18 ستمبر 2022ء کوعالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقادکیا گیا جس میں کراچی سٹی کے ذیلی تا سٹی مشاورت کے ذمہ داران اور کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔

نگران شوریٰ حاجی مولانا محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ نگران شوریٰ نے شرکا کو بزرگان دین کی سیرت اپنانے اور ان کی طرح زندگی گزارنے کا ذہن دیتے ہوئے ان کی طرح جھوٹ، غیبت، چغلی اور بدنگاہی سے بچنے کی ترغیب دلائی۔آپ نے مزید فرمایا کہ ان گناہوں سے عبادت کی لذت ختم ہوجاتی ہے اور عبادت کی لذت ختم ہوجانا اللہ کی طرف سے سزا ہے۔

بیان کرتے ہوئے نگران شوریٰ نے فرمایا کہ نیک نظر آنا اور نیک ہونا اور بات ہے، نیک لوگوں کی عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان کی عبادت میں بھی اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے جس کا نور ان کے چہرے پر ظاہر ہوتا ہے، بزرگان دین عبادت میں اس طرح مشغول ہوتے تھے کہ ان کو کام کے لئے وقت نکالنا پڑتا تھا اور آج لوگ کام میں اتنے مصروف ہیں کہ انہیں عبادت کے لئے وقت نکالنا پڑتا ہے۔

اجتماع کے اختتام پر رقت انگیز دعا اور صلوۃ و سلام کا سلسلہ بھی ہوا۔

اس موقع پر اراکین شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، حاجی محمد علی عطاری، حاجی امین قافلہ عطاری اور حاجی محمد رفیع عطاری سمیت کراچی بھر سے ہزاروں ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی موجود تھے۔