ماہِ رجب المرجب کو  دیگر نسبتوں کے ساتھ ساتھ امام الچشتیاں سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین حسن سنجری چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ سے بھی نسبت حاصل ہے کیونکہ رجب المرجب کی 6 تاریخ کو حضور خواجہ معین الدین اجمیری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کا مبارک عرس دنیا بھر میں نہایت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی عرسِ غریب نواز جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ یکم رجب المرجب ہوتے ہی عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکروں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ گزشتہ روز (25 فروری 2020ء کو) بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے براہِ راست مدنی مذاکرہ فرمایا۔ مذاکرے سے قبل غریب نواز ! غریب نواز !کے نعروں کی گونج میں جلوس اجمیری بھی نکالا گیا ۔

مدنی مذاکرےمیں بلامبالغہ ہزاروں افراد نے فیضانِ مدینہ آکر جبکہ ہزاروں افراد نے مختلف مقامات پر جمع ہوکر مدنی مذاکرہ دیکھا سنا۔ مدنی مذاکرے کے سوالات وجوابات کا خلاصہ

سوال:بچہ کس عمرمیں کتاب پڑھ سکتاہے؟

جواب:جب بچہ سمجھدارہوجائے تووہ کتاب پڑھ سکتاہے،عمرکی کوئی قید نہیں ۔

سوال:استخارہ جب بھی کروائیں تو وقتی آزمائش کا اشارہ آتاہے ، کیاکریں ؟

جواب:اِسْتِخارہ قطعی یعنی کنفرم اور کامل(Perfect) نہیں ہوتا ،بہرحال ایسااشارہ آئے تواللہپاک سے آزمائش کے ختم ہونے کی دعاکرے۔

سوال:چُغلی سے کیسے بچا جائے ؟

جواب: چُغلی کی ہلاکت خیزیوں کا مطالعہ کرے،مثلاً حدیثِ پاک میں ہے" چُغل خورجنت میں نہیں جائے گا"اس طرح کی روایات کا مطالعہ کرنے سے چغل خوری سے بچنے کا ذہن بنے گا۔اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ

سوال:اگرکوئیمَعَاذَاللہ(اللہ کی پناہ)جُوا کھیلنے سےمالدارہوجاتاہے تواِس سے دُوسروں کو ترغیب ملتی ہے کہ وہ بھی جُوا کھیلیں،یہ رغبت کس طرح ختم ہوسکتی ہے؟

جواب: اپنے آپ کواللہ پاک کے عذاب سےڈرایاجائے ،قرآن وحدیث میں اس کی مذمت آئی ہے،اس کا مطالعہ کریں ، جُوا کھیلنے والےنادان بعض اوقات سب کچھ جُوئےمیں ہارجاتے اورپھرخود کشی کرلیتےہیں،اس بات سے بھی اپنےآپ کو ڈرایا جائے،خودکُشی گناہِ کبیرہ،حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔

سوال:دَلائلُ الْخَیْرات شریف پڑھنے کے لیے کیاپیرو مرشِدسےاجازت لینا ضروری ہے؟

جواب:اجازت لینا ضروری نہیں، البتہ اجازت لینے سے برکتیں ضرور ملتی ہیں ،ہمارے سلسلے میں جب کوئی بیعت ہوتاہے تو اسے دَلائلُ الْخَیْرات شریف پڑھنے کی اجازت ہوجاتی ہے ۔

سوال: کتاب سے کس طرح دوستی کی جاسکتی ہے؟

جواب: کتابیں پڑھنے سے علم حاصل ہوتاہے۔ان سے محبت کی جائے ،ہروقت کوئی نہ کوئی کتاب اپنے ساتھ رکھیں ، جب جب موقع ملے اس کا مطالعہ شروع کردیں ،کتاب سے دوستی کی صورت یہی ہے کہ اسے پڑھتارہے پڑھتارہے پڑھتارہے۔

سوال:جانشین کسےکہتے ہیں ؟

جواب:جانشین ،خلیفہ ،نائب کو کہتے ہیں۔

رجب میں یہ دُعا پڑھنا سُنّت ہے:اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ رَجَبٍ وَّشَعْبَانَ وَبَلِّغْنَارَمَضَان:اے اللہ!تُو ہمارے لیے رجب اور شعبان میں برکتیں عطا فرمااورہمیں رمضان تک پہنچا۔(المعجم الاوسط للطبرانی ج3ص85حدیث:3939)