جامعۃ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام جاری   ”اسلامک فنائنس کورس“ اختتام پذیر ہوگیا

اختتامی تقریب میں نگرانِ شوریٰ کا بیان، شرکا کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے

دعوتِ اسلامی کے جامعۃ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں جاری ”اسلامک فنائنس کورس “ اختتام پذیر ہوگیا۔ کورس کے آخر میں 27 مارچ 2022ء کو شرکاء میں سرٹیفکیٹ کی تقسیم کے سلسلے میں انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ پاکستان کے آڈیٹوریم میں اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔

تقریب میں نگران شوری مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے شرکاء کو اپنی زندگی اور بالخصوص لین دین میں شریعت کی اطاعت اور حرام سے بچنے کی اہمیت پر گفتگو فرمائی جبکہ اس کورس کے لیکچرار اور رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان ،ماہر امور تجارت مفتی علی اصغر عطاری مدنی نے اس کورس کے اغراض و مقاصد اور آئندہ کے اہداف پر تفصیل سے گفتگو کی ۔

دعوت اسلامی کے شب و روز کو ملنے والی معلومات کے مطابق اس کورس کو مکمل کرنے والے 109 افراد فنائنس سے وابستہ پروفیشنلز تھے جو چارٹرڈ اکاونٹینٹ یا MBA کئے ہوئے تھے جبکہ 103 مختلف مدارس کے فارغ التحصیل افراد تھے۔اس کورس میں پاکستان کے مختلف شہروں عرب شریف ،ہند،جرمنی ،ساؤتھ افریقہ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے بھی آن لائن شرکت کی۔

انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ پاکستان کے آڈیٹوریم میں ہونے والی اختتامی تقریب میں رکن شوری حاجی امین عطاری، جامعات المدینہ کراچی کے نگران مولانا سید ساجد عطاری مدنی، سابق چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج سلیم چامڑیا، GM Finance of P.I.A جاوید منشا، C.D.C Pakistan کے C.E.O بدیع الدین اکبر، K-Electric کے C.F.O عامر غازیانی ، سکرنڈ شوگر مل کے C.F.O شمس غنی، میر پور خاص شوگر مل کے F.C محمد جنید، اکنامسٹ نعمان عبد المجید، "ہیڈ آف لاء ڈویژن اسٹیٹ بینک پاکستان" رضوان نقشندی ، کھاڈی برانڈ کے C.I.O ریحان احمد، "گروپ ہیڈ فنائنس "ویسٹ برائے گروپ محمد حنیف کسباتی، چیئرمین کراچی برانچ ICMA پاکستان عظیم صدیقی اور معروف بلڈر مصطفی شیخانی سمیت کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد اور مختلف بڑی کمپنیوں کے C.F.O اور C.E.O شریک ہوئے۔

اختتام پر کورس مکمل کرنے والے افراد کو نگرانِ شوریٰ کے ہاتھوں سے اسناد دی گئیں۔