دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 22 فروری 2020 ء کی رات ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے علم و حکمت سے لبریز جوابات ارشاد فرمائے۔ ہزاروں کی تعداد میں اسلامی بھائیوں نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ آکر مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی جبکہ سینکڑوں مقامات پر اسلامی بھائیوں نے جمع ہوکر مدنی مذاکرے دیکھنے سننے کی سعادت پائی۔ مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: رجب کو’’اللہ پاک کا مہینا‘‘کہا گیا ہے، اس کی کیا وجہ ہے؟

جواب:رَجَب الْمُرَجَّب کی عظمت،شرافت وبزرگی کی وجہ سے ۔

سوال:نیکیوں کا بیج بونے کا مہیناکون ساہے؟

جواب:رَجَب الْمُرَجَّب

سوال: کیارجب کے روزے گناہوں کا کفارہ ہیں ؟

جواب:جی ہاں !رجب کا پہلاروزہ 3 سال ، دوسراروزہ 2سال اورتیسراروزہ 1 سال کے گناہوں کا کفارہ ہے، اس کے بعدہرروزہ 1ماہ کے گناہوں کا کفارہ ہے۔

سوال:مکارکسے کہتے ہیں ؟

جواب:دھوکے بازکو "مکار"کہا جاتاہے ،یہ ایک طرح کی گالی ہے ،کسی کو یہ کہنا اس کی دل آزاری اوربے عزّتی کا باعث ہے ،جس کو کہااُس سے معذرت کرنا ہوگی ۔

سوال:ہم آپس میں سچ بولیں، اس کے لیے کچھ مدنی پھول ارشادفرمائیں ؟

جواب:ہماراربّ سچا،ہمارے پیارے آقا(صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم)اورسارے نبی سچے ،صحابہ واہل بیت سچے ہیں ، اللہ پاک نے سچوں کے ساتھ ہوجانے کا حکم دیاہے،ہمیں بھی ہمیشہ سچ بولنا ہے۔

سوال:عاجزی کاکیا معنی ہے؟ یہ کیسے پیداہو؟

جواب:اپنے آپ کو دوسروں سے گھٹیاجانناعاجزی کہلاتاہے،اپنے اندرعاجزی پیداکرنے کے لیے اپنی حقیقت وحیثیت پر غورکیا جائے،عاجزی کے فضائل کا مطالعہ کیا جائے ،اس کےاُلٹ تکبُّر(یعنی اپنے آپ کو دوسروں سے اعلیٰ اوردوسروں کوگھٹیا سمجھنے)کے نقصانات کو سامنے رکھے تو عاجزی پیداہوگی۔

سوال:دعوتِ اسلامی کےہفتہ واراجتماع کا دورَانیہ کیا ہے؟

جواب:ہفتہ واراجتماع مغرب کے بعد شروع ہوکر اگلے دن اشراق وچاشت کے بعد صلوٰۃ وسلام پر ختم ہوتاہے۔اسلامی بھائی رات اعتکاف کی سعادت بھی پاتے ہیں۔(یادرہے!موسم کی تبدیلی کی وجہ سےطے شدہ طریقِ کارکے مطابق بعض ہفتہ واراجتماع کے وقت میں تبدیلی بھی کی جاتی ہے)

سوال:حقیقی شکرکیاہے؟

جواب:اللہ پاک کی نعمتوں کو اللہ پاک کے حکم کےمطابق استعمال کرناحقیقی شکرہے۔مزیدمعلومات کے لیےمکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’شکرکے فضائل ‘‘کا مطالعہ کیجئے ۔

سوال:سب سےبڑی دولت کون سی ہے؟

جواب: ب سے بڑی دولت ’’ایمان‘‘ہے جو کہ ہم سب کو حاصل ہے ،اَلْحَمْدُللہ دامن ِمصطفیٰ (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم)ہمارے ہاتھوں میں ہے ۔

سوال:مدنی مذاکرے میں کس اسلامی بھائی کےنئے رکنِ شوریٰ بنائے جانے کا اعلان ہوا؟

جواب:مبلغِ دعوت ِاسلامی ابواُسیدحاجی محمدجنیدعطاری مدنی (فیصل آباد،پنجاب پاکستان)۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ’’کفن کی واپسی‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربَّ المصطفےٰ! جو کوئی رسالہ کفن کی واپَسی کے 26صفحات پڑھ یا سُن لے، اُس کو جنّت میں محل نصیب فرما۔اٰمِیْن۔