14 اگست کی شب فیضان مدینہ کراچی میں ”اجتماع
استقبال حجاج“ منعقد ہونے جارہا ہے
دعوت
اسلامی کے زیر اہتمام 14 اگست 2022ء کو اتوار کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے عالمی
مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ”اجتماعِ استقبال حجاج “ ہونے جارہا ہے جس
میں اس سال حج کرنے والے عاشقان رسول خصوصی
طور پر شریک ہونگے۔
اجتماع
میں محفل نعت اور مدنی مذاکرے کا سلسلہ بھی ہوگا جس میں شیخ طریقت امیر اہلسنت
علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی پھول ارشاد فرمائیں گے۔
امیر
اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے 5محرم
الحرام 1444ھ کی شب ہونے والے مدنی مذاکرے میں اس کا اعلان فرمایا اور تمام عاشقان رسول کو اس حوالے سے کوشش کرنے اور
ذمہ داران کو حاجیوں سے رابطہ اور انفرادی
کوشش کرکے انہیں اجتماع میں لانے کی ترغیب دلائی ہے اور شرکت کرنے والوں کو اپنی دعاؤں
سے بھی نوازا ہے۔
دعائے
عطار
یا
اللہ پاک!جو اس ”اجتماعِ استقبال حجاج“ میں شریک ہواُسے ایک بار پھر حج کی
سعادت نصیب فرما، ایک بار پھر میٹھا مدینہ دِکھا اور ہم سب ہی کو بار بار حج و
زیارتِ مدینہ سے مشرف فرما۔ اٰمین بِجاہِ خَاتمِ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
پچھلے دنوں فیصل آباد پنجاب کے مدنی مرکز فیضان مدینہ میں پاکستان مشاورت کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ منعقد ہوا جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین حاجی محمد اظہرعطاری، حاجی یعفور رضا عطاری، حاجی فاروق جیلانی عطاری، حاجی محمد امین عطاری، حاجی محمدا سلم عطاری، حاجی قاری
ایاز عطاری، حاجی محمد وقار المدینہ عطاری، نگران ِفنانس ڈیپارٹمنٹ اور اراکین پاکستان مشاورت سمیت دیگر ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔
دعوت ِاسلامی
کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ
پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نےدورانِ مدنی مشورہ اسلامی بھائیوں سے سابقہ کارکردگی کا جائزہ لیا اور آئندہ کے اہداف طے کئے جن میں سے بعض یہ ہیں:
1:ہم نے ہر صوبے، ڈویژن، ڈسٹرک، تحصیل اور تمام شعبہ جات کو ماہانہ کی بنیاد پر خود کفیل کرنا ہے یعنی جتنا شعبہ جات کا ماہانہ خرچ ہے اتنی آمدنی کے لئے کوشش کی جائے۔
2:شعبہ ڈونیشن بکس، شعبہ گھریلوں صدقہ بکس اور شعبہ ڈونیشن سیل کی ماہا نہ کارکردگی، ماہا نہ رقم لینے اور ای رسید کے
متعلق آگاہی دی جائے۔
3:امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ
الْعَالِیَہ کے عطا کردہ مدنی پھولوں، شوریٰ کے طے شدہ طریقے کار کے مطابق ہم دینی کام کرتے رہیں تو ان شاء اللہ آگئے بڑھتے رہیں گے۔
4:نگرانِ پاکستان مشاورت نے مزید گفتگو کرتے
ہوئے کہا:بڑے خوش نصیب ہیں وہ مسلمان جو دعوت اسلامی کو سیلریز اور جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ کو خود کفالت کرنے
کی مد میں ڈونیشن دیتے رہتے ہیں اللہ پاک ان کے جان، مال، عزت، آبرو میں برکتیں عطا فرمائے اور اللہ عزوجل ہمیں اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ دعوت ِاسلامی کا کام کرتے رہنے کی تو فیق عطا فرمائے۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث
الدین عطاری)
دعوت
اسلامی کے شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن FGRF
کی جانب سے صوابی انبار انٹر چینج کے قریب واقع موٹروے پولیس کے دفتر میں شجر کاری
مہم کا سلسلہ ہوا۔
نگران
ڈسٹرکٹ صوابی خیبر پختونخواہ حضرت سِید عطاری اور دیگر اسلامی بھائیوں نے موٹروے
پولیس سب انسپکٹر ایوب خان کے ہمراہ دفتر کے احاطے میں پودے لگائے۔ سب انسپکٹر
ایوب خان نے اپنے آڈیو پیغام کے ذریعے عمدہ الفاظ میں اپنے دلی جذبات کا
اظہار کیا اور دعوت اسلامی کی جملہ کاشوں کو سراہا۔
جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ گرلز میں بذریعہ
آڈیو لنک رکنِ شوریٰ حاجی یعفور عطاری کا بیان
پچھلے دنوں پنجاب پاکستان کے شہر لاہور میں
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے جامعۃ
المدینہ و مدرسۃ المدینہ گرلز میں بذریعہ
آڈیو لنک سنتوں بھرا بیان کیا۔
دورانِ بیان رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے
محرم الحرام اور عاشورہ کے فضائل بیان کرتے ہوئے اس مہینے میں روزہ رکھنے کے حوالے
سے ذہن سازی کی نیز اپنے محارم کو مدنی قافلوں میں سفر کروانے کا ذہن دیا۔
اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ نے بیان میں شریک اسلامی
بہنوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں
بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔ (رپورٹ:محمد ابوبکر عطاری معاون رکن شوری حاجی یعفور رضا
عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
راکبِ دوشِ مصطفیٰﷺ، شہزادۂ علی المرتضیٰ،برادرِ
سیّدُالسادات، سیّدہ فاطمۃالزہرہ کےمہکتے پھول رضی اللہ عنہم، جنّتی نوجوانوں کےسردار، میدانِ کربلا کے شاہ سوار،
سلطانِ کربلا، امامِ عالی مقام حضرت سیّدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی ذات وہ پاک ہستی ہیں جنہوں نےمیدانِ کربلا
میں دینِ اسلام کی بقاء کے لئے اپنے گھربار،
مال و دولت اوراولادسب کچھ قربان کر دیا۔
حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں:
حضرت سیّدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کے فضائل و کمالات پر کثیر احادیثِ مبارکہ موجود
ہیں چنانچہ پیارے آقا ﷺ نے ارشادفرمایا جس
کا مفہوم کچھ یوں ہے:حسین مجھ سے ہےاور میں حسین سے ہوں، اللہ عزوجل اس
سے محبت کرتا ہے جو حسین سے محبت کرتا ہے ، حسین میری اولاد کی اولاد ہے۔ (سنن ترمذی،
کتاب
المناقب، باب مناقبِ ابی محمد حسن بن علی
بن ابی طالب الخ، 5/429، الحدیث 3800)
ایک اور مقام پر پیارے آقا ﷺ ارشاد فرماتے ہیں:بے
شک حسن اور حسین اہلِ جنت نوجوانوں کےسردار ہیں۔ (ایضاً431، الحدیث 3806)
پیدائش کے ساتھ ہی شہادت کی خبر :
حضرت سیّدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی پیدائش کے بعد سے ہی حضرت علی، بی بی فاطمہ
اور دیگر اصحاب سمیت اہلِ بیت رضی اللہ عنہم یہ بات جان گئے تھے کہ آپ رضی اللہ عنہ کو سرزمینِ کربلا میں ظلم و ستم کے ساتھ شہید کیا جائے گااور نہایت
بےدردی کے ساتھ آپ کا خون کا بہایا جائے گا جیساکہ اُن احادیثِ مبارکہ سے ثابت ہے
جن میں حضور ﷺ نے آپ رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بارے میں خبر دی جیساکہ حاکم نے
ابنِ عباس رضی
اللہ عنہ سے روایت کی ہےکہ ہمیں
کوئی شک نہیں تھا اور اہلِ بیت بالاتفاق یہ بات جانتے تھے کہ حسین ابنِ علی رضی اللہ عنہما کو مقامِ طف میں شہید کیا جائے گا۔(المستدرک للحاکم، کتاب
معرفۃالصحابۃ، استشھد الحسین، 4/175، الحدیث 4879)
میدانِ کربلا میں کرامات کا ظہور
اللہ پاک
نےجس طرح اپنے پیارے حبیب ﷺ کو کثیر معجزات سے نوازا بلکہ معجزہ بنا کر
بھیجا اسی طرح آپ ﷺ کے نواسے امام حسین رضی اللہ عنہ کو بھی
بے شمار کرامات سے نوازا تھا جن کا ظہور میدانِ کربلا میں بھی ہوا ۔جہاں آپ رضی اللہ عنہ 50 سال سے زائد عمر ہونے کے باوجود شجاعت و بہادری کے ساتھ میدانِ کربلا میں
دشمنانِ اہلِ بیت سے جنگ کرتے رہے وہیں آپ رضی اللہ عنہ سے مختلف کرامات ظاہر ہوئیں جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:
بدزبان یزیدی کو گھوڑے نے آگ میں
ڈال دیا
جب امامِ عالی مقام حضرت سیّدنا امام حسین رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے درمیان خطبہ ارشاد فرما رہےتھے تو خیموں کی حفاظت کے لئے خندق میں لگائی گئی آگ
کو دیکھ کر ایک بدزبان یزیدی مالک بن عروہ کہنے لگا:اے حسین! آپ نے دوزخ کی آگ سے
پہلے یہیں آگ لگا لی ۔امام حسین رضی اللہ عنہ
نے اس بدبخت کو جواب دیتے ہوئےفرمایا:کذبت یا عدواللہ (اے خدا
کے دشمن تو جھوٹا ہے) تجھے یہ گمان
ہے کہ میں دوزخ میں جاؤں گااور تو جنت میں جائے گا۔
مسلمانوں کی صف میں سے حضرتِ مسلم بن عو سجہ رضی اللہ عنہ کو مالک بن عروہ کے یہ کلمات بہت ناپسند لگے تو
انہوں نے امامِ عالی مقام حضرت سیّدنا امام حسین رضی اللہ عنہ سے اس بد زبان کے منہ پر تیر مارنے کی اجازت
طلب کی۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے انہیں یہ کہہ کر خاموش کروادیا کہ میری طرف
سے جنگ کی ابتداء نہیں کی جائے گی۔
یہ کہہ کر آپ رضی اللہ عنہ نے بارگاہِ الٰہی میں اپنے دستِ مبارک (ہاتھ) پھیلائے اور عرض کیا کہ یا رب عزوجل عذابِ نار سے قبل اسے دنیا میں آتشِ عذاب میں
مبتلا فرما۔آپ رضی
اللہ عنہ کا یہ کہنا تھا کہ اُس
بدبخت کے گھوڑے کا پاؤں ایک سوراخ میں گیاجس کی وجہ سے وہ گھوڑے سے گر گیااور اس
کا پاؤں رکاب میں اُلجھ گیا پھر گھوڑا اسے لیکر بھاگا اور آگ کے خندق میں ڈال دیا۔اس
پر امام حسین رضی
اللہ عنہ نے سجدۂ شکر ادا کیا اور
اللہ
عزوجل کی حمد و ثناء بیان کرتے ہوئے بلند آواز سے (جسے دونوں لشکر سن سکیں) دعا فرمائی: یا اللہ عزوجل ہم تیرے حبیب ﷺ کے گھر والے اور ذریّت (یعنی
اولاد) ہیں ، ہم پر ظلم کرنےوالوں
کے ساتھ انصاف فرما۔
آلِ رسول کے نسب پر جرح کرنے والے کا انجام
اسی دوران دشمنوں کی صف سے ابنِ اشعث نامی شخص
نے کہا کہ آپ کو حضور سرورِ کائنات ﷺ سے کیا نسبت ہے؟ اس کی اس بے ادبی کی وجہ سے امام حسین رضی اللہ عنہ کو کافی تکلیف پہنچی اور وہ بارگاہِ الٰہی میں
عرض گزار ہوئے:یا اللہ
عزوجل ابنِ اشعث نے میرے نسب پر جرح کی ہے اور یہ مجھے تیرے پیارے حبیب ﷺ کا بیٹا تسلیم نہیں کرتا ،یا اللہ عزوجل اس بدزبان کو فوری عذاب میں گرفتار فرما جس کے
بعد اُس بے ادب کو قضائے حاجت کی ضرورت پیش آئی۔وہ گھوڑے سے اتر کر ایک طرف بھاگا
اور کسی جگہ قضائے حاجت کے لئے برہنہ ہوا تو ایک سیاہ بچھو نے اس کی شرم گاہ میں ڈَنگ
مارا تو وہ اسی حالت میں نجاست آلود زمین پر گر اور اس کی جان نکل گئی۔
مغرور شخص پیاسا واصلِ جہنم ہوا
امام حسین رضی اللہ عنہ کی کرامات اور آپ کا مستجاب الدعوات(جس کی دعائیں قبول ہوتی ہوں) ہونے کو دیکھ کر بھی اُن بے باک اور سخت دلوں کو غیرت نہ آئی اور ایک
مغرور شخص نے امام حسین رضی اللہ عنہ کے سامنے آکر کہنے لگاکہ:اے حسین! دیکھو
تو دریائے فرات کیسے موجیں مار رہا ہے مگرخدا کی قسم تم اس کا ایک قطرہ بھی نہ پی سکو گے حتیٰ کہ تم پیاسے ہلاک ہو جاؤ
گے۔
امام حسین رضی اللہ عنہ
اُس مغرور شخص کی باتیں سن کر رونے لگے
اور اپنے پاک پروردگار سے عرض کرنے لگے :اللّٰہُمَّ اَمِتْہ عَطْشَانًا یا رب عزوجل
اس کو پیاسا مار۔امام حسین رضی اللہ عنہ
کا دعا مانگنا تھا کہ اُس مغرور شخص کا گھوڑا اسے گرا کر بھاگنے لگا جس کو پکڑنے کے لئے اُس شخص نے دوڑ لگائی جس کے سبب
اس پر پیاس کا غلبہ ہوا اور وہ العطش العطش
کہنے لگا ، اُس کے ساتھیوں نے اسے پانی پلانا
چاہا لیکن ایک قطرہ بھی اُس کے حلق سے
نیچے نہیں اترا اور وہ مغرور شخص اسی شدتِ پیاس میں واصلِ جہنم ہو گیا۔(روضۃ الشہداء،
باب نہم، ج 2، ص 186 تا 188)
امام حسین رضی اللہ عنہ کی
کرامات آپ کی شان و عظمت پر گواہ ہیں
امام حسین رضی اللہ عنہ سے کرامات کا ظاہر ہونا اس بات کی طرف اشارہ
تھا کہ امام حسین رضی
اللہ عنہ کی کرامات آپ کی شان و
عظمت پر گواہ ہیں نیز دشمنانِ اہلِ بیت کو
یہ بتانا تھا کہ دیکھ لو کہ جو ایسامستجاب
الدعوات ہو اس کے مقابلے میں آنا اللہ پاک سے جنگ کرنا
ہے لہٰذا اس معاملے میں اللہ عزوجل سے
ڈرومگر اُن بے باک لوگوں نے دنیاوی منصب
پانے کے لئے حسین ابنِ علی رضی اللہ عنہما کو شہید کر ڈالا جس کی سزا انہیں دنیا میں بھی ملی۔ ان واقعات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ
آلِ رسول کی اللہ پاک کی بارگاہ میں کیسی قدر و منزلت ہے ، صرف دعا
مانگنے کی دیر تھی اور دشمنانِ آلِ رسول چند ہی لمحوں میں موت کے گھاٹ اتر گئے۔ اللہ پاک ہمیں بھی آلِ رسول کا ادب
و احترام کرنےاور اُن کی طرح دینِ اسلام
کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ عطا فرمائے۔
از:غیاث الدین عطاری
مدنی
اسکالر، اسلامک ریسرچ
سینٹر(المدینۃ العلمیہ)دعوتِ اسلامی
شعبہ
قاعدہ ٔ و ناظرہ کورس کے تحت قائم ذیلی
شعبۂ تفتیش مجلس کے ساتھ آن لائن مدنی مشورہ
دعوتِ
اسلامی کےتحت 2 اگست 2022ء کو پاکستان کے شہر راولپنڈی میں شعبہ
قاعدۂ و ناظرہ کورس کے تحت قائم ذیلی
شعبۂ تفتیش مجلس کے ساتھ آن لائن مدنی مشورہ ہوا۔
پاکستان مجلس مشاورت نگران اسلامی
بہن نے پاک سطح شعبہ قاعدہ و ناظرہ ذمہ دار اور تفتیش مجلس ذمہ دار اسلامی بہنوں سمیت مختلف شعبہ جات جن میں ( شعبہ اصلاح اعمال، مکتبۃ المدینہ، ڈونیشن بکس، فنانس ڈیپارٹمنٹ، کفن دفن، فیضان اسلام، علاقائی دورہ ، شعبہ رابطہ، شعبہ تعلیم، دارالسنہ )اور
صوبہ نگران اسلامی بہنوں کے ساتھ آن لائن مدنی مشورہ لیا۔
مدنی مشورے میں تفتیش مجلس کا تعارف پیش کیا گیا نیز تفتیش مجلس شعبے کے تنظیمی شعبہ جات کی اسلامی بہنوں کے ٹیسٹ لینےکا طریقہ کار بیان کیا گیا ۔
بذریعہ
آن لائن راولپنڈی میں صوبہ خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کی اسلامی بہنوں کا دینی کام
کورس
دعوتِ
اسلامی کےتحت 26 جولائی تا 2اگست 2022ء کو نگران پاکستان اسلامی بہن نے صوبہ خیبر
پختون خواہ اور صوبہ بلوچستان کی اسلامی بہنوں کو 8 دینی کام کورس (آن لائن) کروایا جس میں صوبۂ نگران،ڈویژن نگران اور بعض ڈسٹرکٹ
نگران اسلامی بہنوں نے شرکت کی ۔ مبلغہ
دعوت ِ اسلامی نے دینی کام کرنے بالخصوص ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع اور سیکھنے سیکھانے کے ماہانہ دینی حلقے کے مدنی پھول بتائے جبکہ شیڈول میں علاقائی دورہ ذمہ دار ،
اصلاح اعمال ذمہ دار ، مدرسۃ المدینہ بالغات اور ڈونیشن بکس ذمہ داراسلامی بہنوں نے
بھی اپنے اپنے شعبے کے مدنی پھول بتائے ۔
اس کے علاوہ دینی کام کرنے کے دوران آنے والے مسائل کا حل کیسے نکالا جائے اس حوالے سے
تربیت کی۔ مزید کورس کے اختتام پر اسلامی بہنوں سے سوال و جواب کی صورت میں زبانی ٹیسٹ ہوا۔بعدازاں اسلامی بہنوں نے کورس میں بیان
کئے گئےمدنی پھولوں پر عمل کرنے کی نیت کا اظہار کیا۔
اراکین
عالمی مجلس کامدنی مشورہ کراچی میں اسلامی بہنوں کے مدنی مرکزفیضان صحابیات میں
یکم اگست2022ء کو دعوت اسلامی کے تحت اراکین عالمی مجلس اور
مجلس بین الاقوامی امور کی اراکین کامدنی مشورہ کراچی میں قائم اسلامی بہنوں کے مدنی مرکزفیضان صحابیات میں ہوا۔
عالمی
مجلس پوری دنیا میں اسلا می بہنوں کے دینی کاموں کو سنبھالنے اور بڑھانے کی ذمہ
دار ہے یہ شعبہ پوری دنیا کے کئی ممالک میں دینی کاموں کی دھومیں مچارہا ہے۔
دورانِ مدنی مشورہ عالمی مجلس کی نگران اسلامی
بہن نے شعبے کے دینی کاموں کی سابقہ کارکردگی
کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مزید بہتر انداز میں دینی کام کرنے
کا ذہن دیا ۔ مدنی مشورے میں دعوت اسلامی
کی ترقی کے لئے مشورے اور مسائل پر غور کیا گیا اور مدنی پھول بنائے گئے ۔
٭دوسری
طرف نگران عالمی مجلس مشاورت اسلامی بہن نے
شرف آباد میں دفتر کی اسلامی بہن کے یہاں شادی کے سلسلے میں ہونے والی اسلامی بہنوں کی محفلِ نعت میں شرکت کی۔
نگران عالمی مجلس مشاورت اسلامی بہن نے’’شادی کے موقع پر شکر ادا
کرنا‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شکر سے متعلق مدنی پھول دیئے اور اچھی اچھی نیتیں کروائیں۔
شیرانوالہ گیٹ لاہور کی جامع مسجد اقصٰی میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کاانعقاد
دنیا بھر کے عاشقانِ رسول کو علمِ دین سکھانے،
انہیں اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنے اور اُن کی دینی و اخلاقی تربیت کرنے کے لئے
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ملک و بیرونِ ملک میں ہر ہفتے سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مبلغینِ دعوتِ
اسلامی سنتوں بھرے بیانات کرتے ہیں۔
اسی سلسلے میں 4 اگست 2022ء بروز جمعرات شیرانوالہ
گیٹ لاہور کی جامع مسجد اقصٰی میں ہفتہ
وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے
شرکت کی۔
اس اجتماعِ پاک میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن
حاجی یعفور رضا عطاری نے ”محرم الحرام کے فضائل“ کے موضوع پر سنتوں بھرا
بیان کیا اور شرکائے اجتماع کو محرم الحرام کے مہینے میں پیش آنے والے واقعات بیان کئے۔
دورانِ بیان رکنِ شوری نے اسلامی بھائیوں کو 8،
9 اور 10 محرم الحرام کے مدنی قافلے میں بھر پور انداز میں سفر کرنے کی ترغیب
دلائی۔(رپورٹ:محمد ابوبکر عطاری معاون رکن شوری حاجی یعفور رضا
عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
ایبٹ آباد میں جاری قرآن ٹیچر ٹریننگ کورس کے طلبۂ کرام کے لئے
نشست کا انعقاد
4 اگست 2022ء بروز جمعرات شعبہ مدرسۃالمدینہ کورسز دعوتِ اسلامی کے تحت صوبہ
خیبرپختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں واقع مدنی
مرکز فیضانِ مدینہ میں جاری قرآن ٹیچر ٹریننگ کورس کے طلبۂ
کرام کے لئے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔
اس نشست
میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور
وہاں موجود عاشقانِ رسول کو حسن اخلاق
اپنانے نیز دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں
میں شرکت کرنے کا ذہن دیا جس پر شرکائے نشست نےاچھی اچھی نیتوں کا اظہا رکیا۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کا فالو اپ لینا اور شعبے کی ذمہ
دار اسلامی بھائیوں کی تربیت کرنا شعبے کے دینی کاموں میں مزید بہتری کے لئے کارآمد
ثابت ہوتا ہے۔
اسی سلسلے میں پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کی عالمی
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں شعبہ ڈونیشن بکس کا مدنی مشورہ منعقد کیا گیا جس
میں شعبے کے اہم ذمہ دار اسلامی بھائیوں
نے شرکت کی۔
اس مدنی مشورے میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن
حاجی محمد امین عطاری نے شعبے کے دینی کاموں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آئندہ کے
اہداف دیئے نیز شعبے کے دینی کاموں کو مزید بہتر انداز میں اخلاص کے ساتھ کرنے کا ذہن
دیا جس پر ذمہ داران نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
پچھلے دنوں ڈہرکی میں دعوت اسلامی کے شعبہ FGRF کے تحت شجرکاری کی گئی جس میں ڈہرکی سول
کورٹ کے وکیل سلیم اختر ایڈوکیٹ اور دیگر وکلاء نے شرکت کی ۔
یہ شجرکاری سلیم اختر ایڈوکیٹ کے آفسز کے سامنے اور ڈہرکی پبلک پارک میں کی گئی ۔(رپورٹ: محمد حسین عطاری ڈہرکی ، کانٹینٹ: محمد
مصطفی انیس)