سندھ کے مشہور صوفی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمۃُ اللہِ علیہ کے عرس کے سلسلے میں گزشتہ رات 18 اگست 2024ء کو فیضانِ مدینہ بھٹ شاہ میں عظیم الشان محفلِ نعت منعقد کی گئی جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن حاجی اطہر عطاری نے خصوصی بیان کیا۔

اجتماع میں بڑی تعداد میں ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

حاجی اطہر عطاری نے بیان کرتے ہوئے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمۃُ اللہِ علیہ کی سیرت پر روشنی ڈالی اورعاشقانِ رسول کو بزرگانِ دین کی سیرت کو اپنانے، نمازوں کا اہتمام کرنےاور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کا ذہن دیا۔

واضح رہے کہ حضرت سیدنا شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کا شمار بارہویں صدی ہجری کے عظیم صوفی بزرگوں میں ہوتا ہے۔ آپ کی پیدائش 1101ہجری مطابق 1689سن عیسوی میں ہالا حویلی ضلع مٹیاری سندھ پاکستان میں ہوئی۔

آپ رحمۃ اللہ علیہ کو نہ صرف اپنی زبان پر عبور حاصل تھا بلکہ عربی، فارسی، ہندی اور دوسری علاقائی زبانوں میں بھی خاصی دسترس حاصل تھی۔یہی وجہ ہے کہ آپ کے کلام کی اثر آفرینی ہر سننے والے کو مسحور کردیتی ہے ۔

حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمۃ اللہ علیہ نے 63 سال کی عمر میں 14 صفر المظفر 1165سن ہجری مطابق 1752سن عیسوی میں بھٹ شاہ ضلع مٹیاری میں وصال فرمایا اور وہیں آپ کا مزارِ پُرانوار موجود ہے ۔