13مارچ 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت نے مدنی پھول دیتے ہوئے کہا کہ اگر والدین وفات پاجائیں توان کو راضی کرنے کے لئے ان کی قبرپرجانے کا معمول رکھیں اورفاتحہ پڑھیں، اپنے آپ کو گُناہوں سے بچائیں کیونکہ ہرجمعہ کو اولادکے اعمال والدین کو پیش کئے جاتے ہیں ،یہ اولادکی نیکیوں پر خوش اورگناہوں پر رنجیدہ ہوتے ہیں ،جو طاقت رکھتاہووہ ان کے ایصال ِثواب کے لئے مسجدیا مدرسہ بنادے،جوفرض حج کرچکا ہووہ ماں باپ کی طرف سےحج اداکرے ۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں

سوال : کیاخطیب اورائمہ کرام کودیگربیانات کےساتھ ساتھ نمازوطہارت کےمسائل بھی بیان کرنےچاہئیں ؟

جواب :جی ہاں! تمام خطیبوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بیانات میں تیاری کے ساتھ شرعی احکام بھی سکھائیں ،غسل ، نمازاورسُنّتوں کے بارے میں بتائیں ۔ہربیان میں 4سے5 منٹ نمازکے مسائل بیان کرنے اورسُنتیں سکھانےکے لیے مختص کریں،پھردیکھیں لوگ کتنے متوجہ ہوں گے۔ جب دعوتِ اسلامی کا آغازہواتو میں نمازکے بعد مسجدمیں کھڑاہوجاتا اورلوگوں کو کبھی وضو،کبھی غسل اورکبھی نمازسکھانے کا اعلان کرتا،لوگ دعایا بقیہ نمازکے بعدرک جاتے تھے۔

سوال: امتحان میں کامیابی کا کوئی وظیفہ بتادیجئے ؟

جواب: اہل ِایمان کے لئے سب سے بڑاوظیفہ نمازہے ،مردحضرات پانچوں نمازیں باجماعت ،تکبیرِاُولیٰ کے ساتھ پہلی صف میں اداکریں،اِنْ شَاۤءَ اللہُ الْکَرِیْم دنیاوآخرت میں کامیابی حاصل ہوگی ،جوبھی وظیفہ کریں اس کے ساتھ پانچ وقت کی نمازضروری ہے ،مقاصدکے حصول کے لئے چاہیں تو یہ وظیفہ کرسکتے ہیں ، نمازِعصرکے بعدوہیں بیٹھے بیٹھے یااللہُ یَارَحْمٰنُ یَارَحِیْمُ پڑھتےرہیں، سورج غروب ہوتو اپنی حاجت کی دعاکریں، اِنْ شَاۤءَ اللہُ الْکَرِیْم کامیابی ہوگی

سوال: تلاوت کرنا اوردُرُودشریف پڑھناکیسے وظیفے ہیں ؟

جواب: یہ دونوں بہت بڑے اوربہترین وظیفے ہیں ،تلاوت کے بارے میں ہے کہ اگرکوئی تلاوت کررہا ہے اوراسے دعا کا وقت نہ ملا تو اسے مانگنے سے زیادہ ملے گا اوردُرُودشریف پڑھنے کے فضائل بھی بہت ہیں ،ہرمرض کی دعا ہے صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّد ۔

سوال:کیا شعبان کا چانددیکھنے کا ثواب ہے ؟

جواب: جی ہاں !5مہینوں کا چانددیکھنا،واجبِ کفایہ(یعنی اگر کچھ لوگوں نے تلاش کر لیا تو سب کا واجب ادا ہو گیا اور اگر کسی نے بھی تلاش نہ کیا تو سب ترکِ واجب کے مُرتکب ہونے کے سبب گناہ گار ہوئے) ہے: (1)شعبان(2)رمضان(3)شوال(4)ذِیقعدہ(5)ذُو الْحِجَّہ۔(بہارِشریعت،974/1)

سوال: کیا کوئی دنیوی کام شروع کرناہوتو اس کےبارے میں مفتی صاحب سے پوچھ لینا چاہئے؟

جواب: دِین کی سوچ ہونا اورآخرت کی فکرکرنا یہ بہت بڑی سعادت ہے، کوئی بھی کام شروع کرناچاہتے ہوں تو پہلے مفتی صاحب سے پوچھ لینا چاہئے۔

سوال: ماہِ شعبان کی تیاری کس طرح کریں ؟

جواب: اس کے لئے مکتبۃ المدینہ کے رسائل "آقاکا مہینا اورفیضان ِشعبان" کامُطالَعہ کیا جائے،ماہِ شعبان میں تلاوتِ قرآن اور دُرُود شریف کی کثرت کی جائے، نفل روزے رکھے جائیں ،خوب عبادت کی جائے۔

سوال: میں اپنےدوست کا خیال رکھتاہوں مگروہ میراخیال نہیں رکھتا،میں کیا کروں ؟

جواب: ایسے دوست کی دوستی چھوڑدینی چاہئے ،ایک قول ہے کہ اُس سے دوستی نہ کروجو تمہاری فضیلت نہ جانتاہوالبتہ دوستی فقط اللہ پاک کے لئے ہونی چاہئے ، اس لئے نہ ہوکہ وہ مالدارہے وہ کھلاتاپلاتاہے،اس کی باتوں میں لُطف آتاہے اوراس کی ہنسانے والی باتیں اچھی لگتی ہیں یا معاذاللہ وہ اَمْرَدہے ۔

سوال : بہت سے کام ہوں تو سب سے پہلے کون ساکام کرناچاہئے ؟

جواب :یہ دیکھا جائے کہ ان کاموں کی شرعی حیثیت کیا ہے ،جو اُس وقت شرعی طورپر لازم ہوتو اُسے پہلے کیا جائے مثلاًنمازکا وقت ہے تو پہلے نمازپڑھی جائے،اس کے بعداس اصول" نفع حاصل کرنے کے بجائے اپنے آپ کونقصان سے بچانا ضروری ہے " کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کریں کہ کون ساکام کروں ؟ عام طورپر بندہ وہ کام کرتاہے جس میں لطف زیادہ آتا ہےیاجس میں تن ِآسانی ہولیکن میں نے جواصول بیان کیا ہے اُسے پیش ِنظررکھیں گے تو فائدہ زیادہ ہوگا۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” ڈرائیور کی موتپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ پاک ! جو کوئی 17صفحات کا رسالہڈرائیور کی موت“ پڑھ یا سُن لے، اُس کوایمان و عافیت کے ساتھ مدینے میں جلوہ ٔمحبوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں شہادت اور جنت البقیع میں دفن ہونا نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم