14 مارچ 2020ء کی شب دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات حکمت بھرے جوابات دیئے۔ اس مدنی مذاکرے میں دنیابھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: قرآن ِ کریم کے بعد سند کے اعتبار سے کون سی کتاب افضل ہے؟

جواب: حدیثِ پاک کی کتاب "بخاری شریف" کا۔

سوال:ختمِ بخاری شریف کے کیا فوائد ہیں ؟

جواب:مشکلات کے حل کے لیے ختمِ بخاری مُجرَّب (تجربہ شدہ )ہے۔ختم ِبخاری شریف کےوسیلے سے بارش ہونے کے واقعات بھی ہیں ۔ختمِ بخاری شریف کے اجتماع میں کئی بزرگوں کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا دیدارنصیب ہوا۔

سوال:کیا چھوٹی سے چھوٹی نیکی بھی نہیں چھوڑنی چاہئے؟

جواب:نہیں چھوڑنی چاہئے،بزرگ فرماتے ہیں ،’’ نیکی کو چھوٹا سمجھ کر نہ چھوڑیئے ،شاید یہی مغفرت کا سبب ہوجائے۔‘‘

سوال:کرونا وائرس( Coronavirus)سے بچانے کے لیے زیادہ حفاظتی اِقدامات کس کے لیے کئے جائیں؟

جواب:جس میں قوتِ مدافعت(یعنی جس میں بیماری کا مقابلہ کرنے کی طاقت) کم ہو،جیسے بوڑھے اور5سال سےکم عمرکے بچے،انہیں کرونا وائرس سے بچانے کی زیادہ ضرورت ہے، جوانوں کوبھی بچنا ہے۔

سوال:آفتوں بالخصوص کرونا وائرس( Coronavirus)سےبچنے کے لیے کوئی وظیفہ ارشادفرمادیں ۔

جواب:نمازِعصرکا وقت شروع ہونے سے مغرب تک7 مرتبہ یَا وَکِیْلُ کا وِرد کریں ۔اسی طرح ہر درد کی دعا ہے صَلِّ عَلٰی مُحَمَّد ، درود ِپاک بھی بڑا وظیفہ ہے۔

سوال:خوف اورڈرکے تعلق سےہمیں کیا کرنا چاہئے ؟

جواب:جس سے بھی ڈریں یا کوئی بھی خوف یاڈرہو وہ ’’خوفِ خدا‘‘ کے سائے میں ہوناچاہئے ۔مثلاً ماں باپ سے ڈریں تو اس لیے کہ اگران کی نافرمانی ہوگئی تو اللہ پاک ناراض ہوجائے گا کیونکہ اس نے والدین کی اطاعت کا حکم دیا ہے وغیرہ۔

سوال: کیا ہمیں ہر اس کام سے بچنا چاہئے جس سے عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی پر حرف آئے اورہم بھی آزمائش میں آجائیں جیسے قرض لے کرحج یا عمرہ کے لیے جانااورقرض کی ادائیگی نہ کرنا وغیرہ ۔

جواب:جی ہاں ! ہم دعوتِ اسلامی والوں کو قرض لینے سے منع کرتے ہیں کیونکہ قرض کی ادائیگی عموماً وقت پر نہیں ہوپاتی جس کی وجہ سے آزمائش ہوتی ہے۔

سوال:جب ہمارے موبائل پر کوئی خبر آئے تو ہمیں اس پر غورکرکے آگے بھیجنا (Forwardکرنا)چاہئے یا اس پر غورکرنا چاہئے کہ آگے بھیجیں یا نہیں ؟

جواب: پہلے غور کریں کہ یہ خبر/پوسٹ سچی بھی ہے یا نہیں؟ نیز آگے بڑھانے میں ثواب ہے یا نہیں ؟اگرسچاہونے کا یقین اورثواب کی امیدہو تو آگے بڑھائی جائے۔

سوال:کیا بچوں کو شرارتیں کرنی چاہئیں یا نہیں ؟

جواب:بچوں کوشرارتیں نہیں کرنی چاہئیں ،جوبچہ شرارتیں کرتاہے لوگوں کی نظر سے بھی گِر جاتا ہے اور جو بڑا بھی شرارت کرتا ہے تو اس کی ہیبت اور وقار ختم ہوجاتا ہے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’جنّت کا انوکھا درخت‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی رسالہ ’’جنّت کا انوکھا دَرَخْت ‘‘ کے 12 صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کو نفل روزوں کا جذبہ دے اور جنت کے انوکھے درخت کے پھل جنت میں کھانا نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

رجب میں یہ دُعا پڑھنا سُنّت ہے:اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ رَجَبٍ وَّشَعْبَانَ وَبَلِّغْنَارَمَضَان:اے اللہ!تُو ہمارے لیے رجب اور شعبان میں برکتیں عطا فرمااورہمیں رمضان تک پہنچا۔(المعجم الاوسط للطبرانی ج3ص85حدیث:3939)