دعوتِ اسلامی کے شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز کے تحت 31 دسمبر 2025ء کو حیدرآباد، سندھ میں ماہانہ مدنی مشورہ ہوا جس میں حیدرآباد و سکھر ڈویژن کے شفٹ ناظمین، برانچ ناظمین اور تعلیمی امور ذمہ داران شریک ہوئے۔

اس ماہانہ مدنی مشورے میں ڈویژن ذمہ دار مولانا عابد حسین عطاری مدنی نے رمضانُ عطیات 2026ء کی پلاننگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دیگر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

بعدازاں تمام شفٹ ناظمین نے رمضان عطیات 2026ء کی پلاننگ پر پریزنٹیشنز پیش کیں جن میں اپنی اپنی شفٹ کی کارکردگی، مسائل اور آئندہ کے اہداف شامل تھے۔(رپورٹ: احمد رضا عطاری شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

1 جنوری 2026ء کو لاہور، پنجاب میں واقع مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کاہنہ نو میں جاری 3 سالہ قرأتِ سبعہ کورس  اور 2 سالہ تجوید و قرأت کورس کے طلبۂ کرام کے لئے شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز دعوتِ اسلامی کے تحت ایک سیشن ہوا۔

رکنِ شعبہ سیّد انس عطاری نے اس سیشن میں طلبۂ کرام کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم حاصل کرنے بالخصوص انگلش لینگویج کورس کرنے اور اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ اسکلز کو بہتر بنانے کی ترغیب دلائی۔

علاوہ ازیں رکنِ شعبہ نے طلبۂ کرام کو شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز کا تعارف کروایا اور شعبے کو جوائن کرنے کے حوالے سے انہیں بریفنگ بھی دی۔(رپورٹ:محمد وقار یعقوب عطاری مدنی برانچ منیجر شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


31 دسمبر 2025ء کو شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز دعوتِ اسلامی کے تحت کراچی میں مدنی مشورہ ہوا جس میں نیوچارلی  برانچ شفٹ قادری کے مکمل اسٹاف ، ناظم عبد المعیز عطاری اور صدر کلفٹن برانچ ناظم محمد آفتاب عطاری نے شرکت کی۔

مدنی مشورے کے دوران شعبے کے صوبائی ذمہ دار مولانا تبریز حسین عطاری مدنی نے تمام اسٹاف کو اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور صلاحیتوں کا مثبت استعمال کرنے کا ذہن دیا۔

اسی طرح صوبائی ذمہ دار نے دینی کاموں میں بہتری لانے کے حوالے سے اسٹاف کی ذہن سازی کی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ: محمد راشد عطاری شفٹ منیجر شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ جلیلُ القدر صحابیِ رسول، کاتبِ وحی، بردبار اور عظیم منتظم تھے۔ آپ کا شمار اُن خوش نصیب ہستیوں میں ہوتا ہے جنہیں نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی قربت نصیب ہوئی اور جنہوں نے اسلام کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ آپ رضی اللہ عنہ کو کاتبِ وحی ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم آپ سے قرآنِ مجید لکھواتے جو آپ کے اعتماد، دیانت اور علمی مقام کی روشن دلیل ہے۔

سیرتِ حضرت امیر معاویہ رضی اللہُ عنہسے رہنمائی حاصل کرنے کےلئے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو اس ہفتے 25 صفحات کا رسالہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/ سننے والوں کو اپنی دعاؤں بھی سے نوازا ہے۔

یاربّ کریم ! جو کوئی 25 صفحات کا رسالہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ پڑھ یا سن لے اُسے اپنے سب سے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے تمام صحابہ و اہل بیت علیہم الرضوان کا احترام کرنے والا بنا اور اُسے ماں باپ سمیت بے حساب بخشش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَم ِالنَّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


ڈھاکہ (بنگلہ دیش) میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان تین روزہ سنتوں بھرا اجتماع

ہزاروں عاشقانِ رسول کی شرکت، ایمان افروز بیانات، ذکر و اذکار اور دیگر سرگرمیوں کا سلسلہ

عاشقان رسول کی عالمی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے آشیان سٹی میں واقع وسیع و عریض گراؤنڈ میں 24 تا 26 دسمبر 2025ء عظیم الشان تین دن کا سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں بنگلہ دیش کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، بزنس کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہزاروں عاشقانِ رسول اجر و ثواب کمانے، اپنی دینی و معاشرتی اصلاح کرنے کے لئے شریک ہوئے۔

اجتماع کے پہلے دن (1st day)

اجتماع میں شریک اسلامی بھائیوں کے لیے یہ پہلا دن نہایت خوشیوں اور سعادتوں سے بھرپور رہا جہاں شرکا نے سفر کی صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے نیکیاں کمانے اور اجر و ثواب کے حصول کے لئے شرکت کی۔

تین روزہ اجتماع کے پہلے دن نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد دوسرے سیشن کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعت خواں اسلامی بھائی نے بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں نعت شریف پیش کی۔ بعد ازاں مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موضوع پر سنتوں بھرے بیانات کئے جن میں سیرتِ نبوی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اہمیت، مسلمانوں کی زندگی پر اس کے اثرات اور اس سے حاصل ہونے والے مدنی پھول بیان کیے گئے جبکہ شرکا کو حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری سیرت اپنانے کا ذہن دیا گیا۔

نمازِ عصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد اگلی نشست میں اولیائے کرام کی شان و عظمت پر بیان ہواجس میں اللہ والوں کے واقعات وکرامات اور اقوال بیان کئے گئےخصوصاً خواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی اتباع کا ذہن دیا گیا۔

نمازِ مغرب کے بعد سورۃُ الملک کی تلاوت جبکہ نمازِ عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد گناہوں کی ہلاکتیں، پیغامِ فنا، موت کی یاد، قبر و آخرت کی تیاری کے موضوعات پر ایمان افروز بیانات ہوئے۔ مبلغین دعوت اسلامی نے شرکا کو دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہتے ہوئے نیکیوں بھری زندگی گزارنے کی ترغیب دلائی ۔

اسی دوران اجتماع گاہ میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کی آمد ہوئی جن کا شرکا نے بھرپور جوش و جذبے سے شاندار استقبال کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے شرکا کو اجتماع خوش آمدید کہتے ہوئے نیکی کی دعوت پیش کی۔ صلوٰۃ و سلام اور دعا پر پہلے دن کی نشست اختتام پذیر ہوئی۔

اجتماع کے دوسرے دن (2nd day)

اجتماع کے دوسرے دن بھی آشیان سٹی کے وسیع میدان میں عاشقانِ رسول کا جمِ غفیر موجود رہا۔ مختلف نشستوں میں تلاوتِ قرآنِ پاک، نعتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور دیگر کلام پیش کئے گئے۔

مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے قرآنِ پاک سے محبت، علمِ دین کی اہمیت، نماز کی فضیلت، صحابۂ کرام علیہم الرضوان کی قربانیاں جیسے موضوعات پر سنتوں بھرے بیانات کیے۔ بیانات میں قرآنِ پاک کے نزول کے مقاصد، نماز کی پابندی، نماز ترک کرنے کے نقصانات بیان کئے گئے اور شرکا کو تلاوتِ قرآن اور نماز وں کی پابندی کرنے کا ذہن دیا گیا۔اس کے علاوہ شرکا کو علمِ دین سیکھنے کی اہمیت و فضیلت، علماء کے فضائل اور اعمال کی بنیاد علم ہے کہ حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے علم دین سیکھنے کے لئے جامعۃ المدینہ میں داخلہ لینے کی ترغیب دلائی۔

مبلغ دعوتِ اسلامی نےحضرت سیدنا بلال حبشی رضی اللہ عنہ سمیت دیگر صحابہ کرام علیہم الرضوان کی دین اسلام کے لئے آزمائشیں برداشت کرنے کےحوالے سے بتاتے ہوئے ان صحابہ کرام علیہم الرضوان سے محبت رکھنے اور ان کی اطاعت و پیروی کرنے کا ذہن بھی دیا ۔

اجتماع کے دوران کفن دفن، نماز اور دیگر دینی امور پر سیکھنے سکھانے کے حلقے لگائے گئے جبکہ دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے تحت اسٹالز بھی قائم کئے گئے۔

نمازِ عصر کے بعد ہونے والی نشست میں رئیس مرکز الاقتصاد الاسلامی مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور انعام یافتہ لوگوں یعنی انبیاء، شہداء اور صالحین کے اوصاف بیان کئے۔ بیان کرتے ہوئے مفتی صاحب نے فرمایا کہ تقویٰ کے معنیٰ ہے اللہ پاک سے ڈرنا اور جو بندہ اللہ پاک سے ڈرتا ہے وہ فرائض و واجبات نہیں چھوڑتا، گناہوں کے قریب نہیں جاتا اور حرام چیزوں سے بچتا ہے انہیں چیزوں کا نام ”تقویٰ“ ہے۔آپ نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص صاحب تقویٰ ہوکر یہ سمجھنے لگے کہ یہ اس کے لئے کافی ہے تو وہ غلطی پر ہے کیونکہ اُسے نیک اور سچے لوگوں کی صحبت اختیار کرنی ہوگی اوران کی پیروی میں زندگی بسر کرنا ہوگا۔

نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد سورہ ملک کی تلاوت کی گئی جبکہ نماز عشاء کے بعد رکن شوریٰ عبد المبین عطاری نے ”اللہ دیکھ رہا ہے اور خوفِ خدا“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے بزرگوں کے خوف خدا کے واقعات بتائےنیز شرکا اسلامی بھائیوں کواللہ پاک کا خوف رکھتے ہوئے گناہوں سے بچنے، اور نیکیاں کرنے کا ذہن دیا۔

اسی روز اجتماع گاہ میں ہی ذمہ داران اور مبلغین کے لئے خصوصی سیشن ہوا جس میں اراکینِ شوریٰ حاجی محمد علی عطاری اور عبد المبین عطاری نے دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں پر شرکا کی رہنمائی کی اور اہداف دیئے۔

اجتماع کے دوسرے دن نماز عشاء کے بعد ہونےوالی خصوصی نشست میں دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے بے حیائی اور بے پردگی سمیت معاشرے میں پائی جانے والی دیگر برائیوں کی تباہ کاریاں بتائیں اور عاشقان رسول کو ان برائیوں سمیت دیگر گناہوں سے بچنے اور نیک اعمال کرنے کا ذہن دیا۔دورانِ بیان نگران شوریٰ نے عالمی سطح پر دعوت اسلامی کے تحت ہونے والے سنتوں بھرے اجتماعات سمیت دیگر دینی کاموں کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے شرکا کو بھی 12 دینی کاموں میں حصہ لینےاور نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے قافلوں میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی۔ ماہ رجب اور شعبان کو عبادات میں گزارتے ہوئے ان عبادات کا سلسلہ ماہ رمضان شریف میں بھی جاری رکھنے، پورے ماہ رمضان اور آخرے عشرے کا اعتکاف کرنے پر گفتگو کی۔ بیان کے بعد اوراد و وظائف اور درود شریف پڑھے گئے، ذکر اللہ کا سلسلہ بھی ہواجبکہ نگران شوریٰ نے اس موقع پر رقت انگیز دعا کروائی۔نشست کے اختتام پر صلوۃ و سلام پڑھا گیا۔

سنتوں بھرے اجتماع کے دوران مدنی مشورے کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں بنگلہ دیش بھر کے جامعۃ المدینہ کے اساتذۂ کرام اور طلبائے کرام کی شرکت ہوئی جبکہ اراکین شوریٰ حاجی محمد علی عطاری اور عبد المبین عطاری بھی موجود تھے۔ مدنی مشورے میں نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی اور مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے شرکا اور طلبائے کرام کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں دلجمعی کے ساتھ علم دین سیکھنے، دعوت اسلامی کے 12 دینی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے نیکی کی دعوت عام کرنے، نیک اعمال کرنے اور دیگر تک علم دین کا پیغام پہچانے کے لئے کوششیں کرنے کا ذہن بھی دیا۔

اجتماع کے تیسرے دن (3rd day)

اجتماع کے تیسرے اور آخری دن عاشقانِ رسول کو نمازِ تہجد کے لیے جگایا گیا، جس کے بعد مناجات اور رقت انگیز دعاؤں کا سلسلہ ہوا۔ نمازِ فجر کے بعد تفسیرِ قرآن (صراط الجنان) اور شجرہ شریف پڑھا گیا جبکہ مبلغ دعوتِ اسلامی نے ”والدین کی اہمیت و عظمت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے والدین کی خدمت کے فضائل اور والدین نعمت ہیں کے حوالے سے آگاہی دی نیز والدین کی نافرمانی سے بچنے اور ان کا سہارا بننے کا ذہن دیا۔ بعد ازاں اشراق و چاشت کی ادائیگی ہوئی۔

اجتماع کی اگلی نشست کے آغاز پر تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بعد مبلغ دعوت اسلامی نے ”بدگمانی سے بچنے“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور بدگمانی کے وبال اور عذاب کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے اس کی مثالیں بتائیں جبکہ ”حسن ظن“ کے فضائل بھی بیا ن کئےاور اچھی سوچ اپنانے کی ترغیب دلائی۔

بنگلہ دیش ڈھاکہ کی سرزمین پر ہونے والے عظیم الشان تین دن کے سنتوں بھرے اجتماع کی آخری اور خصوصی نشست کا آغاز تلاوت کلامِ پاک اور نعت شریف سے ہوا۔خصوصی نشست میں مرکزی مجلس شوریٰ دعوتِ اسلامی کےنگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے”جنت کی نعمتوں“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا جبکہ رکنِ شوریٰ عبد المبین عطاری نے بنگلہ زبان میں خلاصہ بیان پیش کیا۔ دورانِ بیان نگران شوریٰ نے بے حیائی اور بے پردگی سمیت معاشرے میں پائی جانے والی دیگر برائیوں کی تباکاریاں بتائیں اور بے حیائی، بے پردگی، جھوٹ اور غیبت سمیت دیگر کبیرہ و صغیرہ گناہوں سے بچتے ہوئے والدین کی اطاعت کرنے، نمازوں کی پابندی کرنے سمیت دیگر نیک اعمال کرنے کی ترغیب دلائی جبکہ ایمان کی سلامتی اور حفاظت کا ذہن دیتے ہوئے ایمان کی اہمیت بتائی اور بری صحبت سے بچتے ہوئے نیک لوگوں کی صحبت میں رہنے کا ذہن دیا۔ نگرانِ شوریٰ نے دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے سنتوں بھرے اجتماعات میں شرکت سمیت دیگر دینی کاموں میں حصہ لینے اور نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے ہاتھوں ہاتھ قافلوں میں سفر کرنے کی دعوت بھی دی۔

ذکرِ الٰہی، تصورِ مدینہ اور رقت انگیز دعا کے بعد نمازِ جمعہ اور صلوٰۃ و سلام پر تین دن کا عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع کے بعد خوش نصیب عاشقانِ رسول نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے قافلوں میں سفر کرتے ہوئے راہِ خدا کے مسافر بن گئے۔ 


دعوتِ اسلامی کا ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع ایک ایسی روح پرور اور ایمان افروز محفل ہے جو دلوں میں نیکی کی چنگاری روشن کرتی ہے۔ یہ اجتماع نہ صرف اصلاحِ اعمال کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ زندگی کے مختلف پہلوؤں میں سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی روشنی پھیلانے کا اہم سبب بھی ہے۔ ہر ہفتے ہزاروں اسلامی بھائی مسجدوں، مدنی مراکز اور اوپن گراؤنڈز میں جمع ہوکر اس بابرکت محفل کا حصہ بنتے ہیں جہاں دلوں کی دنیا بدلتی ہے اور ایمان تازہ ہوتا ہے۔

اسی سلسلے میں آج مؤرخہ یکم جنوری 2026ء بروز جمعرات دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں اراکین شوریٰ و مبلغین دعوتِ اسلامی تلاوت و نعت کے بعد سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج رات رضائے مصطفٰے مسجد کورنگی نمبر 4 سے مدنی چینل پر لائیو ہونے والے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی فضیل عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

اس کے علاوہ مدنی مرکز فیضان مدینہ پسرور بائی پاس ڈسکہ میں رکن شوریٰ عبد الوہاب عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ شاہ ابوالبرکات مغلپورہ لاہور میں رکن شوریٰ حاجی منصور عطاری، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول مانگا منڈی ملتان روڈ ٹاؤن لاہور میں رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری اور ادھونیا مدرسہ جامع مسجد ہتھ ہزاری میونسپلٹی، چٹاگانگ میں رکن شوریٰ عبد المبین عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

قرب و جوار کے تمام عاشقانِ رسول سے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کی درخواست ہے۔


دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد، پنجاب میں شعبہ کفن دفن کے تحت ایک مدنی مشورہ ہوا جس میں فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس مدنی مشورے میں نگرانِ شعبہ محمد صابر علی عطاری نے شعبےکے متعلق کلام کرتے ہوئے دینی کاموں میں مزید بہتری لانے کا ذہن دیابالخصوص نگرانِ پاکستان مشاورت کے سنتوں بھرے اجتماع کے حوالے سے گفتگو کی۔(رپورٹ: شعبہ کفن دفن ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری) 


دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے تحت ہونے والے کاموں کا جائزہ لینے اور اُن میں مزید بہتری لانے کے لئے فیصل آباد، پنجاب کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں مختلف شعبہ جات کے نگران و ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا۔

اس موقع پر مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین حاجی محمد فاروق جیلانی عطاری، مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی (صدر کنزالمدارس بورڈ)، مولانا حاجی اسد عطاری مدنی اور حاجی قاری محمد سلیم عطاری موجود تھے۔

ذمہ داران سے شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے چند اہم نکات پر مشاورت کی جن میں بالخصوص گھریلو صدقہ بکس اور خود کفالت کا نظام، اُن میں درپیش مسائل اور اُن کا حل شامل تھا۔

نگرانِ پاکستان مشاورت نے کارکردگی جائزہ کے دوران نمایاں کارکردگی کے حامل اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مدنی پھولوں سے نوازاجس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے تحت فیصل آباد، پنجاب میں موجودمدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں 22، 23 اور 24 دسمبر 2025ء کو 3 دن کا ”تربیتِ اولاد کورس“ ہوا جس میں شعبہ محبتیں بڑھاؤ کے ذمہ داران اور اس سے وابستہ عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق یہ 3 دن کا کورس مختلف سیشنز پر مشتمل تھا جن میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے شرکا کی رہنمائی کرتے ہوئے مختلف امور پر اُن کی تربیت کی جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

٭والدین کے حقوق اولاد پر اور اولاد کے حقوق والدین پر کیا ہیں؟٭تربیتِ اولاد کے بارے میں اسلام کی تعلیمات کیا ہیں؟۔

کورس میں شریک اسلامی بھائیوں نے مذکورہ موضوعات سے متعلق سوالات کئے جس کے نگرانِ پاکستان مشاورت نے جوابات دیئے جبکہ اسلامی بھائیوں کا ٹیسٹ بھی لیا گیا اور نمایاں کارکردگی پر اُن کے درمیان تحائف تقسیم ہوئے ۔ (رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے تحت شعبہ خدام المساجد و المدارس المدینہ کا مدنی مشورہ مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں منعقد ہوا جس میں رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی سیّد لقمان عطاری، نگرانِ شعبہ حاجی مدنی رضا عطاری، معاون نگرانِ شعبہ مولانا عبد السمیع عطاری مدنی اور صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی۔

مدنی مشورے کی ابتدا میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے شعبے کی KPIs کا جائزہ لیتے ہوئے فالو اپ، مسائل و تجاویز اور 1 ہزار 500 فیضانِ میلاد مساجد کی تعمیرات کے حوالے سے کلام کیا۔

اس کے علاوہ نگرانِ پاکستان مشاورت نےشعبے کی نمایاں کارکردگی پر ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مدنی پھولوں سے نوازا جبکہ اختتام پر دعا بھی کروائی۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ بالعلماء کے تحت ذمہ دار اسلامی بھائیوں کے ایک وفد نے سکھر، سندھ میں واقع عاشقانِ رسول کے دارالعلوم انیس المدارس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے کے مہتمم حضرت مولانا مفتی نعمان حنفی صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور دیگر اساتذۂ کرام سے ملاقات کی۔

ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے ملاقات کے دوران علمائے کرام کو شعبہ اسلامک ریسرچ سینٹر (المدینۃالعلمیۃ) سے تحریر شدہ اور شعبہ مکتبۃالمدینہ سے شائع شدہ درسِ نظامی کی کُتُب پر ہونے والے کاموں کا تعارف پیش کیا۔

آخر میں حضرت مولانا مفتی نعمان حنفی صاحب نے دعوتِ اسلامی کی اس خدمت کو سراہا اور اپنے ادارے میں ان کُتُب کو رائج کرنے کی یقین دہانی کروائی۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ بالعلماء ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد، پنجاب میں 25، 26 اور 27 دسمبر 2025ء کو 3 دن کا ”رہائشی طہارت کورس“ ہوا جس میں کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں سے ٹیچرز، پروفیسرز اور ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

معلومات کے مطابق 3 دن کا یہ کورس مختلف سیشنز پر مشتمل تھا جن میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے شرکا کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں مدنی پھولوں سے نوازا۔

کورس میں سکھائی گئی چیزیں:

٭طہارت کے مسائل٭طہارت اور اس کی اقسام٭وضو٭نواقصِ وضو (وضو توڑنے والی چیزیں)٭غسل٭تیمم٭طہارتِ حقیقیہ کا بیان٭ناپاک چیزیں پاک کرنے کا بیان٭دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کام۔

کورس میں شریک اسلامی بھائیوں نے طہارت سے متعلق سوالات کئے جس کے نگرانِ پاکستان مشاورت نے جوابات دیئے جبکہ اسلامی بھائیوں کا ٹیسٹ بھی لیا گیا اور نمایاں کارکردگی پر اُن کے درمیان تحائف تقسیم ہوئے۔اس موقع پر رکنِ شوریٰ عبد الوہاب عطاری، نگرانِ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور نگرانِ مدنی کورسز ڈیپارٹمنٹ بھی موجود تھے۔ (رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)