عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں تقریب تقسیم اسناد اجتماع کا انعقاد

مصر اور نائیجیریا کے شیوخ اور مفتیان کرام کے ہاتھوں 1ہزار 45 حفاظ کو سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے

دینی و دنیاوی تعلیم کو منفرد انداز میں فروغ دینے والی عالمی تنظیم دعوت اسلامی کے شعبے مدارس المدینہ نے سال 2022ء میں پاکستان بھر میں 8ہزار 895 حفاظ کرام کا تحفہ امت کو دیا۔ اس کے علاوہ سال 2021ء میں مدارس المدینہ سے 44 ہزار 391طلبہ نے ناظرہ قرآن پاک مکمل کیا۔ان طلبہ کو سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں وقتاً فوقتاً تقریب ”تقسیم اسناد اجتماعات“ منعقد کئے جارہے ہیں۔

ایسا ہی ایک پروگرام بسلسلہ تقسیم اسناد اجتماع25 مارچ 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں طلبہ، سرپرست اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

تقریب میں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری نے”قرآن کی شان“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور طلبہ کو دینی تعلیم جاری رکھتے ہوئے درسِ نظامی کے لئے جامعۃ المدینہ میں داخلہ لینے کی ترغیب دلائی۔

بیان کے بعد مصر سے تشریف لائے ہوئے مہمان ماہر حدیث و پریکٹیکل سرجنٹ ڈاکٹر شیخ سید یسریٰ جبری حسنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی اور نائیجیریا کے سید شیخ قریب اللہ مُدَّ ظِلُّہُ العالی سمیت مفتی محمد شفیق عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، استاذ الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، اراکین شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری ، حاجی محمد امین عطاری اور حاجی امین قافلہ عطاری کے ہاتھوں 1ہزار 45 حفاظ کرام کو دستار اور سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔

واضح رہے کراچی سٹی میں قائم 500 سے زائد مدارس المدینہ سےسال 2021ء میں 1ہزار 45 طلبہ قرآن پاک حفظ کرنے اور 9 ہزار 674 طلبہ نے ناظرہ قرآن پاک مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔