سید المبلغین، رحمۃ لِلّعٰلمِین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے تمام صحابۂ کرام علیہم الرضوان اس امت میں افضل ہیں۔اللہ عَزَّوَجَلَّ نے بھی قرآن کریم میں ان کی فضیلت و مدح بیان فرمائی ہے۔فرمان باری تعالیٰ: رَّضِیَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُ وَ اَعَدَّ لَهُمْ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ تَحْتَهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًاؕ- ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ۔ (سورۃ التوبہ، آیت100)

صحابہ کرام میں ایک بڑا نام کاتب وحی، صحابی ابن صحابی ابو عبد الرحمن حضرت سیدنا امیر معاویہ بن سفیان رضی اللہُ عنہ کا بھی ہے۔آپ کا وصال 22رجب المرجب 60 ھ شام کے شہر دمشق میں ہوا۔ (الثقات لابن حبان،ج1،ص436)

اسی سلسلے میں 23 فروری 2022ء ، 22 رجب 1443ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں دعوت اسلامی کے زیر اہتمام محفل نعت بسلسلہ عرس سیدنا امیر معاویہ رضی اللہُ عنہکا انعقاد کیا جائیگا۔

محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا جائیگا جبکہ نعت خواں اسلامی بھائی بارگاہ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت پیش کرتے ہوئے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ کی شان میں منقبت بھی پڑھیں گے۔ دوران اجتماع مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی سیرت امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ پر سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔ بیان کے بعد مدنی مذاکرے کا سلسلہ بھی ہوگا جس میں شیخ طریقت امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ بذریعہ ویڈیو لنک شان امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ پر گفتگو فرماتے ہوئے مدنی پھول ارشاد فرمائیں گے۔

اجتماع کے آغاز میں جلوس امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ جبکہ اختتام پرلنگر معاویہ کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔