فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ و سلَّم ہے:مَنِ اعْتَکَفَ اِیْمانًا وَّاِحْتِسَابًا غُفِرَلَہ مَاتَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِہٖ یعنی:جس شخص نے ایمان کے ساتھ ثواب حاصل کرنے کی نیَّت سے اعتکاف کیا اس کے پچھلے تمام گناہ بخش دئیے جائیں گے۔(جامع صغیر، ص516 ،حدیث:8480)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! رمضانُ المبارک کا چاند نظرآنے سے پہلے ہی اسلامی بھائیوں کی ایک بڑی تعداد عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں پہنچ جاتی ہے، جن کا مقصد عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے اسلامی بھائیوں کے ساتھ اجتماعی اعتکاف کرنا ہوتا ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ ! ہر سال کی طرح اس سال (1439ھ/ 2018ءمیں) بھی عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اور دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کے تحت پورے ماہِ رمضان اور آخری عشرے کا سنّت اعتکاف اجتماعی طور پر ہوا۔ عالمی مدنی مرکز میں تو عجب بہار آئی ہوئی تھی، ہرطرف معتکفین ہی نظر آرہے تھے، اس رونق میں مزید اضافہ یوں ہوا کہ شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّار قادریدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے پورا ماہ نمازِ عصر اور تراویح کے بعد مدنی مذاکرہ فرمایا اور عقائد و اعمال، فضائل و مناقِب، شریعت و طریقت، تاریخ اور سیرت وغیرہ کے متعلق ہونے والے مختلف سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے میں صرف عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں مدنی مذاکروں میں روزانہ کم و بیش نو ہزار 9000 اسلامی بھائی شریک ہوتے رہے، جبکہ دیگر مختلف مقامات اور گھروں میں بذریعہ مدنی چینل شریک ہونے والوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ پورے رمضان المبارک کا اعتکاف رواں سال (1439ھ/ 2018ء میں) دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے پورے ماہِ رمضان کے اجتماعی اعتکاف میں پاکستان میں 73مقامات پر تقریباً نو ہزار چار سو ستتّر9477 اور دیگر مختلف ممالک میں 76 مقامات پر تقریباً دو ہزار آٹھ سو سینتیس 2837 عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ بیرونِ ممالک میں ہند، نیپال، اٹلی، یوگینڈا اور بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک شامل ہیں۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ کراچی میں اعتکاف کرنے کے لئے کم و بیش600اسلامی بھائی رمضان ایکسپریس اور داتا ایکسپریس کے ذریعے آئے۔ آخری عشرے کا اعتکاف پاکستان میں دعوتِ اسلامی کے تحت بابُ المدینہ کراچی، زم زم نگر حیدرآباد، مرکزُالاولیاء (لاہور)، سردارآباد (فیصل آباد)، مدینۃُ الاولیا ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، اسلام آباد، واہ کینٹ، پشاور، کوئٹہ، کشمیر سمیت( کم و بیش) 5175مقامات پر رمضانُ المبارک کے آخری عشرے کا اجتماعی اعتکاف ہوا جس میں تقریباً ایک لاکھ گیارہ ہزار دو سو ننانوے 111299 اسلامی بھائی شریک ہوئے، جن میں سے تقریباً آٹھ ہزار پانچ سو نو 8509 اسلامی بھائیوں نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ (کراچی) میں اعتکاف کرنے کی سعادت پائی۔ عالمی مدنی مرکز میں عرب شریف،عرب امارات، کویت، یوکے، عمان، آسٹریا، یونان، فرانس، ناروے، جرمنی، ہانگ کانگ، سری لنکا، ملائشیا، تھائی لینڈ، ہند، نیپال، یوایس اے، کینیڈا اور موذمبیق وغیرہ سے آنے والے کئی معتکف اسلامی بھائی بھی شامل تھے۔ پاکستان کے علاوہ عمان، عرب امارات، امریکہ، کینڈا، یوکے، کینیا، یوگینڈا، تنزانیہ، زامبیا، انڈونیشیا، ملائشیا، ساؤتھ کوریا، سری لنکا، اٹلی، یونان، جرمنی، بیلجئم، ہند، نیپال، بنگلہ دیش، ایرانوغیرہ میں بھی تقریباً 474 مقامات پر آخری عشرے کا اجتماعی اعتکاف ہوا جس میں 9703 اسلامی بھائی شریک ہوئے۔ اعتکاف کے دوران متعدد اسلامی بھائیوں نے مدنی چینل کو تأثرات دیے کہ ہمیں یہاں نمازوں کی پابندی نصیب ہوئی، توبہ کرنےاور گناہوں سے بچنے کا ذہن بنا ،یہاں ہمیں محبت بھرا مدنی ماحول نصیب ہوا، بہت سے اسلامی بھائیوں نے نمازیں اور دیگر فرائض ادا کرنے، داڑھی و عمامہ کی سنّت سجانے، فرض علوم سیکھنے اورجامعۃ المدینہ میں داخلہ لینے، مدنی قافلوں میں سفر کرنے اور اپنے علاقوں میں مدنی کام کرنے کی نیتوں کا بھی اظہار کیا۔

اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں

اے دعوتِ اسلامی تری دھوم مچی ہو