جامعۃ المدینہ میرپور خاص کے ناظم و استاد مولانا
فہیم عمران مدنی روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال کرگئے
جامعۃ المدینہ میرپورخاص کے ناظم و استاد صاحب مولانا فہیم عمران عطاری مدنی 7 مئی 2022ء کو روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال فرماگئے، اِنَّا
لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن
۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فہیم عمران عطاری میر پور خاص سے ٹنڈو آدم جارہے تھے کہ
ان کی موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوگئی، اس اندوہناک حادثے کے نتیجے میں مولانا فہیم
عمران عطاری موقع پر ہی انتقال فرماگئے جبکہ ان کے ہمراہ دو اسلامی بھائیوں کو
زخمی حالت میں نجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ ان اسلامی بھائیوں میں مولانا بلال
عطاری مدنی شدید زخمی حالت میں ہیں جبکہ دوسرے اسلامی بھائی
کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
مرحوم مولانا فہیم عمران عطاری کی نمازِ
جنازہ میر پور خاص میں ادا کی گئی ۔نمازِ جنازہ کراچی سے تشریف لائے ہوئے دعوتِ
اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمدعلی عطاری نے پڑھائی جبکہ رکنِ شوریٰ قاری ایاز عطاری،
نگران بنگلہ دیش مولانا حاجی رضا عطاری
مدنی، دیگر ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور مرحوم
کے عزیز و اقربہ سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے جنازے میں شرکت کی۔
مولانا فہیم عمران عطاری مدنی چینل بنگلہ کے
فائنل مفتش (اسلامِک چیکر) ، جامعۃ المدینہ میرپورخاص کے ناظم اور استاد صاحب ہونے کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کے
بہترین مبلغ بھی تھے ،وہ بنگلہ دیش میں بھی دینی کاموں کی دھومیں مچانے سفر کرچکے
تھے۔
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا
حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور
شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب ور وز کے اراکین مولانا فہیم عمران عطاری مدنی کے لواحقین
سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت مرحوم کے درجات کو
بلند فرمائے، انہیں حشر میں شفاعتِ مصطفیٰ ﷺ سے مشرف فرمائے اور ان کی دینی خدمات کو ان کے
لئے ذریعۂ نجات بنائے۔ آمین