دعوتِ اسلامی کے  عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں یکم فروری 2020 ء کی رات ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطا قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔ ہزاروں کی تعداد میں اسلامی بھائیوں نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ آکر مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی جبکہ سینکڑوں مقامات پر اسلامی بھائیوں نے جمع ہوکر مدنی مذاکرے دیکھنے سننے کی سعادت پائی۔ مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:کیا چھوٹے بچےجنت میں جائیں گے ؟

جواب:جوچھوٹے بچے نابالغ ہوتے ہوئے یعنی بچپن میں ہی انتقال کرجاتے ہیں ،وہ جنت میں جوانی والی عمرکے ہوکرجنت میں جائیں گے ،میرے نزدیک وہ بہت خوش نصیب ہیں ۔

سوال :امام غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کا یومِ وصال کیا ہے؟

جواب:14جُمَادَی الْاُخْریٰ

سوال:آپ نے امام غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی کون سی کتاب سے بہت فائدہ حاصل کیا ہے؟

جواب:میں نےکیمیائے سعادت سے بہت فائدہ حاصل کیا ہے،اس سے کئی بیانات کئے ہیں ، امام غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ نے اسے فارسی میں لکھا ہے۔اِحیاءُ الْعُلُوم عربی میں لکھی،اصلاحِ اُمّت کا ایسادرد آپ کو تھا میراخیال ہے کہ اردوزبان اس زمانے میں ہوتی تو آپ اردومیں بھی اس طرح کی کوئی کتاب لکھ دیتے ۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ جہاں مىرے آقا اعلىٰ حضرت امامِ اہلسنَّت مولانا شاہ امام اَحمد رضاخان رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کا عَقائد و اَعمال کى پُخْتگی کے مُعاملے مىں مجھ پر فىضان ہے، وہاں باطن کى اِصلاح مىںحُجَّة ُالاِسْلام حضرت سَیِّدُنا امام محمد بن محمد بن محمدغزالى رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کا مجھ پر بڑا اِحسان ہے۔ آپ کی کتابیں جب بھى پڑھوں اىسا لگتاہے کہ رُوح کو نئى نئى غِذائىں مل رہى ہىں۔

سوال:کینہ کیا ہے؟

جواب:دل کی چھپی ہوئی دشمنی وبغض کو کِینہ کہتے ہیں ،دل میں دُشمنی ہوتی ہے مگرزبان سے اظہارنہیں کرتے ،یہ باطنی بیماری ہے ،ایسے لوگ بہت بُرے ہوتے ہیں ،جس کےسِینے میں کسی مسلمان کا کینہ ہو،اسے دُورکرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔وہ سینہ اچھانہیں جس میں کِینہ بھراہو۔(کینے کے بارے میں مزیدمعلومات جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"بُغض و کینہ"کامطالعہ کیجئے)

سوال:اللہ پاک کو راضی کرنے کے لیے نیکیاں کرنے کا کیا فائدہ ہے؟

جواب:ہم اللہ پاک کوراضی کرنے کے لیے نیکیاں کرنے والے بنیں ،وہ جنت عطافرمائے گا ،دنیا میں بھی بہت کچھ عطافرمائے گا،اس کاکرم بے حدوبے حساب ہے۔

سوال:صدقہ وخیرات کی قبولیت کا معیارکیا ہے؟

جواب:اس کے لیے اِخلاص ضروری ہے۔صدقہ وخیرات میں کسی کو نہ بتائے ،بتانا رِیا بھی نہیں ہے مگربتانے والے کا رِیا سے بچنے میں آزمائش بہت ہے۔

سوال:اگرکوئی دل دکھادے اوراس کا انتقال ہوجائے تو کیا اسے معاف کردینا چاہئے ؟

جواب:اگرکسی نے آپ کا دِل دُکھا دیا ہوتو اس کے مرنے کے بعد فوراًمعاف کردینا چاہئے ،کوئی دِل دُکھا دے ،یاد ہی نہ رکھا کریں ،بھُول جایا کریں۔

سوال: نابالغ نیکی کرے توکیا اُسے بھی ثواب ملے گا؟

جواب:جی ہاں۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ’’یتیم کسے کہتے ہیں؟پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یارَبَّ الْمُصْطفٰے:جو کوئی رسالہ’’یتیم کسےکہتےہیں؟‘‘کے26صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کو کسی کا محتاج نہ کر،صرف اپنے درکا محتاج رکھ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم