عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر رحمۃُ اللہِ علیہ کا 773 واں عرس آج سے شروع ہوگا، اس موقع پر ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ عرس کے سلسلے میں آج 17 فروری 2025ء کی رات دعوتِ اسلامی کی مجلس مزاراتِ اولیاء کے زیرِ اہتمام فیضانِ مدینہ سیہون شریف میں عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا اہتمام کیا جائے گا۔

اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی اطہر عطاری خصوصی بیان فرمائیں گے۔ اجتماع کا آغاز عشاء کی نمازکے بعد تلاوت و نعت سے ہوگا ۔

سید عثمان مروند المعروف حضرت لعل شہباز قلندر رحمۃُ اللہِ علیہ 7 صدیوں قبل جب سندھ کے علاقے سیہون پہنچے تو لوگ آگہی کے اجالوں سے دور بے راہ روی کے اندھیروں میں زندگی بسر کر رہے تھے، آپ نے سیہون میں سکونت اختیار کی اور اللّٰہ اور اس کے آخری نبی کے فرمان کو لوگوں تک ایسا پہنچایا کہ آج بھی دنیا بھر سے لوگ سیہون پہنچ کر عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہیں۔