دعوت اسلامی کے زیر اہتمام29 مئی 2021ء کی شب  عالمی مدنی مرکز فیضان کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال : ہمیں دِین ِ اسلام کی دُرست معلومات کس سے حاصل ہوں گی ؟

جواب :عاشقان ِرسول عُلماءسے ہوں گی ،عُلماءکے قدموں سے لگےرہیں ،جوعلماءفرمائیں ہمیں وہی مانناچاہئے ،علماہی رہنمائی کرسکتے ہیں ،دِین علماءسے ملے گا۔

سوال : کیا یہ دعاکرسکتےہیں کہ ”جہاں میں شادی کرناچاہتاہوں وہاں میری شادی ہوجائے“ ؟

جواب:عافیّت اسی میں ہے کہ یہ دُعاکرےکہ” جہاں میرے حق میں بہترہے وہا ں میری شادی ہوجائے“، اللہ پاک سے ہمیشہ عافیت مانگنی چاہئے ۔عافیت کا معنی ہے" سلامتی اوربہتری "۔یہ دعامانگی جائے : اَللّٰهُمَّ اِنِّي أَسْأَلُكَ الْمُعَافَاةَ فِي الدُّنْيَا وَالآخِرَةِ (اے اللہ! میں تجھ سے دنیا اور آخرت کی عافیت کا طلب گار ہوں)(سنن ابن ماجہ،حدیث:۳۸۵۱)

سوال: کیا حنفی ،شافعی ،مالکی اورحنبلی آپس میں بھائی بھائی ہیں ؟

جواب:جی ہاں ! چاروں امام برحق ہیں ،چاروں نے قرآن وحدیث سے ہی مسائل نکالے ہیں ،یہ اس درجے کے علما تھے جو قرآن وحدیث سے مسائل کااستنباط کرسکتے تھے،یعنی نکال سکتے تھے ،ان میں یہ صلاحیت تھی ،مجتہد کی تعریف اِن پر پوری اُترتی تھی ،یہ مجتہدِ مُطلق تھے ،اسی لیے ہم چاروں کو مانتے ہیں ،جو قرآن وحدیث سے مسائل نہ نکالے ہم اسے مانتے ہی نہیں ،اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ بڑے وسیع الظرف تھے ،آپ فرماتےہیں:’’ یہ چاروں اماموں کے ماننے والے آپس میں سگے بھائی ہیں ۔‘‘ہاں ایک بات یادرہے! پیروی ان میں سے ایک امام کی ہی کرنی ہے ۔ہم حنفی ہیں تو صرف حنفی ہیں۔

سوال: لوگ نشے کے عادی کیوں ہوجاتے ہیں ؟

جواب:عام طورپر بُری صحبت سے لوگ نشے میں مبتلاہوجاتے ہیں ،والدین کوچاہیے کہ بچوں کو بُری صحبت کی نفرت دلائیں ۔

سوال: سنت پرعمل کرنے میں کیافائدہ ہے؟

جواب: سنت میں عظمت ہے، ہر سنت جنت میں لے جانے والی ہے، ہر سنت میں حکمت اور فائدہ ہے ۔

سوال : ایک ہے جذبہ اور دوسرا ہے جذباتی ہونا ،اس میں کیا فرق ہے؟

جواب :٭جذبہ اچھا بھی ہوتا ہے بُرا بھی ، نیک کاموں کا جذبہ اچھا ہے اور اسے بڑھنا چاہیےجیسے: ’’نیک اعمال‘‘ رسالہ کا مطالعہ کرنے، اس کے خانے پُرکرنے سے نیک اعمال کرنے کا جذبہ بڑھےگا۔٭گناہوں کا جذبہ بُرا ہوتا ہے، گناہوں سے بچنے کےلیے ان کے عذابات کا مطالعہ کریں، بُری صحبت کومکمل چھوڑ دیں ۔ جذباتی ہونایہ بھی دو طرح سے ہے ،ایک یہ کہ ٭شریعت کے خلاف کوئی بات دیکھی اور جذبات مشتعل ہوگئے پر شریعت کی حد نہیں توڑی تو اچھا ہے، لیکن اگرحد توڑی تو بُرا ہے، اس میں اعتدال ہونا چاہیے،٭اور دوسرا ہے اپنی طبیعت کے خلاف چیز دیکھ کر جذباتی ہونا ، اکثر یہی ہوتا ہے لوگوں کی طبیعت کے خلاف کچھ ہوجائے تو وہ جذبات میں آجاتے ہیں بعض اپنے آپ کو مارتے، اپنی چیزیں توڑ دیتے ہیں،یہاں تک کہ خودکشی بھی کردیتے ہیں، جرم کرکے جیل میں چلے جاتے ہیں، طلاق دے کر گھر تباہ کر لیتے ہیں،اپنے آپ کو دنیا میں آزمائش ڈالتے ہیں اور آخرت میں بھی تباہ کرلیتے ہیں۔

سوال : کیانمازنہ پڑھنے سے بھی تنگدستی آتی ہے ؟

جواب :جی ہاں! ہمیشہ نمازجماعت کے ساتھ پڑھنے سے نیک بختی اورتونگری(یعنی دولت مندی)کی برکت حاصل ہوتی ہے ،بدبختی اورمفلسی(یعنی غربت)دوربھاگتی ہے اورجماعت ترک کرنے نیزبالکل نمازنہ پڑھنے سے برکت ختم ہوجاتی ہے۔( فیضانِ نماز ،ص443)

سوال : خارش ہونے کی کیاکیا وجوہات ہیں ؟

جواب:انڈا، مرغی ، گوشت وغیرہ زیادہ کھانے،نیز کھانے پینے میں بے احتیاطی کرنے، بدن کی صفائی کا خیال نہ رکھنے وغیرہ سے خارش ہوسکتی ہے ،اس سے بچنے کے لیے روزانہ غسل کریں ، صرف پانی ڈالنے کے بجائے اچھا صابن ایک دو منٹ لگا کر رکھیں اوراس کے بعد بدن کوخوب مَلیں۔

سوال: مسلمان اپنا کھویا ہوا عروج کیسے حاصل کرسکتےہیں ؟

جواب:عروج کھونے کے اسباب پر غور کریں، مسلمان 313 ہوکر میدانِ بدر میں کامیاب ہوئے جبکہ دشمن ناکام ہوا، مسلمانوں کے پاس جذبۂ ایمانی کا ہتھیار تھا، جیسے جیسےجذبہ ٔایمانی کا ہتھیار کُند(ناکارہ) ہوتا گیا دشمن غالب آتاگیا، مسلمان عروج چاہتے ہیں تو نمازی بن جائیں، دین پرعمل کریں، اللہ کا نام لیں، مایوس نہ ہوں ، اسلامی بہنیں بھی توبہ کریں، سب نیک پرہیزگار، عبادت گزار ، بااخلاق اور ایک دوسرے کے ہمدرد بن جائیں۔ دعوتِ اسلامی مسلمانوں کو عروج دلانے والے کاموں کی دعوت دیتی ہے۔

سوال : جولوگ مختلف پرندے ،جانوروغیرہ پالتے ہیں ،وہ کس بات کا خیال رکھیں ؟

جواب:جولوگ مختلف پرندے ،جانوروغیرہ پالتے ہیں ان پرلازم ہے کہ ان پرندوں اورجانوروں سے بے توجہی نہ کریں، موسمی اثرات سے بچائیں، مکمل خوراک اورپانی دیں، ورنہ آخرت میں پکڑ ہوسکتی ہے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” اپنی پریشانی ظاہر کرنا کیسا؟ ‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” اپنی پریشانی ظاہر کرنا کیسا؟ “ پڑھ یا سن لے، اُسے اپنی رِضا کے لئے مصیبتوں پر صبر اور بہت زیادہ اجر عطا کر اور اُسے جنّت الفردوس میں اپنے پیارے نبی حضرت ایوب علیہ السَّلام کا پڑوس نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم