دعوت اسلامی پہلے دن سے ہی پاکستان بھر میں بارش اور  سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑھ چڑھ کر امدادی سرگرمیاں کررہی ہے۔دعوت اسلامی کا عزم ہے کہ متاثرین کی نہ صرف کھانے، پینے کی اشیاء کے ذریعے مدد کرنی ہے بلکہ ان کے گھروں کو بھی تعمیر کرنا ہے اور ساتھ ساتھ ان کے کاروبار کو بھی بحال کرنا ہے۔

شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی ترغیب کے بعد اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے 2 ستمبر 2022ء کو ”یوم دعوت اسلامی“ کے موقع پر صرف شہر کراچی سے کھانے، پینے اور دیگر سامان سے لدے200 سے زائد ٹرک کو شرکائے قافلہ کے ہمراہ سندھ کے متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیا گیا۔ نہ صرف کراچی بلکہ پنجاب سے بھی سامان سے بھرے سینکڑوں ٹرک ڈیرہ اسماعیل خان، بالائی علاقے بحرین، کلام اور سوات وغیرہ کی طرف مدنی قافلے کے ہمراہ روانہ ہوئے۔ اس کے ساتھ ساتھ سامان کا بہت بڑا قافلہ جنوبی پنجاب بھی پہنچا ہے۔

ایسے دشوار گزار علاقے جہاں پہنچنا بہت مشکل ہے ان علاقوں میں سامان کو مستحقین تک پہنچانے کے لئے پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی FGRF کی مدد کررہی ہے اور بذریعہ ہیلی کاپٹر متاثرین کو کھانا پہنچایا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ FGRF ، 3 ستمبر 2022ء کو ائیر فورس کے ساتھ C-130 جہاز کے ذریعے سامان لے کر جیکب آباد Air baseپہنچے گاجہاں سے پھر ان شاءاللہ دیگر شہروں میں امدادی سامان تقسیم کیا جائیگا۔

FGRF کی امدادی سرگرمیوں کا دوسرا مرحلہ یہ ہے کہ متاثرین کے گھروں کو بھی تعمیر کیا جائیگا۔ جنوبی پنجاب ڈیرہ غازی خان، تونسہ شریف اور اطراف کے علاقوں میں اللہ کے فضل و کرم سے پانی اترنے کے بعد متاثرین اپنے گھروں کے طرف روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ FGRFنے ان علاقوں میں گھروں کی بحالی کے لئےبھی کام شروع کردیا ہے۔