ہر ہفتے کی طرح 30 مئی 2020 ءکی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عالمی مذہبی اسکالر امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے حکمت بھرے جوابات دیئے۔

اس مدنی مذاکرے میں دنیا بھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: اللّٰہ پاک سے حُسنِ ظن یعنی اچھا گُمان رکھنا چاہئے،کیا اس کے بارے میں کوئی حدیثِ قُدسی( یعنی فرمانِ الٰہی )ہے ؟

جواب:حدیثِ قُدسی میں ہے کہ اللّٰہ پاک نے اِرشادفرمایا :أَنَا عِنْدَ ظَنِّ عَبْدِيْ بِیْ یعنی میں اپنے بندے کے گُمان کے قریب ہوں جو وہ میرے بارے میں رکھتا ہے،یعنی میرا بندہ میری نسبت جو گُمان و خیال رکھتا ہے مَیں اس کے لئے ویسا ہی ہوں اور اس کے ساتھ ویسا ہی مُعاملہ کرتاہوں جس کی وہ مجھ سے اُمیدرکھتا ہے، اگر وہ مجھ سے مُعافی کی اُمید رکھتا ہے تو اس کو مُعافی دیتا ہوں۔

سوال: ماہِ رمَضان کے فرض روزوں کے بعد نفل روزے رکھنے کاکیا فائدہ ہے؟

جواب:ماہِ رمَضان کے بعد نفل روزوں کی عادتبنا نا اچھی علامت ہے، کیونکہ دوسری نیکی پہلی نیکی کے قبول ہونے کی علامت اورپہلی نیکی کے بعد بُرائی ہونا اس نیکی کے رَد ہونے کی عِلامت ہے ۔

سوال:اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کایوم پیدائش کیا ہے؟

جواب: 10شوال المکرم 1272ھ ۔

سوال:ایک دن چھوڑکرروزہ رکھنا(یعنی ایک دن روزہ رکھنا اورایک دن روزہ نہ رکھنا) کیساہے؟

جواب:افضل ہے ،اسے’’صوم ِداؤدی‘‘کہتے ہیں،اللّٰہ پاک کے پیارے نبی حضرت داؤدعلیہ السلام اس طرح روزہ رکھتے تھے ۔

سوال:مُطالَعہ کرنے کے دوران توجہ بَٹ جاتی ہوتو کوئی ایساطریقہ ارشاد فرمائیں کہ تمام توجہ مُطالَعہ کی جانب رہے؟

جواب:کوشش کرتے رہیں گے ،اِنْ شَآءَاللہمنزل مل جائےگی ۔ مَنْ جَدَّوَجَدَیعنی جس نے کوشش کی اُس نے کامیابی پائی ۔

سوال:فصلوں پراگرٹِڈی دل کا حملہ ہوتو کوئی رُوحانی عمل بتائیں تاکہ فصلیں بچ جائیں ؟

جواب: اللّٰہ پاک کا نام ’’یاحلیم‘‘ایک کاغذپر ایسی سیاہی(Ink) کے ساتھ لکھ کر کسی پانی کے برتن میں ڈال دیں جو حل ہوسکتی ہو، اب وہ پانی اسپرے والی بوتل میں ڈال کرپودوں یا فصلوں کے اوپر چھڑک لیں،اِنْ شَآءَاللہفصلیں ٹِڈی دل کے حملے سے محفوظ رہیں گی۔

سوال:اَعراف کیا ہے اوراس کی حقیقت کیا ہے؟

جواب:ایک قول کے مطابق جنت اوردوزخ کے درمیان جوجگہ ہےوہ’’اَعراف‘‘ہے، اس میں مسلمان جنّات رہیں گےاورجنّت میں آتے جاتے رہیں گے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’گناہوں سے پاک صاف‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا رَبَّ المُصطفےٰ ! جو کوئی رسالہ’’گناہوں سے پاک صاف‘‘کے 14 صفحات پڑھ یا سُن لے،اُس کو گناہوں سے پاک صاف کر کےبے حساب جنت الفردوس میں داخلہ عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم