دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے تربیتی اعتکاف کا آغاز ہو چکا ہے جس میں کم و بیش 7 ہزار سے زائد عاشقانِ رسول معتکف موجود ہیں جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں قائم  مدنی مراکز فیضانِ مدینہ حیدر آباد، ملتان، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں 10 دن کے سنت اعتکاف کا انعقاد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہونے والے تربیتی اعتکاف میں کراچی کے مختلف علاقوں سمیت سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سے عاشقانِ رسول اعتکاف کے لئے آئے ہوئے ہیں جن کے لئے 24گھنٹے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہے نیز کسی بھی قسم کی ایمرجنسی اور ہنگامی صورت ِ حال سے نمٹنے کے لئے فائر بریگیڈ اور ایمبولنس سروس کا انتظام کیا گیا ہے۔

معتکفین کی تربیت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شعبہ دارالسنہ کے ذمہ دار مولانا عبد الرؤف عطاری مدنی نے بتایا کہ اس تربیتی اعتکاف میں نماز، تلاوتِ قراٰن، ذکر و اذکار ،نفلی عبادات اور سیکھنے سکھانے کے مختلف حلقوں سمیت عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی تربیت کے لئے مبلغینِ دعوتِ اسلامی کے سنتوں بھرے بیانات کاسلسلہ ہوتا رہتا ہے۔

اسی طرح روزانہ بعد نمازِ فجر امیرِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازتے ہیں جبکہ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اسلامی بھائیوں کی دینی، اخلاقی، تنظیمی اور شرعی اعتبار سے تربیت کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ بعد نمازِ عصر اور بعد نمازِ تراویح امیرِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقانِ رسول کے درمیان مدنی مذاکرہ فرماتے ہیں جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےافراد کی دینی، دنیاوی اور معاشی ضروریات کے سوالات کے جوابات عطا فرماتے ہیں۔

اس تربیتی اعتکاف میں بیرونِ ملک سے آئے اسلامی بھائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے، اس حوالے سے اورسیز ذمہ دار سیّد محمد احسن عطاری نے مدنی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک سے آئے ہوئے عاشقانِ رسول اپنے اپنے ملکوں میں جو سحری و افطار کرتے ہیں اسے مدِ نظر رکھتے ہوئے اُن کے لئے سحری و افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

بعدِ اعتکاف خوش نصیب عاشقانِ رسول 12 ماہ، ایک ماہ اور 3 دن کے مدنی قافلوں میں عید الفطر کی چاند رات کو سفر کریں گےاور نیکی کی دعوت کی دھومیں مچائیں گے۔