ڈہرکی کے قریب ٹرین خوفناک حادثے کا شکار ، ملّت ایکسپریس کی کئی بوگیاں پٹری سے اترکرمخالف ٹریک پر آگئیں، دو منٹ بعد ہی سرسید ایکسپریس گرنے والی بوگیوں سے ٹکرا گئی، کمشنر  سکھر کے مطابق اب تک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 55 ہوگئی ہے جبکہ 100سےزائد افراد زخمی ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور انتقال کرجانے والے افراد کے سوگواروں سے تعزیت کی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دردناک حادثے میں جو مسلمان وفات پاگئے ہیں میں ان تمام کے سوگواروں سے تعزیت کرتا اور صبر کی تلقین کرتا ہوں ، ہمت رکھئے گا، صبر کیجئے گا، اللہ کی جو مرضی ہوئی وہ ہوا۔ میں اپنے زخمی بھائیوں سے بھی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں آ پ بھی اللہ کی رضا پرراضی رہئے اور صبر کیجئے ۔ اللہ پاک نے چاہا تو سب بہتر ہوجائے گا ۔

انہوں نے دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران سے کہا کہ دعوت اسلامی کے ویلفیئر کے شعبے ایف جی آر ایف کے وہ تمام اسلامی بھائی جو سکھر اور دھڑکی کے قرب و جوار میں ہیں مہربانی کرکے جلدی جلدی جائے حادثہ پر پہنچیں اور اپنے ان دکھیارے بھائیوں، آقا کی دکھیاری امت کی خدمت میں لگ جائیں۔ اللہ پاک اس کا آپ کو بہترین اجر عطا فرمائے گا۔

امیر اہل سنت نے حادثے میں انتقال کرجانے والوں کے لئے مغفرت اور زخمیوں کے لئے صحت یابی کی دعا بھی کی۔

رکن شوریٰ مولانا حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری اور شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز کی پوری ٹیم اس حادثےپر افسوس کا اظہار کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ پاک مرحومین کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد روبصحت فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم