خوش نصیب ہے وہ جو کبھی گناہ کربیٹھے تو اپنے گناہ پر شرمندہ ونادِم اوراشک بارہوکر اپنے پرودرگارکی بارگاہ  میں رجوع وتوبہ کرے ۔ اللہ پاک کوراضی کرنافرض وضروری ہے ۔یہ کہنا تھا بانیِ دعوتِ اسلامی مولانا الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا جو گزشتہ رات مدنی مذاکرے میں گفتگو فرمارہے تھے۔ آپ نے مزید کہا کہ سچے دل سے توبہ کرنا اللہ پاک کور اضی کرنےکا ذریعہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں آپ کا کہنا تھا کہ جانورپر رحم کرنا بہت عمدہ کام اورنیکی ہے۔اس نیکی کی وجہ سے بخشش بھی ہوسکتی ہے۔ کیڑی (چیونٹی) کو بھی بِلاوجہ نہیں مارسکتے۔یہ اللہ پاک کا ذکرکرنےوالی مخلوق ہے۔امیرِ اہلِ سنت نے مزید کہا کہ استاذوہی ہوتاہےجو بگڑے ہوئےکوسنواردے اس لئے استاذکوکمزور ذہن کے طلبہ پر بھی توجہ دینی چاہئے ۔

مدنی مذاکرے کے مزید مدنی پھول:

سوال:حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کون ہیں ؟

جواب:حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ حضرت مولیٰ علی رضی اللہ عنہ کے خلیفہ،بہت بڑے ولی اللہ اورمسلمانوں کے خیرخواہ تھے۔

سوال:مغفرت سےکیامُراد ہے؟

جواب:مغفرت سےمراد گناہوں کی بخشش اوران پر سزانہ دیناہے

سوال:مُرغ جب بانگ دیتاہے، تو اس وقت کیا دُعاکی جائے ؟

جواب: مرغ جب بانگ دیتاہے تو یہ دُعاپڑھی جائے:اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ۔ ترجمہ:اے اللہ!میں تجھ سے تیرے فضل کاسوال کرتا ہوں۔ حدیث پاک میں اس وقت اللہ پاک کے فضل مانگنے کی ترغیب ہے۔

سوال:کیا کچھ مسلمانوں کا جسم قبرمیں سلامت رہتاہے؟

جواب:جی ہاں!انبیائے کرامعلیہم الصلوۃ و السلام اور اولیائے کرام وعلمائے دین وشہدا وحافظانِ قرآن کہ قرآن ِ کریم پر عمل کرتے ہوں اور وہ کہ اپنے اوقات دُرُود شریف پڑھنے میں گزارتے ہیں ، ان کے بدن کو مٹی نہیں کھاتی۔

سوال:سُرمہ کس وقت لگانا چاہئے ؟

جواب:سُرمہ سوتے وقت لگانا سُنّت ہے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’میٹھی زبان‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا الٰہی! جو کوئی رسالہ’’میٹھی زبان‘‘ کے 17 صفحات پڑھ یا سُن لے، اُس کو بداخلاقی سے بچااور میٹھی زبان والا بناکربے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم