5ستمبر 2020ء کی شب ہونے والے مدنی مذاکرے میں امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےایک سوال کے جواب میں فرمایا کہ امام غزالی نے لکھا ہے کہ عورتوں کابُرقع سادہ اورڈِھیلاڈَھالاہوناچاہئے ، آپ کا مزید کہنا تھا کہ ہر مسلمان کے دل میں اَہلِ بیت اورصحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوان کی محبت ہونی چاہئے ،حدیثوں میں اس کی ترغیب بھی آئی ہے۔اپنے بچوں کو بھی اہلِ بیت اورصحابۂ کرام کی محبت سکھانی چاہئےتاکہ بچے بچے کے دل میں ان کی محبت ہو۔یہ محبت سعادت مندوں کا حصہ اوراللہ پاک کا فضل ہے۔ ہرصحابی عادل اورمتقی ہے اورہمارے لیے واجبُ التَّعْظِیم ہے ۔ہمیں ہرصحابی اوراہلِ بیت کےہرفرد کی محبت میں مضبوط ہوناچاہئے۔

آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مزید فرمایا کہ مسلمان کو گالی دینافِسْق(گناہ)ہے ،گالی دینا مسلمان کی توہین ہے ،ہراچھی فطرت اورشرافت والاگندی گالیاں دینے والے سےگِھن کھاتاہے ۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال:18محرم الحرم ’’یوم مفتی دعوتِ اسلامی ‘‘ہے، اس موقع پر آپ کیافرماتےہیں؟

جواب:ہراسلامی بھائی اوراسلامی بہن کم ازکم 18دُرُودشریف پڑھ کر مفتیٔ دعوتِ اسلامی کو ایصالِ ثواب کرنا نہ بھولیں ۔

سوال:کم وقت میں زیادہ علمِ دین حاصل کرنے کے لیے کیا کریں ؟

جواب:کعبہ شریف کی طرف منہ کرکے مُطالَعہ کریں گےتو ان شاۤءَ اللہ زیادہ علم حاصل ہوگا،کعبہ شریف کی طرف منہ کرکےبیٹھنا سنّت بھی ہے ۔ آج کل کرسیوں پر بیٹھنے کا رواج ہے ،میرامشورہ ہے کہ جن سے بَن پڑھے وہ زمین پر بیٹھیں ،پیدل چلنے کی عادت بنائیں ،پانی خوب پئیں،پانی پینا گُردوں(Kidneys) کی صحت کے لیے ضروری ہے۔چھوٹے لقمے لے کرخوب چباکرکھائیں ،عبادت پر قوت حاصل کرنے، عبادت بہتراندازسے کرنے کی نیت سے احتیاطیں کریں ۔

سوال:شوگر(Sugar)نہ ہو،اس کے لیے کیاکرنا چاہئے ؟

جواب:میٹھا کم استعمال کریں ،چائے میں کم میٹھا ڈالیں ،مٹھائیاں نہ کھائیں ،چاول پکانے سے پہلے پانی میں بگھوئیں اورپہلاپانی نکال دیں،پیدل چلیں۔

سوال: کیا آم (Mango)کھانے سے شوگربڑھتاہے ؟

جواب:میراتجربہ ہےکہ آم کھانے سے شوگرمیں اضافہ نہیں ہوتا،مگرآپ کھانے سے پہلے اپنے طبیب(Doctor) سے مشورہ کرلیں ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ” اچھی بُری صحبت “پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَّ المصطفٰے! جو کوئی17 صفحات کا رِسالہ اچھی بُری صحبت پڑھ یا سُن لے،اس کو اپنےپسندیدہ بندوں کی صحبت نصیب فرما اور اس کی بے حساب مغفرت کر۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم