25 ستمبر 2022ء کو دعوت اسلامی کے شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن FGRFکے زیر اہتمام راشن تقسیم کرنے کے سلسلے میں جھڈو شہر سندھ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جھڈو نواکوٹ، ٹنڈو جان محمد اور ملکانی کے دیہاتوں سے ایک ہزار سیلاب متاثرین نے شرکت کی جن کو عزت و احترام کے ساتھ کرسیوں پر بیٹھایا گیا۔

اس پروگرام کی نگرانی ماہر امور تجارت مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کررہے تھے۔ تقریب میں مبلغ دعوت قاری میر حسن عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور انہیں ہر حال میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دلائی۔

مفتی علی اصغر عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے اس موقع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کی کامیابی کا سہرہ دعوت اسلامی کے مقامی ذمہ داران کے سر پر ہے جنہوں نے کئی ہفتے محنت کی اور مختلف علاقوں میں مستحقین تلاش کرکے انہیں ٹوکن دیا تاکہ ان تک بآسانی امدادی سامان پہنچ سکے۔

اس تقریب میں متاثرین کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے نہایت منظم انداز میں ایک ہزار افراد کو راشن، مچھر دانی اور نقد رقم پیش کی گئی۔اس کے علاوہ جھڈو شہر میں سیلاب متاثرین کی عارضی پناہ کے لئے FGRF کی طرف سے خیمہ بستی بھی قائم ہے جبکہ اس مقام پر ایک سے زائد بار میڈیکل کیمپ بھی لگائے جاچکے ہیں۔

اس پروگرام میں بڑی تعداد میں مقامی صحافی حضرات اور عمائدین شہر بھی شریک تھے جنہوں نے اس کاوش کو خوب سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔