10 اپریل 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے بذریعہ مدنی چینل براہ راست مدنی مذاکرے کا انعقاد کیاگیاجس میں بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مدنی مذاکرے میں کئے گئے سوال ”بندے کو تکلیف یا پریشانی آئے تو اس کا اندازکیا ہونا چاہئے؟“ کا جواب دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ بندےکوچاہیئے کہ پریشانی سے نہ گھبرائے ،دل بڑارکھے۔کچھ نہ کچھ پریشانیاں آتی رہتی ہیں ،اس لیے ان پرصبرکرے، پریشانی آنے سے تو بندہ اللہ پاک کا ذکرکرتاہے، اُسے یاد کرتاہے ،اِس سے غروربھی دُورہوتاہے۔ جوشخص ہنس مکھ،شکوہ شکایت نہ کرنے والاہوتاہے لوگ بھی اُس سے محبت کرتے ہیں ۔

سوال : کیاجھوٹ بولنے اوربہانہ بنانےمیں فرق ہے؟

جواب :جی ہاں فر ق ہے ،ایک تو بہانہ جھوٹ پر مشتمل ہوتاہےاوریہ گناہ ہے،بعض اوقات بہانہ سبب کے معنی میں ہوتاہے ۔ جیسے فارسی شعرہے :

رَحْمتِ حق’’ بہا‘‘ نہ می جوید

رَحْمتِ حق ’’ بہا نہ‘‘ می جوید

یعنی اللہ پاک کی رَحمت ’’ بہا ‘‘ یعنی قیمت نہیں مانگتی ۔اللہ پاک  کی رَحْمت تو ’’بہانہ ‘‘ڈھونڈتی ہے۔

سوال : مسلمانوں کے ساتھ کیساسلوک کرناچاہئے ؟

جواب: ہرمسلمان کے ساتھ ہمدردی اورپیاربھراسلوک کرنا چاہئے، کسی کا دل نہیں دکھاناچاہئے ۔

سوال: اولادکارویہ اپنے ماں باپ کے ساتھ کیساہو ؟

جواب: اولادکو اپنے ماں باپ کی فرمانبرداری ہی کرنی ہے ،ان کے سامنےآوازبلند نہ کی جائے،کوئی ایساکام نہ کیا جائے جس سےانہیں تکلیف پہنچے۔ ماں باپ کا دل دُکھانے والااس دنیامیں بھی ذلیل وخوارہوتاہے اورآخرت میں عذاب ِنارکا حق دارہوتاہے۔ماں کے قدموں تلےجنت ہے،ایک حدیث پاک میں ہے کہ جنت والدین کے قدموں تلےہے،ایک اورحدیث میں ہے کہ باپ کی رضا اللہ پاک کی رضا اورباپ کی ناراضی اللہ کی ناراضی ہے۔

سوال: ماہِ رمضان میں مہنگائی بڑھ جاتی ہے، آپ تاجروں کو کیافرماتے ہیں ؟

جواب: دِین خیرخواہی وبھلائی کا نام ہے ،ساراسال مسلمان کےساتھ ہمدردی کریں،تاجروں کو چاہئے کہ سب کوسستابیچیں ،اس سےآپ کی عزت بڑھےگی،گاہک بھی زیادہ ہوں گے ،آپ کا کاروبار بھی ترقی کرےگا۔

سوال: ہر3 ماہ بعددعوتِ اسلامی کاعربی ڈیپارٹمنٹ عربی میں رسالہ’’ نَفحَاتُ المدینہ ‘‘شائع کرے گا،اس کا پہلارسالہ شائع ہوچکا ہے، اس کے بارے میں امیراہلسنت نے کیا ارشادفرمایا؟

جواب: ’’ نَفحَاتُ المدینہ ‘‘عربی رسالہ ہےجو ہر3 مہینے بعدجاری ہوگا، اسلامی بھائی بالخصوص عربیوں کوبطورِ تحفہ دیں ،مَیں اس کا پہلا گاہک بنتاہوں ،یااللہ پاک ! جوکوئی ایک سال کے لیے’’ نَفحَاتُ المدینہ ‘‘ بُک کروالے،مرنے سے پہلے اسے پیارے حبیب صل اللہ علیہ والہ وسلم کی زیارت نصیب فرما ،یہ دعااُس کے حق میں بھی قبول فرماجسے عربی آتی ہویا نہ آتی ہو،کسی عربی یا عالم صاحب کو تحفۃًدے ۔

سوال : آپ حاجی مشتاق عطاری رحمۃ اللہ علیہ سے کیوں محبت کرتے ہیں؟

جواب :حاجی مشتاق عطاری رحمۃ اللہ علیہ A گریڈ کےنعت خواں تھے ، لیکن یہ (نعت پڑھنےپر)کوئی پائی پیسہ نہیں لیتے تھے ،یہ واحدنعت خواں تھےجو بہترین مبلغ بھی تھے،طریقت کو سمجھتے تھے ،میرے بہت قریب تھے ، تنظیمی ذہن رکھتے تھے،یوں ان سےمحبت ہوگئی۔اراکینِ شوریٰ دعوتِ اسلامی کی کریم ہیں ، میں نے انہیں مرکزی مجلس ِشوریٰ کا نگران بنادیا۔حاجی مشاق اورسیدعبدالقادرباپوشریف دونوں کا 29 شعبان المعظم کو انتقال ہوا،یہ دونوں دعوت ِاسلامی کے محسنین میں سے ہیں ، جتنا اللہ پاک نےچاہاانہوں نے دعوتِ اسلامی کا بڑا کام کیا ۔اللہ پاک انہیں جنت میں پیارےحبیبصلی اللہ علیہ والہ وسلم کا پڑوس نصیب فرمائے۔

سوال : کون سادُرُودشریف پڑھ سکتے ہیں ، صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم یا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَالِہٖ وَسَلَّم ؟

جواب: دونوں پڑھ سکتے ہیں لیکن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَالِہٖ وَسَلَّم پڑھنے سے ثواب بڑھ جائے گاکہ اس میں آل پربھی دُرُودپڑھا گیا ہے،وَاَصْحَابِہٖ بڑھا دیں گے تو ثواب مزید بڑھ جائے گا ۔

سوال: طوطاذکرودُرُودپڑھے تو کیا اُسے ثواب ملتاہے اورجب وہ سلام کرے تو اس کا جواب دینا واجب ہے؟

جواب: اسے ثواب نہیں ملتااورنہ ہی اس کے سلام کاجواب دینا واجب ہے ۔

سوال: اچھی صحبت کاکیا فائدہ ہے؟

جواب: صحبت اثررکھتی ہے ، اچھے مسلمانوں کی صحبت میں رہیں گےتو اچھے ہوجائیں گے ،نعتیں پڑھنے والے بن جائیں گے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ” ماہِ رمضان اور امیرِ اہلِ سنت پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین ِ امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ !جو کوئی 27 صفحات کا رسالہ ” ماہِ رمضان اور امیرِ اہلِ سنت “ پڑھ یا سُن لےاُسے عاشقِ رمضان المبارک امیرِ اہلِ سنت کے صدقے رمضان المبارک کا حقیقی قدر دان بناکر فیضانِ رمضان سے مالا مال فرما اور رمضان المبارک کو اس کی بے حساب بخشش کا ذریعہ بنا۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم