کنز المدارس بورڈ (دعوت اسلامی) اور جامعۃ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام 5 مارچ 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں تقسیم اسناد و انعامات کا اہتمام کیا گیا جس میں مفتی محمد شفیق عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی محمد ہاشم خان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی محمد سجاد عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی محمد حسان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، اراکین شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری، حاجی محمد امین عطاری، حاجی امین قافلہ عطاری، حاجی محمد رفیع عطاری، حاجی سید لقمان عطاری، حاجی برکت علی عطاری، حاجی فضیل رضا عطاری، مولانا حاجی جنید عطاری مدنی اور کنز المدارس بورڈ کے اراکین سمیت مختلف شعبوں کے ذمہ داران، طلبہ کرام، سرپرستوں اور دیگر عاشقان رسول نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن اور نعت رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کیا گیا۔ تقریب میں مفتی محمد ہاشم خان عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”مدارس اسلامیہ کی اہمیت و افادیت“ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر معاشرہ مسلمانوں کا ہے تو اُسے اسلام اور دین کی حاجت ہے، یہی مدارس ہیں جن سے ہمیں نمازیں پڑ ھانے کے لئے ائمہ ملیں گے، جنازہ و نکاح پڑھانے کے لئے افراد ملیں گے، انہیں سے وہ افراد ملیں گے جو معاشرے کو حلال و حرام کی تمیز سکھائیں گے،اس کے علاوہ معاشرے کی اصلاح کرنے والے بھی ان ہی مدارس سے ملیں گے۔

نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ معاشرے میں جس طرح سوشل میڈیا کے ذریعے بے حیائی پھیلائی جارہی ہے ان اشخاص کے لئے دنیا میں بھی عذاب ہے اور آخرت میں بھی عذاب رکھا گیا ہے۔ایک مسلمان کو یہ سمجھنے میں کیوں دیر لگ رہی ہے کہ فنگشن، پارٹیز، دعوت، ماڈرن ازم اور لبرل ازم کے نام پر ناچ، گانے کے ذریعے جو بے حیائی پھیلائی جارہی ہے، اس سے ہماری ترقی نہیں بلکہ تنزلی ہے۔

اجتماع میں دعوت اسلامی کے تحت ہونے والے دینی و فلاحی کاموں پر مشتمل ڈاکومنٹری (Documentary) بھی دکھائی گئی جبکہ کنز المدارس بورڈ کے امتحانات میں اچھی پوزیشن لینے والے طلبائے کرام میں سرٹیفکیٹ اور شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں۔ صلوۃ و سلام پر تقریب کا اختتام ہوا۔