نکاح حضرت سیّدنا آدم علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام سے شروع ہونے والی عظیم عبادت، نسلِ انسانی کے وجود میں آنے اور باقی رہنے کا ذریعہ اور صالحین و عابدین علیہ رحمۃ اللہ المُبِین کی پیدائش کا سبب ہے۔ نکاح اگر شریعت کے مطابق کیا جائے تو شرم و حیا کے حُصُول کے ساتھ ساتھ فراخ دستی اور خوشحالی کا سبب بھی ہے کہ حدیثِ پاک میں ہے:اِلْتَمِسُوا الرِّزْقَ بِالنِّكَاحِ یعنی نکاح (شادی) کے ذریعے رزق تلاش کرو۔(جامع صغیر،ص98،حدیث: 1567)

حضرت علامہ عبدالرءُوف مناوی علیہ رحمۃ اللہ الہادِی اس کی شرح میں فرماتے ہیں:جب شادی کی نیت اچھی ہو تو یہ نکاح برکت اور رزق میں وُسعَت کا سبب بنتا ہے۔(فیض القدیر،ج 2،ص198،تحت الحدیث:1567)

فی زمانہ شادیوں میں لاکھوں لاکھ روپے خرچ کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، مَعَاذَ اللہ لوگ اس کے لئے سُودی قرضہ لینے سے بھی نہیں شرماتے، لاکھوں روپے قرض لے کر شادی تو ہوجاتی ہے مگر دولہا بےچارہ سالہا سال قرض ہی اُتارتا رہتا ہے۔ چنانچہ نبیِّ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: بڑی برکت والا نکاح وہ ہے جس میں بوجھ کم ہو۔ (مسند احمد، ج9،ص365، حدیث:24583)

حکیم الامّت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ المنَّان اس حدیث کے تحت لکھتے ہیں: یعنی جس نکاح میں فریقین کا خرچ کم کرایا جائے، مہر بھی معمولی ہو، جہیز بھاری نہ ہو، کوئی جانب مقروض نہ ہوجائے، کسی طرف سے شرط سخت نہ ہو، اﷲ عَزَّوَجَلَّ کے تَوَکُّل پر لڑکی دی جائے وہ نکاح بڑا ہی بابرکت ہے ایسی شادی خانہ آبادی ہے، آج ہم حرام رسموں، بے ہودہ رواجوں کی وجہ سے شادی کو خانہ بربادی بلکہ خانہا (یعنی بہت سارے گھروں کے لئے باعثِ) بربادی بنالیتے ہیں ۔(مراٰۃ المناجیح،ج5،ص11)

شادی میں غیر شرعی رسمِ و رواج کو ختم کرنے اور شادی کو مزید آسان سے آسان بنانے کے لئے جانشین امیر اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے اس ہفتے رسالہ ”امیر اہلسنت سے شادی کے بارے میں سوال جواب“ پڑھنے / سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعا ئےجانشین امیراہلسنت

یارب المصطفٰے! جو کوئی 17صفحات کا رسالہ ”امیر اہلسنت سے آسان شادی کے بارے میں سوال جواب“ پڑھ یا سن لے، اُسے نکاح کی سنت شریعت کے مطابق ادا کرنے، غیر شرعی رسم و رواج سے بچاکر اپنے اپنے پیارے پیارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنتوں پر چلنے کی توفیق عطا فرما۔ اٰمین بجاہِ خاتمِ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book