آج مؤرخہ 09 نومبر 2022ء کو کنزالمدارس بورڈ کے تحت ملک بھر میں قائم جامعات المدینہ میں زیرِ تعلیم طلبۂ کرام کے درمیان بذریعہ مدنی چینل سنتوں بھرا اجتماع منعقد کیا گیا ۔ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے ”اپنے وقت کی قدر کریں“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمایا اور طلبہ کرام کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی تربیت فرمائی۔

اس موقع پر بیان کرتے ہوئے نگرانِ شوریٰ کا کہنا تھا کہ مسلمان کو اپنی آخرت سنوارنے کے لئے نیک اعمال کرنے چاہئیں، ہمیں اپنی اصلاح کے لئے ہر دم کوششیں کرتے رہنا چاہیئے۔

اپنے وقت کا درست استعمال کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے نگران شوریٰ کا کہنا تھا کہ ہم سب کو چاہیئے کہ لایعنی (فضول) کاموں میں نہ پڑیں، ”فضول بولنا، فضول دیکھنا(بدنگاہی کرنا)،فضول چیزیں سننا، موبائل میں فضول لگے رہنا“ ان سب چیزوں سے ہمارا وقت بڑی تیزی کے ساتھ ضائع ہورہا ہے۔تمام عاشقانِ رسول وقت نکال کر اپنے فضول کاموں کی لسٹ بنائیں اوران فضول عادات کو چھوڑتے جائیں۔

نگرانِ شوریٰ نے مزید کہا کہ صحبت سوچوں کو بدلتی ہے، لہذا اپنی صحبت کو اچھا بنایئے ، نیکیوں سے غافل افراد کے ساتھ نہ اُٹھیں، نہ بیٹھیں بلکہ ان کے ساتھ اُٹھیں بیٹھیں جو نیکیاں کرنے والے ہوں۔ ایسے طلبہ جو صرف گھوم پھر کر وقت ضائع کرتے ہوں، جو صرف ہوٹلنگ کرکے ٹائم پاس کررہے ہوں ایسے طلبہ کی صحبت اختیار نہ کریں، اپنے مقصد کو پیشِ نظر رکھیں اور مکمل توجہ کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھیں۔

نگرانِ شوریٰ نے طلبہ کو قرآنِ پاک کی تلاوت کرنے ، ہفتہ وار مدنی مذاکرے و ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے اور دینی کاموں میں عملی طور پر شرکت کرنے کی ترغیب دلائی۔

نگرانِ شوریٰ نے طلبۂ کرام کو دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے ٹیلی تھون کے لئے خوب خوب کوششیں کرنے کی ترغیب بھی دلائی جس پر طلبہ نے ٹیلی تھون جمع کرکے جمع کروانے کی نیتوں کا اظہار کیا۔

اجتما ع کے اختتام پر مفتی سجاد عطاری مدنی،مفتی حسان عطاری مدنی، مولانا فہیم عطاری مدنی، مولانا سید ساجد عطاری مدنی اور دیگر اساتذہ و طلبہ کرام نے نگرانِ شوریٰ کو ہاتھوں ہاتھ یونٹ جمع کروائے جبکہ دیگر جامعات المدینہ میں بھی طلبہ نے اپنے جامعۃ المدینہ میں ناظم صاحب کو یونٹس جمع کرائے۔