اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰنکا وِصالِ پُرملال 25 صفر المظفّر 1340ھ کو ہوا۔رواں سال 1440ھ میں آپ کے وصال کو 100 سال پورے ہوئے۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّدنیا بھر کے عاشقانِ رضا نے 100سالہ عرسِ اعلیٰ حضرت
دھوم دھام سے منایا۔ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت بھی 100سالہ
عرسِ اعلیٰ حضرت بڑی شان و شوکت سے منایا گیا جس کی کچھ جھلکیاں یہ ہیں: فاتحہ خوانی شیخِ طریقت
امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے 25 صفرالمظفّر 1440ھ کو اپنے گھر(بیت البقیع) کے
جنّت ہال میں اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب کے سلسلے میں
فاتحہ خوانی کی اور دعا فرمائی جس میں کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی،اختتام پر
لنگرِ رضویہ کا سلسلہ بھی ہوا۔ مدنی مذاکرہ ٭صفر المظفّر
کی 25 ویں رات عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں
مدنی مذاکرے سے قبل جلوسِ رضویہ کا سلسلہ ہوا جس میں عاشقِ اعلیٰ حضرت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے باادب انداز میں شرکت فرمائی بعد ازاں مدنی مذاکرے میں مدنی پھول عطا
فرمائے جن میں سے چند درج ذیل ہیں:٭اللہ کی رحمت سے جب سے اعلیٰ حضرت کا تذکرہ
سنا،ان کی مَحَبّت کا بیج دل میں جڑ پکڑ کر تَناوَر درخت بن گیا،تحدیثِ نعمت کے
طور پر عرض کرتا ہوں کہ آج ایک دنیا اس درخت کا پھل کھارہی ہے۔ ٭ عالم و مفتی تو
بہت ہوئے ہیں لیکن میرے اعلیٰ حضرت جیسا کوئی ہو تو بتائیں۔مجھے نہیں لگتا کہ
پچھلے دو چارسو سال میں اعلیٰ حضرت جیسا کوئی پیدا ہوا ہو۔ ٭دعوتِ اسلامی والوں کو
سیّدوں کے ادب کا جو شعور ملا وہ فیضانِ رضا ہے۔٭اللہ کریم نے دنیا
میں ہمیں اعلیٰ حضرت کے فیوض و برکات سے مالا مال فرمایا، آخرت میں بھی ہمیں محروم
نہ فرمائے۔یاد رہے! عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہونے والے اس مدنی مذاکرے
میں 7000سے زائد اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ مدنی چینل کی خصوصی نشریات فیضانِ
اعلیٰ حضرت: مدنی چینل کی جانب سے یکم تا 23 صفرالمظفرّ 1440ھ براہِ راست سلسلہ (Live Program) ”فیضانِ اعلیٰ حضرت“ پیش کیا گیا جس میں مُبلّغینِ دعوتِ اسلامی نے سیرتِ اعلیٰ حضرت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ اس
سلسلے (Program) میں مدرسۃ المدینہ کے حفّاظِ کرام کے درمیان مدنی
مقابلہ ”ذوقِ قراٰن“ اور دعوتِ اسلامی
کی مختلف مجالس کے درمیان مدنی مقابلہ ”ذوقِ نعت“ بھی ہوا۔مدنی مقابلے ذوقِ نعت کا
فائنل 23 صفرالمظفّر 1440ھ کو عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی
کے وسیع و عریض صحن میں ہوا جس میں مجلس خصوصی اسلامی بھائی کامیاب رہی۔ فیضانِ امام
اہلِ سنّت کی اشاعت اعلیٰ حضرت، امامِ
اہلِ سنّت رحمۃ اللہ
علیہ کے 100 سالہ عرس
کے موقَع پر دعوتِ اسلامی کی مجلس ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کی جانب سے امامِ اہلِ
سنّت رحمۃ اللہ علیہ
کی حیاتِ مبارَکہ کے کثیر پہلوؤں کو اجاگر کرتاہوا تقریباً 57 مضامین اور 252
صفحات پر مشتمل ایک خصوصی شمارہ بنام ”فیضانِ امامِ اہلِ سنّت“پاک
و ہند میں بیک وقت کم و بیش 7100 کی تعداد میں شائع کیا گیا۔ سیرتِ اعلیٰ حضرت کے
مختلف گوشوں پر مشتمل اس خصوصی شمارے کی اِشاعت پر اراکینِ شوریٰ، ملک و بیرونِ
ملک سے عُلَما و مفتیانِ کرام اور دیگر ذِمّہ داران کی جانب سے مبارَک باد کے پیغامات
موصول ہوئے جنہوں نے مجلس ”ماہنامہ فیضانِ
مدینہ“ کے لئے اپنی نیک دعاؤں کا اظہار کیا۔ یہ خصوصی شمارہ مزارِ اعلیٰ حضرت
بریلی شریف ہند میں ہونے والی عرسِ رضوی کی مرکزی تقریب میں٭حضرت مولانا
سبحان رضا خان سبحانی میاں صاحب (سجادہ
نشین درگاہِ اعلیٰ حضرت بریلی شریف) ٭حضرت مولانا پروفیسر سیّد امین میاں برکاتی صاحب (سجادہ نشین خانقاہِ برکاتیہ مارہرہ شریف و
بانی البرکات علی گڑھ) ٭حضرت مولانا منّان رضا خان منّانی میاں صاحب (برادرِ تاج ُ الشریعہ بریلی شریف، بانی و سرپرست
جامعہ نوریہ رضویہ بریلی شریف) ٭حضرت مولانا مفتی محمد عسجد رضا خان قادری رضوی صاحب (جانشین و شہزادۂ تاجُ الشّریعہ و سرپرستِ
اعلیٰ جامعۃ الرضا بریلی شریف) سمیت
کثیر عُلَمائے کرام، سجادہ نشین اور شخصیات کو پیش کیا گیا جس پر انہوں نے مَسرت
کا اظہار کیا۔ سنّتوں
بھرے اجتماعات ملک بھر کئی مساجد میں 25 صفرالمظفّر کو
100 سالہ عرسِ اعلیٰ حضرت کی مناسَبت سے محافل ہوئیں جبکہ موصول ہونے والی
کارکردگی کے مطابق بڑی سطح پر 775 مقامات پر اجتماعاتِ ذکر و نعت ہوئے جن میں کم و بیش ایک لاکھ 17
ہزار 990 سے زائد عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ بیرون ِ ملک اجتماعاتِ عرسِ رضا وطنِ
عزیز پاکستان کی طرح بیرونِ ممالک میں بھی عاشقانِ رضا نے 100 سالہ عرسِ اعلیٰ
حضرت کے سلسلے میں محافل سجاکر اعلیٰ حضرت سے اپنی عقیدت و مَحبّت کا اظہار کیا۔مجلس
بیرونِ ممالک کی جانب سے موصول ہونے والی کارکردگی کے مطابق عرب شریف، ہند، نیپال،
بنگلہ دیش، بحرین،بیلجیئم، فرانس، اٹلی، اسپین، ناروے، سویڈن، ڈنمارک، آسٹریا،
گریس، ہالینڈ، ساؤتھ افریقہ، موزمبیق، ماریشیس، یوکے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ، تھائی
لینڈ، سری لنکا، جاپان، امریکا، کینیڈا،
آسٹریلیا، عمان، عرب امارات، ترکی، زامبیا، کینیا، تنزانیہ، ملاوی، قطر، کویت، ساؤتھ
کوریا، ملائیشیا، سوڈان اور نیوزی لینڈ میں اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں عاشقانِ
رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس
جامعۃ المدینہ مجلس جامعۃ المدینہ کے تحت 24 صفر المظفّر 1440ھ بروز جمعہ عالَمی
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ کراچی کے وسیع و عریض صحن میں ایک عظیم الشّان
اجتماع منعقد کیا گیا جس میں مقابلۂ حسنِ قرأت، حفظِ
قرآن، حسنِ بیان، ذہنی آزمائش،حسنِ
نعت،علمی مُباحَثہ، اساتِذۂ کرام کے بیانات، سامعین سے سوالات، عَرَبی سلسلہ، رضوی
کمپیوٹر اور تعارفِ رسائلِ رضویہ کے مختلف مرحلے (Segments) ہوئے۔
اس اجتماع میں بھی عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مکتبۃ المدینہ کی خصوصی رعایتی آفر دعوتِ اسلامی
کے اشاعتی ادارہ مکتبۃ المدینہ نے 100 سالہ عرسِ اعلیٰ حضرت کے موقع پر عاشقانِ
اعلیٰ حضرت کے لئے اپنی مطبوعات پر%20
ڈسکاؤنٹ رکھا ۔ یہ رعایتی پیشکش تین دن تک پاکستان بھر میں مکتبۃ المدینہ کی تمام
شاخوں پر
جاری رہی جس سے عُلَمائے کرام، طَلَبائے کرام اور دیگر اسلامی بھائیوں نے فائدہ
اٹھایا۔ وقتِ وصال فاتحہ خوانی:اعلیٰ حضرت رحمۃ
اللہ علیہ کا وصال 25 صفر المظفّر (پاکستان کے وقت کے
مطابق)دوپہر 2
بج کر8
منٹ پر ہوا تھا۔ دعوتِ اسلامی کے عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ
کراچی میں اعلیٰ حضرت کے عَین وقتِ وصال پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ ہوا ،نگرانِ
شوریٰ حضرت مولانا محمد عمران عطّاری مَدَّظِلُّہُ
الْعَالِی نے دعا کروائی اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔