دعوت اسلامی کے زیرِ اہتمام  ساؤتھ کوریا میں بنگلہ دیشی اسلامی بھائیوں کے درمیان سیکھنے سکھانے کے حلقے کا انعقاد ہوا جس میں رکن شوری حاجی محمدامین عطاری نے بیان کیا اور شرکا کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کرتے ہوئے انہیں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے بھلےجذبات کا اظہار کیا ۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیرِ اہتمام ساؤتھ کوریا  کے شہراعتوان میں قائم عثمانیہ ریسٹورینٹ میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں بزنس کمیونٹی سے وابستہ افراد نے شرکت کی ۔

محفلِ میلاد میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری نے ’’سیرت ِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم‘‘ کے موضوع پر بیان کیاجس میں نبی کریم علیہ السلام کی سیرت کےمختلف پہلوں کو بیان کیا اور حاضرینِ محفل کو دعوت اسلامی کےدینی ماحول سے وابستہ ہونے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دعوتِ اسلامی  کے تحت ساؤتھ کوریا کے شہر اِنچَھن کےمدنی مرکز فیضان مدینہ اِنچَھن مسجد میں اجتماع میلاد کا سلسلہ ہوا جس میں تلاوت و نعت کے بعد رکن شوری حاجی محمد امین عطاری نے’’ جشن ولادت‘‘ کے موضوع پر بیان کیا۔

دوران ِ بیان رکنِ شوریٰ نے شرکائے اجتماع کو آمد مصطفٰی کا مقصد بیان کرتے ہوئے انہیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنی زندگی کے شب و روزگزارنے کا ذہن دیا۔

اجتماع کے بعد فیضانِ مدینہ میں صلوة التسبیح بھی ادا کی گئی اور اسلامی بھائیوں نے سحری کرکے روزہ رکھنے کی سعادت حاصل کی ۔ بعدازاں صبح بہاراں کی خصوصی محفل کا اہتمام بھی ہوا۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام حضور خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی ولادت کا جشن پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

اسی سلسلے میں پچھلے دنوں برمنگھم UK میں جشنِ میلاد النبی کے سلسلے میں نگرانِ ویلز UK سیّد فضیل رضا عطاری اور سیّد عمار عطاری نےدیگر اہم ذمہ داران سمیت مقامی عاشقانِ رسول کے ہمراہ مل کر جلوسِ میلاد میں شرکت کی۔

اس موقع پر تمام عاشقانِ رسول نے جھنڈوں کے ساتھ ”مرحبایا مصطفیٰ“ کی صدائیں لگاتے ہوئےنبیِ کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی نعت شریف پڑھی۔( کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


یورپی ملک جرمنی (Germany)کے روننبرگ ٹاؤن(Ronnenberg Town) کی جامع مسجد گلزارِ مدینہ میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرے اجتماع کا اہتمام کیا گیاجس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

معمول کے مطابق اجتماع کے آغاز میں تلاوتِ قراٰن کی گئی اور نعت خواں اسلامی بھائی نے حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ ِ اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کرتے ہوئے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔

تلاوتِ و نعت کے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے ایک کلام پڑھا اور سنتوں بھرا بیان بھی کیا جس میں انہوں نے شرکائے اجتماع کو روزانہ 1200 مرتبہ درودِ پاک پڑھنے کی ترغیب دلائی۔

دورانِ بیان رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے جمعرات کی رات اور جمعہ کے دن خصوصی طور پر درودِ پاک پڑھنے کا ذہن دیتے ہوئے پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کی حدیثِ مبارکہ کا مفہوم بیان کیا:کہ جو جمعہ کے دن 200 مرتبہ درودِ پاک پڑھ لے اُس کے 200 سال کے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔

رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے 12 ربیع الاول تک حضور سیّد عالم صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں ”12 ارب دوردِ پاک“ تحفہ پیش کرنے کے حوالے سے عاشقانِ رسول کی ذہن سازی کی۔

اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے عاشقانِ رسول کو سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں داخل کر کے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا مرید بنایا اور دعا کروائی جبکہ اختتام پر صلوٰۃ و سلام بھی پڑھا گیا۔اجتماع کے بعد وہاں موجود عاشقانِ رسول نے رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری سے ملاقات کی۔( کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں قائم مقامی کمیونٹی سینٹر میں  جشنِ ولادت کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان اجتماعِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ و سلم کا انعقاد کیا گیا جس میں بزنس کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی کی شرکت رہی۔

اجتماع ِ میلاد النبی کا آغاز تلاوتِ قراٰن اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم سے کیا گیا اور مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیاجس میں انہوں نے شانِ حبیب مصطفیٰ بیان کرتے ہوئے حقوقِ مصطفیٰ کے بارے میں بتایا۔

بیان کے بعد رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے وہاں موجود تمام عاشقانِ رسول کو سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں داخل کر کے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا مرید بنایا اور دعا بھی کروائی۔صلوٰۃ و سلام کے بعد اجتماع میں شریک عاشقانِ رسول نے رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری سے ملاقات کی۔( کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


ربیع الاول کی آمد کی  خوشی میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 18 ستمبر 2023ء کو بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ (Chattogram) کوتوالی تھانہ فرنگی بازار نزد برج گھاٹ میں کشتیوں پر جلوس نکالا گیا۔

عاشقان رسول نے بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا اور ”مرحبا یا مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے نعروں سے فضا کو معطر معطر کردیا۔


مراکش (Morocco) میں آنے والے تباہ کُن زلزلے کے بعد دعوتِ اسلامی کے شعبہ FGRFیوکے کی ٹیم امدادی کام کرنے اور امدادی سامان تقسیم کرنے میں پیش پیش ہے۔

ابتداءً FGRFکی ٹیم نے تباہ شدہ پانچ بڑے علاقوں میں زلزلہ متاثرین کے درمیان کھانے ، پینے اور ضرورت زندگی کی دیگر اشیاء تقسیم کیں۔

سامان کی تقسیم کاری کے دوران مقامی عاشقان رسول کی جانب سے FGRFکی ٹیم کا خیر مقدم کیا گیا جبکہ سامان کی تقسیم کرتے ہوئے رقت انگیز مناظر بھی پیش آئے۔ نگران ویلز یوکے سید فضیل رضا عطاری نے متاثرین کو گلے لگاکر تسلی دی اور لواحقین کو صبر کی تلقین فرماتے ہوئے انہیں رب کی رِضا پر راضی رہنےکا ذہن دیا۔

نگران ویلزیوکے حاجی سید فضیل رضا عطاری اور نگران مراکش نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ مراکش سٹی میں زلزلہ سے تباہ شدہ عمارتوں کا وزٹ کیااور دنیا بھر کے عاشقان رسول سے اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کے لئے ڈونیشن دینے کی درخواست کی۔


12 ستمبر 2023 ءبروز بدھ  ائمہ مساجد انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے تحت آن لائن احکامِ امامت کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نے افریقی ممالک کے ائمہ مساجد کے درمیان امامت کے شرعی اور اہم مسائل کے متعلق تربیت و رہنمائی کی جس میں انہیں امامت کی ذمہ داریاں بہتر انداز میں پوری کرنے نیز شرعی تقاضوں کو پورا کرنے کے حوالے سے ذہن سازی کی۔

اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ نے کورس میں شامل عاشقانِ رسول کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں عملی طور پر حصہ لینے کی ترغیب بھی دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔اس کورس میں افریقی ممالک کے ائمہ کرام و ذمہ داران نے بذریعہ زوم شرکت کی ۔(رپورٹ:محمد عابد عطاری مدنی، معاون رکنِ شوریٰ حاجی محمد عقیل عطاری مدنی،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دعوت اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شخصیات کےتحت یوکے مشاورت کے رکن محمد وسیم عطاری نے لندن (London) میں سابق عالمی چیمپئن پروفیشنل باکسر عامر خان سے ملاقات کی۔

محمد وسیم عطاری نے انہیں دعوت اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کے متعلق بریفنگ دی اور خصوصاً نوجوانوں کی اصلاح میں دعوت اسلامی کی خدمات کے بارے میں بتاتے ہوئے انہیں مدنی قافلے میں سفر کرنے کی دعوت دی۔ عامر خان نے دعوت اسلامی کی تمام خدمات کو سراہتے ہوئے مدنی قافلہ میں سفر کرنے کی نیت کی۔ باکسر عامر خان کو مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”سیرت مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تحفے میں پیش کی گئی۔


8ستمبر 2023ء جمعہ کی رات مراکش (Morocco) میں آنے والے زلزلے نے قیامت صغریٰ کا ماحول برپا کردیا۔زلزلہ کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ آنے والے زلزلے سے 2 ہزار سے زائد لوگ اپنے خالق حقیقی سے جاملے، 3 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں سے محروم ہوگئےجبکہ زخمی حالت میں موجود لواحقین اپنے پیاروں کے انتقال پر صدمے سے دوچار ہیں۔

مصیبت کی اس گھڑی میں آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی دُکھیاری امت کی غمخواری کرنے اور اس تکلیف میں متاثرین کی امداد کرنے کے لئے یوکے مڈلینڈ سے دعوت اسلامی FGRF کی ٹیم روانہ ہوچکی ہے۔ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے یوکے مڈلینڈ یوکے دعوت اسلامی FGRF کے ذمہ دار سید محمد فیصل سمیع عطاری نے بتایا کہ ہم اپنے ساتھ مراکش کے متاثرین کے لئے ضرورت زندگی کی تمام اشیاء لیکر جارہے ہیں۔

اس کے بعد حالات کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرین کے لئے ضرورت کا دیگر امدادی سامان مختلف ممالک سے منگوایا جائے گا۔

دعوت اسلامی یوکے کے ذمہ دار محمد سمیر حسین عطاری نے کہا کہ ہمیں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین میں امدادی کاموں کا تجربہ رہا ہے لہذا ابتدائی مرحلے میں مراکش کےلوگوں کی جانیں بچانے اور انہیں ملبے سے نکالنے کے لئے امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے بعد ان کے کھانے، پینے اور رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔


پچھلے دنوں اِیتھوپین شیخ احمدذاکر القادری کی دیگر ایتھوپین شخصیات کے ساتھ مدنی  مرکزفیضانِ مدینہ نیروبی تشریف آوری ہوئی جہاں ذمہ دارانِ دعوت اسلامی نے انہیں خوش آمدید کہا اور فیضانِ مدینہ میں موجود شعبہ جات کا وزٹ کروایا ۔

دورانِ گفتگو اسلامی بھائیوں نے شیخ احمدذاکر صاحب کو دعوت اسلامی کا تعارف پیش کیااور انہیں دنیا بھر میں ہونے والے دینی کاموں کے متعلق بتایا جس پر وہ دعوت اسلامی کے دینی کاموں پر خوش ہوئے اور انہوں نے دعا ئے برکت فرمائی۔

ساتھ ساتھ شیخ احمدذاکر صاحب نے مبلغین سے کینیا اور ایتھوپیا میں موجود ایتھوپین کمیونٹی کو بھی دعوتِ اسلامی سے وابستہ کرنےکی نیت کا اظہار کیا۔( کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)