2اکتوبر 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے  فیضانِ مدینہ آکر جبکہ سینکڑوں مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال: سَرمیں تیل لگانے کے کیافوائدہیں ؟

جواب: نُور والے آقا،مکی مدنی مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کثرت سے تیل لگایاکرتے تھے ،تیل لگانے سے سکون ملتاہے ،نیندآتی ہے ،دماغ کو تازگی ملتی ہے ،سبھی کے لیےسَرمیں تیل لگانامفیدہے بالخصوص جو علمِ دین پڑھتے پڑھاتے ہیں ان کے لیے توزیادہ مفیدہے ۔

سوال : ورزش کرتے ہوئے ذِکرُاللہ کرنا کیسا؟

جواب: اگرسِتْر(یعنی ناف سے لے کر گھٹنوں کے نیچے تک کا حصہ)چھپاہوا ہو اورٹانگیں سمٹی ہوئی ہوں تو ذِکرُاللہ کرنے میں حرج نہیں بلکہ اچھا ہے ۔

سوال:جوانی میں توبہ کے کیا فضائل ہیں ؟

جواب: اللہ پاک جوانی میں توبہ کرنے والے کو پسندفرماتاہے ،فرامینِ مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم) :(1) اللہ پاک کو توبہ کرنے والے نوجوان سے زیادہ پسندیدہ کوئی نہیں۔ (کنز العمال، حدیث : 43101) (2)اِنَّ اللہَ تَعَالٰی یُحِبُّ الشَّابَّ التَّائِبَیعنی جوانی میں توبہ کرنے والا شخص اللہ پاک کا محبوب ہے۔(کنز العُمّال،حدیث : 10181)

سوال : کوئی شخص 500مرتبہ دُرُودشریف پڑھے تو کیا جو3یا50 یا 100مرتبہ دُرودشریف پڑھنے کے فضائل حاصل ہوجائیں گے ؟

جواب: ایسانہیں ہے ،جواورادکی تعداد احادیث وغیرہ میں بیان ہوتی ہے اس پر عمل کرنا چاہئے،تبھی وہ فضیلتیں حاصل ہوں گی ۔

سوال : دستارِ فضیلت کے اجتماع میں کیا ہوتاہے ؟

جواب: جودرسِ نظامی کا8سالہ کورس(عالم کورس) مکمل کرلیتے ہیں تو ان کے استاذیا کوئی بزرگ انہیں دستاریعنی عمامہ باندھتے ہیں ،جواسلامی بہنیں یہ کورس مکمل کرلیتی ہیں تو ان کی رِداپوشی ہوتی ہے یعنی ان کی اُستانی یا کوئی نیک خاتون انہیں چادراُڑھادیتی ہیں ۔

سوال : کیا مونگ پھلی رات کو کھانے سے تنگدستی آتی ہے ؟

جواب: ایسانہیں ہے ،اس طرح کی بے پرکی نہیں اُڑانی چاہئے،مونگ پھلی غریبوں کا خشک میوہ ہے ،یعنی بادام پستہ ہے کیونکہ یہ بادام پستہ سے سستی ہوتی ہے ۔

سوال : ہمیں کیسامسلمان بنناہے؟

جواب : ہمیں اچھا مسلمان بنناہے کسی پر ظلم نہیں کرنا ،نہ الزام تراشی کرنی ہے ،نہ چورکہنا ہے،گھرمیں ایساہوتو گھریلوفسادہوتاہے ،کسی کوفائنل کردینا کہ تُو جھوٹاہے ،اورشرعی دلیل نہ ہوتویہ گناہ ہے۔سُنی سنائی باتوں پر اعتمادکرنے کے بجائے خاموش رہیں ۔

سوال : کینسرکا کوئی رُوحانی علاج بتادیجئے ؟

جواب:اوّل وآخر11،11 باردُرُودشریف اوردرمیان میں سورۂ مریم 1بارپڑھ کرپانی پردم کرکے مریض کو پلاتے رہیں ،انْ شآءَ اللہُ الکریم کینسرسے شفاحاصل ہوگی ۔

سوال: آپ نے مدنی مذاکرہ کب شروع فرمایا ؟

جواب: مدنی مذاکرہ دعوتِ اسلامی سے بھی پہلے تھا،یہ سوال جواب کا سلسلہ بہت پراناہے ،عام طورپرآسان سوال ہوتے تھے ،بہارِشریعت کا مطالعہ اچھا تھا ، جوجواب نہیں آتےتھے ، وہ مفتی وقارالدین قادری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس جاکرپوچھتاتھا ،ان کے پاس جانا ہوتا ،ان کی صحبت ملتی تھی۔

سوال: اِس ہفتے کےرِسالے اعلیٰ حضرت اور امیر اہلسنت پڑھنے یاسُننے والوں کو جانشین ِامیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہنے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کائی 17 صفحات کا رسالہ ”اعلیٰ حضرت اور امیر اہلسنت“ پڑھ یا سُن لے اُسے اپنے ولی کامل اعلیٰ حضرت امام اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے فیضانِ رضا سے مالا مال فرماکر بے حساب مغفرت سے نواز دے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَم ِالنَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔