مدرسۃ المدینہ
کے تحت پاکستان بھر میں تقسیمِ اسناد اجتماع کا انعقاد، ہزاروں حفاظ کو اسناد دی گئیں
دعوتِ اسلامی کے شعبے مدرسۃ المدینہ (بوائز، گرلز) کے تحت 18
فروری 2024ء کو پاکستان بھر کے مختلف مقامات پرسال 2023ء میں قراٰنِ پاک حفظ و
ناظرہ مکمل کرنےوالے بچوں اور بچیوں کے لئے تقسیمِ اسناد اجتماعات کا انعقاد کیا
گیا ۔
معلومات کے مطابق مختلف مقامات پر ہونے والے ان
اجتماعات میں مدرسۃ المدینہ کے بچوں، بچیوں، اُن کے سرپرستوں، قاری صاحبان، معلمات، ذمہ داران اور مبلغین و مبلغاتِ دعوتِ اسلامی
سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔
تلاوتِ قراٰن اور حمد و ثنا کے بعد دعوتِ اسلامی
کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری کا تمام تقسیمِ اسناد اجتماعات میں بذریعہ مدنی چینل سنتوں بھرا بیان ہوا جس میں
انہوں نے قراٰنِ کریم حفظ کرنے کے متعلق بیان
کرتے ہوئے اس کی اہمیت و فضیلت کے بارے میں حاضرین کو بتایاکہ قراٰنِ پاک حفظ کرنے
کے لئے عربی ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ دنیا کے کسی بھی زبان کا مسلمان ہو یا کسی
بھی برِّ اعظم کا رہنے والا ہواگر وہ قراٰنِ کریم یاد کرنا چاہتا ہے تو اللہ عزوجل اُس کے لئے قراٰنِ پاک یاد کرنا آسان کردیتا ہے۔
نگرانِ شوریٰ نے دورانِ بیان بچوں اور بچیوں
کو قراٰن کریم حفظ کرنے کے بعد روزانہ اس
کی تلاوت کرنے نیز ہمیشہ اسے اپنے سینوں میں محفوظ رکھنے کے حوالے سے مدنی پھول ارشاد فرمائے ۔علاوہ ازیں نگرانِ شوریٰ نے اجتماعات میں شریک
اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لینے کی
ترغیب دلائی۔
بعدازاں امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا آڈیو پیغام سنایا گیا جس میں امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مدرسۃ المدینہ (بوائز، گرلز) کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے فرمایا : اللہ پاک کے فضل و کرم سے 2023ء میں 12 ہزار 586 (12,586) بچوں اور بچیوں
نے مدرسۃ المدینہ سے حفظِ قراٰن کی سعادت پائی جبکہ 54 ہزار 96 (540,96) نے ناظرہ قراٰنِ کریم مکمل کیا۔