بلوچستان کے علاقے ناکھارڑی کے مقام پر منگل کی شام کراچی کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کوچ اوور ٹیک کرتے ہوئے ہائی روف سے ٹکرا گئی ، حادثے کے بعد ہائی روف میں آگ بھڑک اٹھی ،ہائی روف اور کوچ میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کراچی کے رہائشی 6 افراد انتقال کر گئے تھے جبکہ 10 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس و ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور انتقال کر جانیوالے افراد کو باہر نکالا جبکہ کوچ اور ہائی روف جل کرخاکستر ہوگئی۔ انتقال کر جانیوالے تمام افراد کراچی کے رہائشی تھے جن کی میتیں کراچی منتقل کردی گئیں، انتقال کرجانیوالے افراد میں انور علی، سردار، امان اللہ، جاوید، بلال اور سجاد شامل ہیں جو آپس میں دوست تھے اور کراچی کے علاقے منگھوپیر، سرجانی ٹاؤن اور سائٹ ایریا بھوانی چالی کے رہائشی تھے۔ مرحومین کی نماز جنازہ سائٹ بھوانی چالی گراؤنڈ میں ادا کی گئی اور مقامی قبرستان میں ان افراد کی تدفین کردی گئی ۔