13 اکتوبر 2022ء کو دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کی یونیورسٹی آف سندھ جامشورو آمد ہوئی جہاں یونیورسٹی انتظامیہ اور اسٹوڈنٹس نے پُر تپاک استقبال کیا۔

شعبہ تعلیم (دعوت اسلامی) کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں اجتماع میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران شوریٰ حاجی مولانا محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سیرت مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمایا۔

اجتماع میلاد میں یونیورسٹی آف سندھ کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق ، پروفیسر ڈاکٹر محمد صاحبداد سکندری، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لینگویجیز (عربی و فارسی) اور دیگر پروفیسرز سمیت اسٹوڈنٹس اور مقامی افراد و شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر اراکین شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری اور حاجی قاری ایاز عطاری بھی موجود تھے۔

اجتماع میلاد میں بیان کرتے ہوئے نگران شوریٰ نے فرمایا کہ تعلیمی اداروں سے جب اسٹوڈنٹس اللہ پاک اور اس کے پیارے محبوب محمد مصطفٰے سب سے آخری نبی ﷺ کی محبت اور دین کا درست سبق لے کر جائیں گے تو یہ جہاں پر بھی ہونگے مظلوم کی مدد کریں گے اور رشوت کے سد باب کی کوشش کریں گے۔

آخر میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے نگران شوریٰ کو شیلڈ کا تحفہ پیش کیا جبکہ نگران شوریٰ نے وائس چانسلر کو مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”سیرت مصطفٰے ﷺ“ تحفے میں دی۔