علم وہ
دولت ہے جو خرچ کرنے سے بڑھتی ہے، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس قادری
30اکتوبر
2021ء کو دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی
مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے فیضانِ مدینہ آکر جبکہ سینکڑوں مقامات پر
ہزاروں عاشقان رسول نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔
مدنی
مذاکرے میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے
حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے
سوال : مدنی مذاکرے سے زیادہ سے زیادہ
فوائد کیسے حاصل کیے جاسکتے ہیں ؟
جواب : جو کام توجہ سے
ہوتاہے اس سے زیادہ فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں ،توجہ اوراہتما م کے ساتھ مدنی مذاکرہ سناجائے ،غفلت
کے ساتھ نہ سناجائے، مسلمانوں کو حکم ہے کہ وہ شریعت کی بات توجہ کے ساتھ سنیں ۔
سوال : کیا
نام کے بھی اثرات ہوتے ہیں ؟
جواب: جی ہاں !نام کےبھی اثرات ہوتے ہیں ،نام اچھا
ہوتوکام بھی اچھے ہوتے ہیں،اس اچھے نام کی
برکتیں حاصل ہوتی ہیں ،انبیائے کرام ،صحابہ واہل بیت رضی اللہ عنہم اجمعین اوربزرگوں کے ناموں
پر نام رکھنے کے فوائدملتے ہیں ، ناپسندیدہ لوگوں کے نام پرنام رکھا جائے توبچے کے کام بھی ناپسندیدہ ہوتے
ہیں ۔
سوال:
کیاعبادت مثلاً(
ذکروغیرہ)بھی اس اندازسےہونی چاہئے کہ کسی کو تکلیف نہ پہنچے؟
جواب:جی
ہاں !عبادت
ہویا دنیا کا کوئی کام ،طواف ہویا
بازارہماری ذات سے کسی کوتکلیف نہیں پہنچنی چاہئے ،بلکہ جان بوجھ کر ایساکام کرنے
کی بھی اجازت نہیں جس سے بندے کی اپنی ذات کو تکلیف پہنچے ،مثلاً(اتنی
بلندآوازسے ذکر کرناکہ جس سے گلے کو تکلیف ہو)وغیرہ
سوال : دعوتِ اسلامی سے وابستہ
عاشقانِ رسول کی تعدادکتنی ہے؟
جواب: دعوتِ
اسلامی سے لاکھوں کروڑوں بلکہ بے شمارعاشقانِ رسول
وابستہ ہیں ۔
سوال : UK میں جامعۃ
المدینہ سے فارغ التحصیل ہونے والوں کو امیراہل سنت دامت
برکاتہم العالیہ نے کیا ارشادفرمایا ؟
جواب : درسِ نظامی کے بعد
بھی مطالعہ جاری رکھیں ،آپ کو سرکارِاعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی کتابیں پڑھنی ہیں
،علم کو باقی رکھنے کا اہم ذریعہ تدریس بھی ہے،درس ِنظامی پڑھانے کا سلسلہ شروع
فرمائیں ، علم وہ دولت ہے جو خرچ کرنے سے بڑھتی ہے،اس میں مزید اضافہ ہوتاہے ،مدنی
قافلے میں سفربھی کریں ،مدنی قافلہ عملی کام(Practical) کرنے کا بہترین
ذریعہ ہے ،اس سےتجربات ہوتے ہیں ،تجربے سے بھی علم میں اضافہ ہے۔
سوال : دین پرعمل کرنے کی وجہ سے کوئی دل دکھائے تو کیا کریں ؟
جواب: صبرکیا جائے کیونکہ ہم لوگوں کی زبان تو پکڑنہیں سکتے ،صبرکرکے ثواب کمائیں
،بہرحال دل آزاری کرنے والے کو توبہ کرنی چاہئے ۔
سوال:کسی کی تکلیف دُورنہ
کرسکیں تو کیا کریں ؟
جواب : اگر ہم
کسی کی تکلیف دُورنہیں کرسکتے تو کم ازکم اس تکلیف میں اپنے قول یا فعل سے اضافہ نہ کریں ۔
سوال : کسی مسلمان
کے بال سفیدہوجائیں تو اسے کیا فائدہ ہوتاہے ؟
جواب : سفید بال تو مسلمان کے لیے بزرگی ہے ،
قیامت کے دن یہ اُس کے لیے نورہوگا،حدیث
پاک میں ہے کہ بالوں کا سفید ہونا مسلمان کے لیے نور ہےجس کا حالتِ اسلام میں ایک بال سفید ہوتا ہے تو اس کی وجہ سے اللہ پاک اس کے لیے ایک نیکی لکھ دیتاہے
اور اس کا ایک گناہ مٹا دیتا ہے اور اس کا ایک درجہ بلند کر دیتا ہے۔ '' (ابو
داود :4202،ابن حبان :2985)
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ" کس کس
کو عیب بتاسکتے ہیں "پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ
ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یا ربَّ المصطفٰے! جو
کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”کس کس کو عیب بتاسکتے ہیں“ پڑھ یا سن لے، اُسے
اپنی زبان درست استعمال کرنے کی توفیق عطا فرماکر جنت الفردوس میں اپنے پیارے پیارے
آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔