28نومبر 2020ء  کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوال (کیا چھوٹے بھی بڑو ں کی اِصلاح کرسکتے ہیں؟اگرکرنا چاہیں تو کس طرح کریں؟) کہ جواب میں امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے فرمایا کہموقع محل کے مطابق،حکمتِ عملی سے اصلاح کی جائے،ایک دم چڑھائی نہ کی جائے ۔علماکو نہ سمجھائیں ،غیرعالم یعنی عوام کو انہیں سمجھانا منع ہے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال:مباح کام یعنی وہ کام جس پر نہ ثواب اورنہ گناہ ہے،یہ کام ثواب والاکام کس طرح بن سکتاہے؟

جواب:مباح کام میں ثواب کی نیّت کرلی جائے اوراس نیّت کا مقام ومحل بھی ہوتو یہ ثواب کا کام بن سکتاہے ۔

سوال:قُوتُ القُلوب کتاب کس نےلکھی ہے ؟

جواب:اپنے زمانے کے مجتہدیعنی بہت بڑے عالمِ دین حضرتِ امام ابوطالب مکی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہنے لکھی ہے ،یہ امام غزالیرَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ سے پہلے کے بُزرگ ہیں،امام غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہنے قُوتُ القُلوب سے استفادہ یعنی فائدہ حاصل کیاہے ۔

سوال: جس مقصدکے لیے دُعاکی جائے اوروہ پورانہ ہوتو کیاکرنا چاہئے ؟

جواب دُعامانگتےرہنا چاہئے کیونکہ دُعامانگنا عبادت اورکارِثواب ہے ۔

سوال: حضرت ِآصف بن بَرخَیارَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ ولی تھے یا نبی ؟

جواب:یہ ولی تھے،حضرتِ سلیمان علیہِ السلام کےوزیرتھے،انھوں نے ملکۂ سبا کے تخت کو کرامت دِکھاتے ہوئے پلک جھپکنےمیں یمن سے حضرت ِسلیمان علیہ ِالسلام کےدربارمیں حاضرکیا تھا۔

سوال:کیا آسیب زدہ (جس پر جنّات کے اثرات ہوں)کے سامنےآیۃُ الْکُرْسی نہیں پڑھنی چاہئے ؟

جواب:ضرورپڑھنی چاہئے ،اس سے جِنّ بھاگ جائے گا۔

سوال: سب سے بڑاوظیفہ کیا ہے ؟

جواب:سب سے بڑاوظیفہ پانچ وقت نمازپڑھنا ہے۔

سوال:کیا نابیناؤں(Blinds) کی خدمت کرنی چاہئےاوران کی خدمت کی کیا فضیلت ہے؟

جواب:جی ہاں !نابینا(Blind)کی خدمت کرنا بہت ثواب کا کام ہے، بچپن میں میری بھی نابیناؤں سے دوستی تھی ،انہیں گھرمیں چھوڑکر آتارہا ،یہ کام کافی عرصہ جاری رہا۔(֍)فرمانِ مصطفیٰ(صلی اللہ علیہ والہ وسلم):جس نے کسی نابیناکوایک مِیل تک چلایاتواُسےمِیل کے ہرذِراع(یعنی گز)کےبدلےایک غُلام آزادکرنے کا ثواب ملے گا۔جب تم نابیناکوچلاؤتواُس کااُلٹاہاتھ اپنے سیدھےہاتھ سے تھام لوکہ یہ بھی صدقہ ہے۔ (مسندالفردوس،5/350،حدیث8397) (֍)فرمانِ حضرتِ انس(رضی اللہ عنہ) :جوکسی نابیناکوچالیس(40) قدم ہاتھ پکڑکرچلائےگااُس کے چہرےکوجہنم کی آگ نہیں چُھوئے گی۔(تاریخ مدینہ دمشق لابن عساکر،3/48)

سوال:صبرکے بارے میں آپ کیا فرماتےہیں ؟

جواب: صبر کرنے والوں کے لیے جنّت کی بِشارت ہے اورصبراوّل صدمے میں ہے،بعدمیں تو صبرآہی جاتاہے غم آہستہ آہستہ مدھم ہوجاتاہے پھر اِدھراُدھرخیال لگ جاتاہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ” اللہ پاک کے 99 ناموں کی برکتیں‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی 16صفحات کا رسالہ ” اللہ پاک کے 99 ناموں کی برکتیں “ پڑھ یا سُن لے،اُس کی روزی میں برکت دے، اُس پر دنیا و آخرت میں اپنا خاص فضل و کرم فرما اور اسے بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم