سری لنکا کے مقامی زبان تَمِل میں کُتُب و رسائل
ٹرانسلیٹ کروانے کے سلسلے میں مدنی مشورہ
دعوتِ اسلامی مختلف زبانوں میں نیکی کی دعوت عام
کرنے ، لوگوں کی اصلاح کرنے اور انہیں
اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنےوالی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک ہے۔
اسی سلسلے میں 16 جنوری 2026ء کو سری لنکا کے
مقامی زبان تَمِل میں کُتُب و رسائل ٹرانسلیٹ کروانے کے سلسلے میں مدنی مشورہ ہوا
جس میں مقامی ذمہ دار اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔
اس مدنی مشورے میں صاحبزادیِ عطار سلمہا الغفار اور نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت نے ذمہ دار اسلامی بہنوں
سے چند اہم نکات پر گفتگو کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کُتُب و رسائل تَمِل زبان میں تحریری و آڈیو ٹرانسلیٹ کرنے پر تبادلۂ خیال
کیا۔
سری لنکا کے علاقے Wattala میں اسلامی بہن کی رہائش گاہ پر سیکھنے سکھانے
کا حلقہ
18 جنوری 2026ء کو صوبہ ویسٹرن، سری لنکا کے
علاقے Wattala میں ایک اسلامی بہن کی رہائش گاہ پر سیکھنے
سکھانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں صاحبزادیِ عطار سلمہا الغفار اور نگرانِ عالمی مجلسِ مشاورت کی خصوصی شرکت ہوئی جبکہ دینی ماحول سے
وابستہ دیگر اسلامی بہنیں بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر صاحبزادیِ عطار سلمہا الغفار نے وہاں موجود اسلامی بہنوں کی تنظیمی اعتبار سے تربیت
کرتے ہوئے انہیں تنظیمی ذمہ داریاں دیں اور اجتماعات شروع کرنے کا طریقۂ کار
بتایا۔
اس کے علاوہ صاحبزادیِ عطار سلمہا الغفار نے دعوتِ اسلامی کے تنظیمی طریقۂ کار کے مطابق ہفتہ
وار اجتماع شروع کرنے کے لئے کوششیں کرنے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ترغیب
دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔
راہِ
خدا میں دینا صرف فاضل چیزوں سے جان چھڑانے کا نام نہیں، بلکہ اصل عطا وہ ہے جو دل
کو محبوب ہو۔ انسان کی فطرت ہے کہ وہ اپنی پسندیدہ چیز کو سنبھال کر رکھتا ہے، مگر
جب وہی پسندیدہ چیز اللہ کی رضا کے لئے پیش کر دے تو یہ ایمان کی بلندی کی علامت
بن جاتی ہے۔
راہِ
خدا میں پیاری چیز دینا دل کی آزمائش بھی ہے اور روح کی پاکیزگی کا ذریعہ بھی۔ کبھی
یہ مال کی صورت میں ہوتا ہے، کبھی وقت، کبھی صلاحیت اور کبھی اپنی خواہش کو قربان
کرنے کی شکل میں۔ جو بندہ اپنی پسند کو رب کی رضا پر قربان کر دیتا ہے، اللہ پاک
اس کے بدلے میں ایسی برکتیں عطا فرماتا ہے جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔
اپنی
پسندیدہ چیز راہِ خدا میں خرچ کرنے کی ترغیب دلانے کے لئے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت
علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے عاشقان رسول کو 13 صفحات کا رسالہ ”راہِ خدا میں پیاری چیز دینا“ پڑھنے
/ سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے / سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔
دعائے عطار
یاربَّ
المصطفٰے ! جو کوئی 13 صفحات کا رسالہ ”راہِ خدا میں پیاری چیز دینا“پڑھ
یا سن لے اُس کے رزق میں برکت اور اُسے اپنی راہ میں خوش دلی سے اپنی چیز دینے کی
توفیق عطا فرماکر ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمین
یہ
رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے
گئے لنک پر کلک کیجئے:
امیرِ اہلِ
سنت کی وطنِ عزیز پاکستان واپسی، آج رات کے حوالے سے خصوصی پیغام
آج 3 فروری 2026ء بمطابق 14 شعبانُ المعظم 1447ھ کو عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی
بنیاد رکھنے والی شخصیت، عاشقِ مصطفیٰ و عاشقِ اعلیٰ حضرت شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت حضرت
علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی
بیرونِ ملک سفر کے بعد وطنِ عزیز پاکستان،
کراچی آمد ہو چکی ہے۔
تفصیلی معلومات کے مطابق مرکزی مجلسِ شوریٰ کے
نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے دیگر کئی اسلامی بھائیوں کے ہمراہ امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی کراچی آمد
کے موقع پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آپ کا استقبال کیا ۔
کراچی ایئر پورٹ سے اپنی رہائش گاہ تک سفر کے دوران امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے تمام عاشقان رسول کو مدنی پھولوں سے نوازا اور آج کی
رات عباتوں میں گزارنے کا ذہن دیا۔
پیغام امیر اہلسنت
حضرت سلمہ بن کہیل رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہ فرماتے
ہیں:ماہِ شعبان کو تلاوتِ قراٰنِ کریم کرنے
والوں کا مہینہ کہا جاتا ہے ،حضرت حبیب بن ابو ثابت رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہ شعبان کے آنے
پر فرماتے:یہ )قراٰنِ کریم کے( قاریوں کا مہینہ ہے، حضرت عمرو بن قیس رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہ ماہِ
شعبانُ المعظم کی آمد پر اپنی دکان بند کردیتے اور تلاوتِ قرآنِ کریم کے لیے خود کو فارغ کردیتے۔ ( ماذا فی شعبان ، ص 44)
آج شعبان شریف کی 14 تاریخ ہے1447ھ اور عصر کے
بعد ان شاء اللہ الکریم عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں
سلسلہ (نفل اعتکاف، نوافل، دعائے نصف شعبان، اجتماعِ شب براءت، مدنی مذاکرہ)شروع ہو جائے گا، میں الحمد للہ اسی میں
شرکت کے لئے بیرونِ ملک سے آیا ہوں، عصر
کی نیت ہے کہ ان شاء اللہ
فیضانِ مدینہ کراچی میں ادا کروں، کثیر اسلامی بھائی روزہ بھی رکھتے ہیں، دعائے
افطار بھی ہے، پھر مغرب کے بعد 6 نوافل اور یٰسین شریف پڑھی جائے گی، اس کے
بعد لنگریہ رضویہ ہوگا تمام اسلامی
بھائیوں کے لئے۔عشا کی نماز کے بعد نگرانِ شوریٰ مناسب وقت پر بیان فرمائیں گے،
پھر نعت شریف، سوال و جواب اور مدنی مذاکرہ جاری رہے گا ان شاء اللہ، آج کی رات سونے والی رات نہیں ہے، سونے (یعنی گولڈ) والی رات ضرور
ہے، یعنی نیکیوں کے گولڈ اکٹھے کرنے ہیں، ان شاء اللہ اس میں آپ کو بڑی بَرکتیں ملیں گی، ضرور عالمی مدنی مرکز
فیضانِ مدینہ کراچی میں تشریف لایئے گااور جو نہیں آسکتے وہ دنیا میں جہاں بھی ہوں
مدنی چینل پر ہمارے ساتھ رہیئے گا۔
اللہ پاک آپ سب کا بھلا کرے، آپ سب کو سکھی رکھے
اور سب کو حج نصیب کرے، میٹھا مدینہ دکھائے، ماں پاب، بال بچوں سمیت بےحساب بخشے۔
صلو
علی الحبیب صلی اللہ علی محمد
31 جنوری 2026ء بمطابق 12 شعبانُ المعظم
1447ھ کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی
مذاکرہ منعقد ہوا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد
نے شرکت کی۔
مدنی مذاکرے کے دوران عاشقانِ رسول کی جانب سے
مختلف سوالات ہوئے جن کے شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت
علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم
و حکمت بھرے جوابات دیئے۔
سوال و جواب کی
تفصیلات:
سوال:ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ”بہترین آنکھ وہ ہے جس سے
انسان اپنے اندر جھانک سکے“، آپ اس کے بارے میں کیا فرماتے ہیں ؟
جواب: بات بالکل درست ہے ،واقعی اپنے اندر جھانکنا یعنی اپنا
محاسبہ کرنا اصلاح کا باعث ہوتا ہے ۔
سوال: ہمیں دینی
مسائل کس سے پوچھنے چاہئیں؟
جواب: دارُالافتاء میں فتاویٰ نویسی کرنے والے مفتیانِ کرام
سے شرعی مسائل پوچھنے میں ہی عافیت
ہے۔دعوتِ اسلامی کے دار الافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام سے شرعی مسئلہ پوچھا کریں ۔
سوال: ایک حافظِ قراٰن ،اپنا حفظ کیسے پکاّ رکھے؟
جواب: کہا جاتا ہے کہ قراٰن پاک حفظ کرنا آسان ہے مگر اسے حفظ
رکھنا مشکل ہے ، روزانہ ایک منزل دوہرائی
ہو جائے تو 7 دن میں قراٰنِ کریم مکمل ہو
جائے گا،ایک مہینے میں 2 قراٰنِ کریم ختم کر لیں ورنہ حافظ اور غیر حافظ سب کو پورے مہینے میں ایک قراٰن
پاک ختم کرنا چاہیئے ۔
سوال:امام محمد رحمۃ اللہ علیہ
کون ہیں ؟
جواب: ؟امام محمد رحمۃ اللہ علیہ
امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے شاگردتھے ،امام اعظم نے انہیں قراٰنِ پاک حفظ کرنے کا فرمایا تو انہوں
نے ایک ہفتے میں پوراقراٰنِ پاک حفظ کرلیا ۔
سوال: کہاجاتاہےکہ ”پہنچی
وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا“ ،کیا جس مٹی سے بندے کا وجود
بناہوتاہے وہ اسی جگہ دفن کیا جاتاہے؟
جواب: جی ہاں !حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما
نے فرمایا: ہر انسان کو اس مٹی میں دفن کیا جاتا ہے جس سے وہ پیدا کیا گیا ہے۔( المصنف عبد الرزاق، 3 /515 ، رقم : 6531
: المکتب
الاسلامی، بيروت )
سوال: خوشبو کس نیت
سے لگانی چاہیئے ؟
جواب: خوشبو لگانے سے پہلےاپنے آپ کو ریاکاری سے بچانے اور
اخلاص پانے کے لئے حسبِ حال اچھی اچھی نیتیں
کر لینی چاہئیں، بالخصوص اللہ پاک کی رضا اور اِتّباعِ سنَّت کی نیت ضرور ہونی چاہیئے۔ اس کے علاوہ یہ
نیتیں بھی کی جا سکتی ہیں مثلاًبِسْمِ اللہ شریف پڑھ کر لگاؤں گا،مُسلمانوں اور فرشتوں کو
خُوشبو سے فَرحَت (یعنی خوشی و سُرور) پہنچاؤں گا ، خود سے بدبُودُور کر کے مسلمانوں کو غیبت
سے بچاؤں گا ، نَماز کے لئے زینت حاصِل
کروں گا ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” رشتے داری کاٹنا حرام ہے“
پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا
دُعا دی ؟
جواب: یا ربِّ کریم ! جو کوئی 20 صفحات کا رسالہ’’ رشتے
داری کاٹنا حرام ہے‘‘ پڑھ یا سُن لے اس کو ہمیشہ رشتہ داروں کے ساتھ اچھا
سُلوک کرتے ہوئے اُنہی کے ساتھ جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
5 شعبان 1447ھ کی رات امیرِ اہلِ سنت نے عاشقانِ رسول کو مدنی
پھولوں سے نوازا
لوگوں کو سنت رسول کا پابند بنانے اور شریعت
مطہرہ کی روشنی میں اُن کی رہنمائی کرنے والہ عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ
اسلامی کے زیرِ اہتمام 24 جنوری 2026ء بمطابق 5 شعبانُ المعظم 1447ھ کو عالمی مدنی
مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔
مدنی مذاکرے میں کراچی مختلف علاقوں سے جبکہ
دنیا بھر کے مختلف ممالک سے بذریعہ مدنی چینل کثیر عاشقانِ رسول شریک ہوئے اور دینی، اخلاقی، معاشرتی و شرعی مسائل کے
حوالے سے سوالات کئے۔
اس دوران شیخِ طریقت،
امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر
قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے جن میں سے بعض
درج ذیل ہیں:
سوال: اس طرح کا خوف کہ میری نیکیاں ناقص ہیں، اس لئے کرنے کا
کیا فائدہ، اس کا کیا حل ہے ؟
جواب: بندہ شیطان کے وسوسوں پر توجہ نہ دے اور نیکیاں نہ
چھوڑے ، وہ تو یہی چاہتا کہ نیکیاں نہ کی جائیں ۔اپنی عبادت کو ناقص ہی سمجھنا چاہیئے
اور امید رکھنی چاہئے کہ اللہ پاک ان ناقص نیکیوں کو اپنے فضل سے قبول فرمائے
گا ۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی عبادت کی اصلاح نہ کی جائے بلکہ ان کی اصلاح جاری
رکھی جائے ۔
سوال: ظلم کی کتنی
قسمیں ہیں ؟
جواب: ظلم کی بہت قِسمیں ہیں ،کسی کو زخمی کردینا ہی ظلم نہیں
،مُکّا مار دیا وغیرہ بلکہ کسی کو اس طرح
گھُور کر دیکھنا کہ اس کے دل میں خوف پیدا ہو ،یہ بھی ظلم ہے ۔جس پر ظلم کیا ہے اس سے معافی تلافی کر لی
جائے ،وہ نہیں ملتا تو اللہ
پاک سے توبہ کی جائے اور توبہ کے تقاضے
پور ے کئے جائیں ۔
سوال:ہمارے معاشرے میں والدین کے ساتھ بدسلوکی اور اپنے سے جدا کرنے کی صورتیں بھی پائی جاتی ہیں،اولڈ ہاؤس (Old House) اور ریٹائرڈ ہاؤس (Retired House)قائم کئے جا رہے ہیں ،والدین کی اہمیت و خدمت کے بارے میں آپ بھی نصیحت فرما دیں ؟
جواب: والدین کو رلانا اور ستانا خطرناک عمل ہے ،نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو کچھ لوگ آگ
کی شاخوں سے لٹکے ہوئے دیکھائے گئے اور بتایا گیا یہ اپنے والدین کے نافرمان تھے۔ والدین بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو
انہیں ’’اُف‘‘ بھی کہنے کی اجازت نہیں ، ماں باپ کو کبھی بھی ناحق نہ ستائیں ورنہ آخرت میں پھنس جائیں گے ۔والدین
کے ساتھ نیکی جہاد سے افضل ہے ۔ والدین کی
خدمت کرنا اور تکلیف نہ دینا دونوں ضروری ہیں ۔اپنے والدین کو اولڈ ہاؤس اور ریٹائرڈ ہاؤس میں نہیں بلکہ اپنے گھر میں رکھ کر خدمت کریں۔رسول کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس نے اس حال میں صبح کی کہ اپنے والدین کا
فرمانبردار ہے اس کے لئے صبح ہی کو جنت کے 2 دروازے کھل جاتے ہیں اور اگر والدین میں
سے ایک ہی ہو تو ایک دروازہ کھلتا ہے اور جس نے اس حال میں صبح کی کہ والدین کے
متعلق اللہ پاک کی
نافرمانی کرتا ہے اس کے لئے صبح ہی کو جہنم کے 2 دروازے کھل جاتے ہیں اور ایک ہو
تو ایک دروازہ کھلتا ہے۔ ایک شخص نے کہا: اگرچہ ماں باپ اس پر ظلم کریں؟ فر مایا:
اگرچہ ظلم کریں، اگرچہ ظلم کریں، اگرچہ ظلم کریں۔(شعب الایمان،10/
307،حدیث 7538)
سوال:ماہ ِشعبان کو آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
کا مہینا اور ماہِ درود و سلام کیوں کہتے ہیں ؟
جواب: ماہ ِشعبان کے بارے میں آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : شَعْبَانُ شَہْرِیْ وَرَمَضَانُ
شَہْرُ اللّٰہِ یعنی شعبان میرا مہینا
ہے اور رَمَضان اللہ پاک کا مہینا ہے۔(جامع صغیر،
ص 301،حدیث: 4889) یعنی شعبان میرا مہینا ہے اور آیت ِ درود (سورہ ٔاحزب،آیت : 59)اسی مہینے میں نازل ہوئی ،اس لئے اس ماہ میں درود و سلام
کی کثرت کرنی چاہیئے ۔
سوال: کیا جہنم میں
سردی کا عذاب ہوگا؟
جواب: جی ہاں جہنم میں سردی کا عذاب ہوگا، جہنم میں ایک طبقہ
زمہریر ہے جس میں بہت ٹھنڈک ہے ، فرمانِ
مصطَفےٰصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : جب سخت
سردی ہوتی ہے تو بندہ کہتا ہے۔لَاۤاِلٰہَ اِلَّااللہُ آج کتنی سخت سردی ہے! اَللّٰھُمَّ اَجِرْنِیْ مِنْ
زَمْھَرِیْرِ جَھَنَّم یعنی اے اللہ پاک! مجھے جہنّم کی زمہریر سے بچا۔اللہ پاک جہنّم سے فرماتا ہے : میرا بندہ تیری زمہریر سے ميری پناہ میں آنا چاہتا ہے اور میں نے تیری زمہریر سے
اسے پناہ دی۔ صحابَۂ کرام عَلَیْہِمُ
الرِّضْوَان نے عرض کی : جہنّم کی زمہریر
کیا ہے؟ ارشاد فرمایا : وہ ایک گڑھا ہے جس میں کافر کو پھینکا جائے گا تو سخت سردی
سے اس کا جسم ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گا۔( معجمِ کبیر
، 18 / 366 ، حدیث : 935)
سوال: مطلقا ًکے کیا
معنی ہیں ؟
جواب: مطلقاً کا معنی ہے، ہر طرح سے جیسے سانس لینے کی مطلقاً یعنی ہر جگہ اور ہر طرح سے
سانس لینے کی اجازت ہے ۔
سوال: تقویٰ کا کیا
معنی ہے اور اس کے کتنے درجات ہیں ؟
جواب:تقویٰ کا لغوی
معنی کسی چیز سے رکاوٹ ہے ،جیسے تقویٰ بندے کے لئے جہنم کی رکاوٹ بن
جائے گا، اس کے مختلف درجے ہیں ۔ اعلیٰ
حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا : تقویٰ 7 قسم کا ہے۔ کُفر سے بچنا یہ بفضلہٖ تعالیٰ ہر مسلمان
کو حاصل ہے، بد مذہبی سے بچنا یہ ہر سُنّی کو نصیب ہے، ہر کبیرہ سے بچنا، صغائر سے بھی بچنا، شبہات سے احتراز (بچنا) ، شہوات سے بچنا، غیر کی طرف التفات سے بچنا ، یہ
اَخَصُّ الْخَواص کا منصب ہے اور قراٰنِ عظیم ساتوں مرتبوں کا ہادی(رہنما)ہے۔(خزائن العرفان مع کنزالایمان ، ص4 ملخصاً)
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” جو آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پسند وہ اپنی پسند “ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
شبِ
براءت کے موقع پر مختلف مقامات پر ”اجتماعِ شبِ براءت“ منعقد کیا جائے گا
شبِ براءت (15 شعبانُ
المعظم) بڑی ہی بابرکت رات ہے ، اس
رات پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، صحابۂ کرام علیہم الرضوان اور اولیائے
کرام رحمۃ اللہ علیہم عبادت میں
مصروف رہتے تھے۔حدیثِ پاک کا مفہوم ہے: بیشک اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں(15ویں) رات آسمانِ دنیا پر تجلّی فرماتا ہے، پس قبیلۂ
بنی کَلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کو بخش دیتا ہے۔( ترمذی،ج2، ص183، حدیث: 739 ملتقطاً)
لوگوں
کو گناہوں سے بچانے اور انہیں شبِ براءت کی عظمت و فضیلت سے آگاہ کرنے کے لئے دعوتِ
اسلامی کے زیرِ اہتمام کل بروز منگل 3 فروری 2026ء کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے
مختلف مقامات پر ”اجتماعِ
شبِ براءت“ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تلاوت و نعت، منقبت، استغاثہ اور رقت انگیز دعا کروائی جائے گی۔
3 فروری 2026ء کو پاکستان
بھر میں ہونے والے ”اجتماعِ شبِ براءت“ کی تفصیلات:
٭ شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت،
بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر
قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہونے والے ”اجتماعِ شبِ براءت“ میں براہِ راست (Live) مدنی چینل پر مدنی مذاکرہ فرمائیں گے اور عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی تربیت کریں گے۔
٭رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری
بعد نمازِ عصر جامع مسجد فیضانِ بسم اللہ، سول لائن، کینٹ کراچی میں، بعد نمازِ عشا جامع مسجد
فیضانِ غوثِ پاک، 1/92 مین خیابانِ حافظ، خیابانِ سحر، ڈی ایچ اے، فیز 06 کراچی
میں، رات تقریباً 12:30 بجے جامع مسجد فیضانِ جیلان بلاک 8 ، کلفٹن کراچی میں اور رات
تقریباً 01:30 بجے کھجی گراؤنڈ، گلبہار کراچی میں ہونے والے اجتماعات میں شرکت
کریں گے۔
٭رکنِ شوریٰ و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی
محمد شاہد عطاری رات تقریباً 10:30 بجے بینظیر پارک رحموالی، گھوٹکی میں ہونے
والے ”اجتماعِ شبِ براءت“ میں بیان کریں گے جبکہ اختتام پر مدرسۃالمدینہ
بوائز و مدرسۃالمدینہ بالغان سے قراٰنِ کریم کی تعلیم حاصل کرنے والے کم و بیش 251
بچوں اور اسلامی بھائیوں کے سروں پر
عمامہ شریف باندھیں گے۔
٭رکنِ شوریٰ حاجی وقار المدینہ عطاری بعد
نمازِ عشا مرکزی عید گاہ گراؤنڈ، سرگودھا (نزد بڑا قبرستان) میں ہونے والے”اجتماعِ شبِ براءت“ میں بیان کریں گے۔
٭رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری بعد نمازِ مغرب جامع مسجد مدینہ واربرٹن میں
ہونے والے ”دعائےافطار اجتماع“ میں نیز بعد نمازِ عشامدنی مرکز فیضانِ مدینہ ، مدینہ
ٹاؤن شاہکوٹ میں اور رات تقریباً 12:30 بجے سطانیہ پارک گلستان کالونی، فیصل آباد
میں ہونے والے ”اجتماعِ شبِ براءت“ میں شرکت کریں گے۔
٭رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری بعد
نمازِ عشا رات تقریباً 11:30 بجے بنگلہ منڈی، ریلوے روڈ گجرات میں ہونے والے ”اجتماعِ
شبِ براءت“ میں شرکت کریں گے۔
کمپنی باغ شیخوپورہ : پولیس کے سپاہی نے قراٰنِ مجید کی تعلیم حاصل کرنے پر سند
وصول کی
دعوتِ اسلامی
تعلیمِ قراٰن عام کرنے والی وہ دینی تحریک ہے جو قراٰن و حدیث کی تعلیمات کو ہر
ہر طبقے کے لوگوں تک پہنچا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ علمِ دین کے نور سے فیضیاب ہوسکیں۔
اسی سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 29
جنوری 2026ء کو”سالانہ تقسیمِ اسناد و ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع“ کمپنی باغ شیخوپورہ، پنجاب میں منعقد کیا گیا جس میں تلاوت ونعت اور منقبت سمیت مرکزی مجلسِ
شوریٰ کے رکن حاجی محمد اظہر عطاری کا سنتوں بھرا بیان بھی ہوا۔
تلاوت و نعت اور بیان کے بعد تقسیمِ اسناد
کےموقع پر ایک خوشگوار لمحہ دیکھنے کو ملا جب پولیس ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے
ایک سپاہی نے رکنِ شوریٰ کے ہاتھوں اپنی سند وصول کی ۔
30 جنوری 2026ء کو عاشقانِ رسول کی دینی
تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت کراچی سٹی کے علاقے لاسی پاڑہ میں ”حاضریِ قبرستان
کورس“ ہوا جس میں اسپیشل پرسنز اور اُن کے سرپرستوں نے شرکت کی۔
معلومات کے مطابق کراچی سٹی پر ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ
دار محمد عمر عطاری نے کورس کروایا جبکہ ناظم آباد کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار عبدالقادر
عطاری نے اشاروں کی زبان میں کورس کی
ترجمانی کی۔
کورس کے دوران اشاروں کی زبان میں اسپیشل پرسنز
کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں قبرستان میں کیسے حاضری دیتے ہیں؟ اور اس کے آداب کیا ہیں؟ اس حوالے سے چند اہم امور بیان
کئے گئے۔(رپورٹ: محمد رفیق عطاری اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ،
کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
بلدیہ ٹاؤن، مواچھ گوٹھ، کراچی میں اسپیشل پرسنز کے درمیان سیکھنے
سکھانے کا حلقہ
دعوتِ اسلامی کے تحت اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے
ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے دینی کاموں کے سلسلے میں پچھلے دنوں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن، مواچھ گوٹھ میں
اسپیشل پرسنز (گونگے
اور بہرے اسلامی بھائیوں) کے
درمیان سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا۔
حلقے کے دوران ڈیپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار محمد
رفیق عطاری نے اسپیشل پرسنز کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے انہیں نماز نہ پڑھنے کے
عذابات کے بارے میں بتایا نیز دعوتِ
اسلامی کے زیرِ اہتمام ہونے والے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے اور
مدرسۃالمدینہ بالغات میں داخلہ لینے کی بھی ترغیب دلائی۔(رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے ذمہ دار
اسلامی بھائیوں نے دینی کاموں کے سلسلے میں 28 جنوری 2026ء کو گورنمنٹ اسپیشل
ایجوکیشن سینٹر سلانوالی میں سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا۔
اس دوران سرگودھا ڈویژن ذمہ دار محمد ابوبکر
عطاری اور سرگودھا ڈسٹرکٹ ذمہ دار امیر
نواز عطاری نے سینٹر میں موجود اسپیشل اسٹوڈنٹس کی رہنمائی کی اور انہیں اساتذہ اور والدین کا ادب کرنے کی ترغیب دلائی ۔
اس کے علاوہ اسپیشل اسٹوڈنٹس کو سونے کی سنتیں و
آداب سکھائے اور ماہِ رمضانُ المبارک میں
اعتکاف کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین
عطاری)
گورنمنٹ سیکنڈری اسپیشل ایجوکیشن سینٹر ساہیوال میں سیکھنے
سکھانے کا حلقہ
دعوتِ اسلامی کے تحت 28 جنوری 2026ء کو اسپیشل
پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے دینی کاموں کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ
سرگودھامیں قائم گورنمنٹ سیکنڈری اسپیشل ایجوکیشن سینٹر ساہیوال میں سیکھنے
سکھانے کا حلقہ لگایا۔
اس موقع پر سرگودھا ڈویژن ذمہ دار محمد ابوبکر عطاری اور
سرگودھا ڈسٹرکٹ ذمہ دار امیر نواز عطاری
نے سینٹر میں موجود اسپیشل اسٹوڈنٹس کو سنتیں و آداب سکھائیں اور انہیں وضو کا
پریکٹکل کرکے بتایا۔
علاوہ ازیں ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے اسٹوڈنٹس
کو ماہِ رمضانُ المبارک میں اعتکاف کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی
نیتیں کیں۔ (رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ،
کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
Dawateislami