انفرادی طورپر جوقربانی کی جاتی ہے، اِس سے زیادہ مسائل اوراحتیاطیں  ’’اجتماعی قربانی‘‘میں ہیں ،میری تاکیدہے کہ اجتماعی قربانی وہی کریں جو علمائےاہلِ سُنّت کے زیرِسایہ یہ کام سرانجام دیں ،جو لوگ عُلماسے بے نیازہیں اوراجتماعی قربانی کررہے ہوں تو ان کے ساتھ قربانی کا حصہ نہ ڈالاجائے ۔مکتبۃ المدینہ کا رسالہ ’’اجتماعی قربانی کے مدنی پھول‘‘کا بھی مُطالَعہ کریں لیکن اس کا مُطالَعہ کافی نہیں ،عُلماسے سمجھنا بہت ضروری ہے ۔دعوتِ اسلامی کے تحت جو اجتماعی قربانی کی جاتی ہے، اس کا م کوسرانجام دینے والوں کی دارالافتااہلسنّت کےمفتیان ِکرام وغیرہ تربیت کرتے ہیں ۔ یہ کہنا تھا عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا جو گزشتہ رات مدنی مذاکرے میں گفتگو فرمارہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں آپ کا کہنا تھا کہ دنیاوی امراض سے جسم متاثرہوتاہے مگرگناہوں کے امراض سے ایمان ضائع ہونےکا اندیشہ ہے۔جس طرح ہم دُنیاوی امراض سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں اس سے زیادہ گُناہوں کے امراض سے بچنا چاہئے۔

مدنی مذاکرے کے چند منتخب مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:بخارکادرجہ حرارت کتنا ہوتو اُسے تیز بخارکہتےہیں اورسب سے پہلے کس کو بخارہوا؟

جواب: بخارکادرجہ حرارت102°F ہوتواُسےتیزبخارکہتےہیں اورسب سے پہلےشیر(Lion)کوبخارہواتھا۔

سوال:کس مرض کو مرضُ الانبیا کہا جاتاہے؟

جواب:بخارکومرضُ الانبیا کہا جاتاہے،ہمارےپیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمنے بخارمیں ہی وصالِ ظاہری فرمایا۔

سوال:بارش کے وقت کون سی دُعاپڑھی جائے اوراس وقت دُعاکرنےکی کیا فضیلت ہے؟

جواب: یہ دُعاپڑھی جائے :اَللّٰھُمَّ صَیِّبًا نَّافِعًا ۔(ترجمہ: اے اللہ! خوشحال کرنے والی بارش برسا) بارش کے وقت دُعا قبولیت کے زیادہ قریب ہے۔

سوال:کیا ہردُنیاوی نعمت میں زحمت بھی ہے؟

جواب:عموماًہردنیاوی نعمت کے ساتھ زَحمت(تکلیف)بھی لگی ہوتی ہے ،پھول کے ساتھ کانٹابھی ہوتاہے۔بعض اوقات نعمت والاتکبُرکاشِکاربھی ہوسکتاہے،اسی طرح ہردُنیاوی کمال کوزوال ہے۔اللہ پاک ہرحال میں ہمیں عاجزی کرنےاوراپنی بارگاہ میں جھکنے والا بنائے۔

سوال: بچے بازارکی چیزیں کھائیں تو اس کےکیا نقصانات ہیں ؟

جواب:بازاری چیزیں بچوں کی صحت کو نقصان پہنچاتی ہیں ،بھوک کم لگتی ہے، جس کی وجہ سے وہ کھانے والی چیزیں مثلاً پھل فروٹ اورکھانا وغیرہ نہیں کھاتےاورکمزورہوجاتے ہیں ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ کعبے کے بارے میں دِلچسپ مُعلوماتپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی؟

جواب:یا الٰہی! جو کوئی رِسالہ کعبے کے بارے میں دِلچسپ مُعلوماتکے 25 صفحات پڑھ یا سُن لے، اُس کو برسات میں طوافِ کعبہ کی سعادت عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم