عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 14 اپریل2021ء کو بعد نماز عصر مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے مدنی چینل کے ناظرین کو مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال:72 نیک اعمال میں ٹریفک قوانین پر عمل کرنابھی شامل ہے، اس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب: ٹریفک قوانین ہمارے فائدے کے لیے ہیں ،ان قوانین پر عمل کرنا چاہئے ،ان قوانین پر عمل کرنے کو اچھاعمل ہی کہا جائے گا۔

سوال : کیا ماہِ رمضان میں گناہوں کی شدت بڑھ جاتی ہے؟

جواب: جی ہاں!جس طرح ماہِ رمضان میں نیکی کا ثواب بڑھ جاتاہے ،اسی طرح گناہوں کی شدت بھی بڑھ جاتی ہے ۔

سوال: جومذاق کرے اس کے ساتھ ہمارارویّہ کیساہوناچاہئے ؟

جواب: اگرآپ ردِّ عمل دیں گے یاصرف گھُورکے دیکھیں گےبھی تو اُسے مزہ آئے گا،اس لیے آپ نظر انداز(Ignore)کردیں ،اگرہوسکے تو مسکرادیں ، اس پروہ شرمندہ ہوکرچلاجائے گا،البتہ مذاق کرنے والا گنہگارہوگا،کیونکہ جس کا مذاق اُڑایاجاتاہے اس کی دل آزاری ہوتی اوراِیذاپہنچتی ہے ۔جس نےکسی کا مذاق اُڑایا ہواُسے تلاش کرکے معافی مانگی جائے ،اللہ پاک کی بارگاہ میں بھی توبہ کی جائے۔

سوال: نرمی کےکیا فوائدہیں؟

جواب:دِین ودُنیا کے کام نرمی سے ہوتے ہیں ،نیکی کی دعوت دینےکے لیے نرم گفتگوکریں ،ہم اللہ پاک کی رضا کے لیے نرمی اختیارکریں تو ثواب بھی ملے گا۔

سوال: کیا روزہ کھولنے کےبعدگناہ کرسکتے ہیں ؟

جواب: توبہ توبہ ! رمضان ہمیں پاک کرنے کے لیے آیا ہے ،ذہن بنا لیں کہ گناہ کی طرف رخ ہی نہیں کرنا ، ہرگناہ جہنم میں لےجانے والاہے

سوال: کیا رنگوں کے بھی اثرات ہوتے ہیں،پیلا(Yellow)جوتاپہننے کاکیافائدہ ہے ؟

جواب: جی ہاں!رنگوں کے اپنے اثرات ہوتے ہیں ،لوگوں کو مختلف رنگ اچھےلگتےہیں،عاشقانِ رسول کو سبزگنبدکی نسبت سے سبزرنگ اچھا لگتاہے۔ حضرتِ علی رضی اللہ عنہ پیلے رنگ(Yellow Color) کے جُوتے پہننے کی ترغیب دلاتے اور فرماتے :جس نے پیلے رنگ(Yellow Color) کا جُوتا پہنا اُس کے غم کم ہوں   گے ۔ (رُوْحُ الْمَعَانی ،۱/۳۹۲ ) حضرتِ عبداللہ بن زبیر اور حضرت یحییٰ بن کثیررَضِیَ اللہُ عَنْہُمَانے سیاہ جُوتے پہننے سے منع فرمایا کیونکہ یہ غَم کا باعِث ہوتے ہیں۔(تفسیرِ قرطبی ،۱/۳۶۳ )

سوال: ماہِ رمضان میں فوت ہونے والےکوبھی کوئی فائدہ ہوتاہے؟

جواب: ماہ رمضان میں فوت ہونے والاسوالاتِ قبرسےامان پاتا اورعذاب قبرسے بچ جاتاہےاورجنت کا حق دارقرارپاتاہے۔(فیضان سنت،1/ 903)

سوال: دعوتِ اسلامی کے لیے جو چندہ(Donation) اکٹھاکررہے ہیں ،دے رہے ہیں ،دلوارہے ہیں، ان کے لیےدُعا فرمادیں ؟

جواب : یااللہ !انہیں سلامتیِ ایمان عطافرما،رمضانِ مدینہ کی سعادت دے اوران کی بےحساب مغفرت فرما۔امین۔

سوال : آپ نگرانِ شوریٰ حاجی عمران کو شیرکیوں کہتے ہیں ؟

جواب: شیرکہنا اِستعارہ ہے جب کسی کو شیرکہاجاتاہےتو اس سے مرادیہ ہوتاہے کہ وہ بہادرہے ۔

سوال: جب حضرت شعبا ن راعی رحمۃ اللہ علیہ کو بتایا گیاکہ راستے میں شیرکھڑاہے،جس کی وجہ سےراستہ بند ہےتو آپ نے کیا کیا؟

جواب: آپ اُس شیرکے پاس تشریف لے گئے اوراُس کا کان پکڑکر راستے سےہٹادیا ۔

سوال: کیانابالغ بچے سے دعاکروانی چاہئے ؟

جواب : جی ہاں ! حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ مدینہ شریف کے بچوں سے فرماتے تھے کہ بچّو! دُعاکروعمربخشاجائے ۔

سوال : کیا نام کے بھی اثرات ہوتےہیں ؟

جواب: جی ہاں! نام کے اثرات ہوتے ہیں، حدیثوں میں اس کا ذکرہے،نام وہ رکھا جائے جس کا مطلب اچھاہو۔

سوال: حضرت سعیدبن مسیّب رحمۃ اللہ علیہ کون تھے؟

جواب:حضرت سعیدبن مسیّب بن حَزن قرشی رحمۃ اللہ علیہ تابعی بزرگ اورولی اللہ ہیں ،ان کے والداورداداصحابی تھے ۔