لوگوں کے دلوں میں علمِ دین کی شمع جلانے اور انہیں دینِ اسلام کی تعلیمات سکھانے کے لئے دعوتِ اسلامی کے تحت ہر جمعرات مختلف مقامات پر ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں کثیر عاشقانِ رسول علمِ دین سے فیضیاب ہوتے ہیں نیز ان اجتماعات میں انہیں اپنی قبر و آخرت کی تیاری کرنے کا ذہن بھی دیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ان اجتماعات کا آغاز تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کرنے کے بعد اراکینِ شوریٰ سمیت مبلغینِ دعوتِ اسلامی سنتوں بھرے بیانات کرتے ہیں اور اشراق و چاشت پر ان اجتماعات کا اختتام ہوتا ہے جبکہ ان اجتماعات میں ذکر و اذکار اور رقت انگیز دعاؤں کا بھی سلسلہ ہوتا ہے۔

علمِ دین کی شمع کو برقرار رکھتے ہوئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت آج 4 مئی 2023ء بروز جمعرات بعد نمازِ عشاء تقریباً 9:15 پر عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا جائے گاجس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے اور بعدِ اجتماع عاشقانِ رسول سے عام ملاقات کریں گے۔

اسی طرح کورنگی نمبر 4 کراچی کی جامع مسجد رضا میں رکنِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری، پنجابی کلب کھارادر کراچی کی جامع مسجد مدینہ میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، سخی حسن چورنگی نارتھ ناظم آباد کی جامع مسجد بہزاد لکھنوی میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین قافلہ عطاری، العطار ٹاؤن میرپور خاص کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد فاروق جیلانی عطاری، مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری، مین قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ کراچی میں رکنِ شوریٰ ابوماجد مولانا حاجی محمد شاہد عطاری مدنی اور کٹھیالہ شیخاں روڈ پھالیہ ڈسٹرکٹ منڈی بہاؤ الدین کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں رکنِ شوریٰ مولانا محمد اسد عطاری مدنی سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول ہر جمعرات کو اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات میں شرکت کرکے علمِ دین کا خزانہ حاصل کریں۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)