ہر ادارے کو اپنے معیار میں بہتری، افرادی قوت کے سیکھنے  کی صلاحیتوں میں اضافے ، مؤثر انتظامی ٹیم قائم کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے تربیت کی ضرورت رہتی ہے۔ بہترین تربیت کسی بھی ادارے کی ترقی کا باعث بنتی ہے۔ افرادی قوت کی تربیت سے پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں شعبہ فیضان اسلامک اسکول سسٹم کی 3 دن پر مشتمل تربیتی نشست کا سلسلہ ہوا۔

معلومات کے مطابق اس تربیتی نشست کے پہلے دن ڈائریکٹر ٹریننگ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فرید احمد عطاری نے سافٹ اسکلز کا تعارف پیش کیا اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ مولانا فراز مدنی نے کامیاب پبلک ڈیلنگ کی خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے غلط پبلک ڈیلنگ کے نتائج سے آگاہ کیااورمسائل کو حل کرنے کے لئے حکمت عملی بھی بیان کی ۔ اُن کا کہنا تھا کہ مسکرانا سنت ہے، مسکراہٹ غیر لفظی ابلاغ کا مؤثر ذریعہ ہے۔بعدازاں فیضان اسلامک اسکول سسٹم کے صوبائی ذمہ دار مدنی رضا عطاری نے ادارے کی ترقی میں مارکیٹنگ کے شعبے کی اہمیت بیان کی۔

تربیتی نشست کے آخر میں رُکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری نے بنیادی تعلیم اور بہترین تربیت پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے کہا:ہمیں اپنے بچوں کی تربیت اس طرح کرنی چاہیے کہ ان کے عقائد درست ہوسکیں، اُن کے باطن کی پاکیزگی ہوسکے، اُن کے ظاہری اعمال درست ہوسکیں۔

رکنِ شوریٰ کا مزید کہنا تھا کہ فیضان اسلامک اسکول سسٹم نے یہ کام ہمارے لئے آسان کردیا ہے۔اس لئے ہمیں اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت کے لئے فیضان اسلامک اسکول سسٹم کا انتخاب کرنا چاہیے۔ہمیں خود بھی زیادہ سے زیادہ عاشقانِ رسول والدین تک پہنچنا چاہیے تاکہ وہ اپنے بچوں کےلئے فیضان اسلامک اسکول سسٹم کاانتخاب کریں ، اس طرح دینی تعلیم وتربیت سے مالا مال ، نیک اور صالح افراد معاشرے کو میسر آسکیں گے۔ (رپورٹ:غلام محی الدین ترک، اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)