 اسلامی بھائیوں کے علاوہ ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ اجتماعاتِ میلاد دعوتِ اسلامی کے تحت ربیعُ الاوّل کی بارھویں شب ملک بھر میں تقریباً 869مقامات پر اجتماعاتِ میلاد مُنعقِد ہوئے جن میں2لاکھ 59ہزار 401 سے زائد اسلامی بھائیوں نے شرکت کی، عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں بھی عظیمُ الشّان اجتماعِ میلاد ہواجس میں مدنی مذاکرے کا بھی سلسلہ ہوا، اس پُر نور اجتماع میں بلا شبہ ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی جبکہ میئر کراچی وسیم اختر، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، آئی جی جیل خانہ جات مظفر عالم صدیقی،ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ، ایم پی اے بلال غضنفر، ایم این اے عالمگیر خان اور ڈی ایس پی، ایس ایس پی، ایس پی، ایس ایچ او، آئی جی ٹریفک، ڈی ایس پی ٹریفک، کے ایم سی، ڈی ایم سی انتظامیہ کے عہدیداران نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا وزٹ کیا۔ بیرونِ ملک میں ہونے والے اجتماعاتِ میلاد دعوتِ اسلامی کے تحت ٭عرب شریف ٭ہند ٭یوکے ٭بنگلا دیش ٭یونان (Greece) ٭یو ایس اے ٭کینیڈا ٭یو اے ای ٭عمان ٭کینیا ٭یوگنڈا ٭تنزانیہ ٭نیپال ٭ترکی ٭ماریشس ٭آسٹریلیا ٭زامبیا ٭ملائیشیا ٭تھائی لینڈ ٭ساؤتھ کوریا ٭سری لنکا ٭ہانگ کانگ ٭ہالینڈ ٭ڈنمارک ٭اٹلی ٭فرانس ٭جرمنی ٭بلجئیم ٭ناروے ٭سویڈن ٭قطر ٭کویت ٭بحرین ٭اسپین ٭موزمبیق ٭جارڈن ٭سویڈن ٭ملاوی کے علاوہ دنیا کے سینکڑوں شہروں میں اجتماعاتِ میلاد مُنعقد ہوئے جن میں ہزاروں اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ میڈیا کوریج دعوتِ اسلامی کے تحت مختلف مقامات پر ہونے والے اجتماعاتِ میلاد کو الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا (نیوز چینلز اور اخبارات) نے نمایاں کوریج دی۔ چند چینلز کے نام یہ ہیں: ٭92 نیوز ٭سماء نیوز ٭جیو نیوز ٭A.R.Y نیوز ٭بول نیوز ٭ایکسپریس نیوز ٭نیو نیوز ٭نیوز ون ٭ڈان نیوز ٭میٹرو نیوز ٭دنیا نیوز ٭24 نیوز ٭K.21 نیوز ٭اب تک نیوز ٭7 نیوز ٭K.T.N نیوز و دیگر۔