27 رجب المرجب 1442ھ بمطابق 11 مارچ 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر اجتماع شب معراج کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقان رسول نے عالمی مدنی مرکز آکر جبکہ پاکستان بھر میں مختلف مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول نے اجتماعی طور پر شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہواجبکہ نعت خواں اسلامی بھائیوں نے بارگاہِ رسالت میں ہدیہ ٔنعت اور قصیدہ معراج پیش کئے، اجتماع پاک میں جلوس شب معراج کا بھی اہتمام ہوا۔ اجتماع میں مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے ”شاہ دولہا بنا آج کی رات ہے“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے سفر معراج کو بیان کرتے ہوئے اس سفر میں ہونے والے واقعات اور ملنے والے تحائف کے بارے میں مدنی پھول پیش کئے۔

جبکہ امیرا ہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اجتماع میں شریک عاشقان رسول کو نماز وں کی پا بندی کرنے کی ترغیب دلائی اور اسلامی بھائیوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔دوران اجتماع امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے تمام عاشقان رسول کو 21، 22 اور 23 مارچ 2021ء کو تین دن کے مدنی قافلے میں سفر کرنے کا ذہن دیا۔

اجتماع کے اختتام پر ذِکر و درود، صلوۃ و سلام اور لنگر کا بھی اہتمام ہوا۔