(یہ مضمون امیراہلسنت کے صوتی پیغام سے روشنی لیتے ہوئے ضروری ترمیم کے ساتھ تیارکیاگیاہے۔)

11جمادی الاخریٰ1442ھ بمطابق 24جنوری2021ء کوامیراہل ِسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کومفتی علی اصغر صاحب نے بتایاکہ اُن کی چند اسلامی بھائیوں کے ساتھ تُرکی روانگی ہے،اِس پر آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اُن کو دُعاؤں اورمدنی پھولوں سے کچھ یوں نوازا:

ماشاء اللّٰہ!مزاراتِ صحابہ کرام (رضی اللہ عنہم )، مزارت ِاولیائے کرام (رحمھم اللہ)کی حاضری کے لیے کُل آٹھ عاشقانِ رسول کے ساتھ آپ ترُکی تشریف لے جا رہے ہیں،اللہ کریم آپ سب کی حفاظت کرے،اللہ کر یم آپ سب کا سفر بخیر کرے ،عافیت نصیب فرمائے ، آپس میں اِتحاد و اتفاق رہے کہ سفر میں گھر والی سہولیات میسر نہ ہونے اورتھکن وغیرہ کے سبب کبھی چڑچڑا پن بھی آجاتا ہے ،ہوسکتاہے آپس میں کسی کی بات جلد بُری لگ جائے ،شیطان غیبت وبدگمانی میں مبتلا کردے،لیکن آپ بالکل متحد رہیے گا ، سفر میں ایک’’امیر ِقافلہ‘‘ ہو یہ سنت ہے ،جب تک وہ خلافِ شرع حکم نہ کرے اُس کی اِطاعت کیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ سب اچھا ہوجائے گانیز جب بھی سفر کا اِرادہ ہو تودُنیا سے سفر یعنی ’’موت ‘‘ کو بھی یاد رکھا جائے،کیونکہ ایک دن دُنیا سے بھی سفر ہو ہی جائے گا ،اِس سفر میں تو خوشی خوشی جارہے ہیں، اللہ کرے!کہ جب ہمارادُنیا سے سفر ہوتو ہم اُس وقت بھی خوشی خوشی مسکراتے ہوئے جائیں ،اللہ کرے!مرتے وقت کلمہ نصیب ہواور ہم ساتھ اِیمان کے دُنیا سے رخصت ہوں۔

اِلتجائے عطار!جہاں جہاں آپ کی حاضریاں ہوں ،مجھ گناہگاروں کے سردار کو بھی یاد رکھیے گا ،سبھی میرا سلام عرض کریں اورمیرے لیے ایمان کی سلامتی ،بُرے خاتمے سے حفاظت اوربے حساب مغفرت کی دُعا فرماتے رہئے گا ۔