کورنگی کراچی میں دعوتِ اسلامی کا عظیم الشان اجتماع، ہزاروں عاشقانِ رسول کی
اجتماع میں شرکت
25 ستمبر2022ء کی شب ”دعوتِ اسلامی“ کی جانب سے ”کورنگی
نمبر ساڑھے تین عید گاہ گراؤنڈ“ میں ”عظیم
الشان اجتماعِ استقبالِ ربیع الاول“ منعقد ہوا۔ اجتماع گاہ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے
آئے ہوئے ”ہزاروں ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور دیگر عاشقانِ رسول“ نے شرکت کی۔
اجتماع پاک کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد
نعت خوان اسلامی بھائیوں نے بارہویں شریف کے کلام پڑھے۔
اجتماعِ پاک میں خصوصی بیان کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی
مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے شانِ مصطفیٰ ﷺ
کو بیان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے نبیِ پاک ﷺ کے ذکر کوایسا بلند فرمایا ہے کہ چاہے اذان ہویا اقامت، تشہد ہو یا خطبہ، اللہ
نے اپنے ذکر کے ساتھ اپنے نبی کے ذکر کو بھی جوڑ دیا ہے۔
انہوں نے قرآنِ پاک
سے شانِ مصطفیٰ ﷺ بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ
سورۂ بقرہ میں ہے: آپ( صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم )سے جنگ خدا سے جنگ ہے، سورۂ نساء میں ہے :رسول خدا کی اطاعت خدا کی اطاعت ہے،
سورۂ نساء میں ہے :آپ کی نافرمانی خدا کی
نافرمانی ہے، سورۂ انفال میں ہے آپ کی مخالفت خدا کی مخالفت ہے، سورۂ نساء میں
ہے: آپ کی طرف بلانا خدا کی طرف بلانا ہے، سورۂ نساء میں ہے: آپ کی طرف ہجرت خدا
کی طرف ہجرت ہے ، سورۂ نساء میں ہے:آپ پر ایمان لانا خدا پر ایمان لانے کی طرح
ضروری ہے، سورۂ مائد ہ میں ہے: آپ سے مقابلہ خدا سے مقابلہ ہے، سورۂ مائد ہ میں
ہے:آپ سے دوستی خدا سے دوستی ہے،سورۂ انفال میں ارشاد ہوا ہے: آپ سے منہ پھیرنا
خدا سے منہ پھیرنا ہے، سورۂ انفال میں ہے:آپ کے بلانے پر حاضر ہونا خدا کے بلانے
پر حاضر ہونا ہے، سورۂ انفال میں ہے:آپ سے خیانت خدا سے خیانت ہے، سورۂ توبہ میں
ہے: آپ کی طرف سے کسی شئی سے براءت کا اظہار اللہ پاک کی طرف سے براءت کا اظہار
ہے، سورۂ توبہ میں ہے: آپ سے معاہدہ خدا سے معاہدہ ہے، سورۂ توبہ میں ہے: آپ کی محبت خدا کی محبت ہے، سورۂ توبہ میں
ہے:آپ کی عطا خدا کی عطا ہے، آپ کا فضل و کرم خدا کا فضل و کرم ہے، سورۂ توبہ میں
ہے:آپ کی رضا خدا کی رضا ہے، آپ کو راضی کرنا خدا کو راضی کرنا ہے۔ سورۂ توبہ میں
ہے:آپ کا کسی کو غنی کرنا خدا کا غنی کرنا ہے، سورۂ توبہ میں ہے:آپ سے جھوٹ بولنا
خدا سے جھوٹ بولنے کی طرح ہے، سورۂ توبہ میں ہے: آپ کی خیرخواہی خدائے پاک کی خیرخواہی ہے، سورۂ نور میں ہے:آپ کی طرف
بلانا خدا کی طرف بلانا ہے ، سورۂ احزاب میں ہے:آپ کا وعدہ خدا کا وعدہ ہے، سورۂ احزاب میں ہے:آپ کی رضا چاہنا خدا کی رضا چاہنا ہے،
سورۂ احزاب میں ہے:آپ کا فیصلہ خدا کا
فیصلہ ہے، سورۂ احزاب میں ہے:آپ کو ایذادینا
خدا کو ایذا دیناہے، سورۂ حجرات میں ہے:
آپ پر پیش قدمی خدا پر پیش قدمی ہے، سورۂ حشر میں ہے:آپ
کی مدد خدا کی مدد ہے۔
نگرانِ
شوریٰ نے عاشقانِ رسول کو بارہویں کے مہینے میں خوب چراغاں کرنے، جلوسوں میں شرکت
کرنے ، اپنے گھروں پر جھنڈے لگانے ، نمازوں کا اہتمام کرنے اور دینی کاموں میں بڑھ
چڑھ کر حصہ لینے کا ذہن بھی دیا۔
دورانِ
اجتماع شیخِ طریقت امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا ویڈیو
پیغام بھی چلایا گیا جو انہوں نے کورنگی اجتماع کے لئے خصوصی طور پر جاری فرمایا
تھا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں امیر اہل سنت نے فرمایا : ہم سب کو حقوق عامہ کا خیال رکھنا ہے، اس طرح
کی کوئی محفل یا اجتماع نہ کیا جائے جس سے
لوگوں کے راستے تنگ ہوں اور انہیں تکلیف
کا سامنا کرنا پڑے، نہ اتنا ساؤنڈ رکھیں کہ لوگ آزمائش میں آئیں، جشن ولادت لوگوں کو تکلیف دینے نہیں آتا بلکہ یہ تو
دلوں میں راحت پہنچانے آتا ہے۔
بانیِ
دعوتِ اسلامی نے مزید کہا کہ بارہویں
شریف سیلاب زدہ علاقوں میں جاکر بھی منائی
جائے، ان کے گھروں میں جھنڈے لگائے جائیں، ہم نے کوشش
کرکے ان تک بارہویں کی نیاز بھی پہنچانی
ہے۔
نگرانِ شوریٰ نے کورنگی
کےذمہ داران کوبڑے پیمانے پر کامیاب اجتماع
منعقد کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دعاؤں سے نوازا اور بھرپور تعاون کرنے پر انتظامیہ، کراچی پولیس،سندھ
رینجرز اور ڈسٹرکٹ کورنگی ایڈمنسٹریشن کا
شکریہ ادا کیا۔
اجتماع کے اختتام پر نگران شوریٰ نے رقت انگیز دعا کروائی
جبکہ بارگاہِ رسالتِ مآب میں صلوٰۃ وسلام
کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد
عطاری ، ترجمان دعوتِ اسلامی مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری، اراکینِ شوریٰ حاجی
امین عطاری، حاجی محمد علی عطاری، حاجی امین قافلہ عطاری،حاجی فضیل عطاری ، مولانا
حاجی عقیل عطاری مدنی ،حاجی اطہر عطاری، حاجی رفیع الشان عطاری ،45 ممالک سے کراچی آئے ہوئے سینکڑوں عاشقانِ رسول و
ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ کورنگی نمبر ساڑھے تین کے اِسی عید گاہ گراؤنڈ میں پہلے دعوتِ اسلامی کا تین دن کا اجتما ع ہوتا
تھا اور اب سالوں بعد اسی مقام پر دعوتِ
اسلامی کی جانب سے دوبارہ سے بڑے پیمانے پر اجتماع کا انعقاد کیا گیا ہے۔