عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں13 فروری 205ء بمطابق  15 شعبان 1446ھ کی رات”شب براءت“ کے سلسلے میں ہونے والے پُر کیف اور پُر نور اجتماع کا آغاز بعد نماز عصر ہواجہاں کراچی کے مختلف شہروں سے عاشقانِ رسول جوق در جوق عصر کی نماز سے قبل ہی پہنچنا شروع ہوگئے جس میں بچے، بڑے، بزرگ، اسپیشل پرسنز بھی شامل تھے۔ اس موقع پر نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، اراکین شوریٰ اور دیگرمبلغین بھی موجود تھے۔

نگرانِ شوریٰ کے بیان کے بعد دعائے افطار کا اہتمام ہوا جس میں شیخ طریقت امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے رقت انگیز دعا کروائی جبکہ عاشقان رسول نے نفل روزے کی افطاری بھی کی۔ بعد نماز مغرب ”شب براءت“ کے موقع پر خصوصی نوافل کی ادائیگی کا سلسلہ ہوا جس میں سینکڑوں عاشقانِ رسول شریک ہوئے اور اللہ پاک کی بارگاہ میں دعائیں کیں۔

”شب براءت“ کے سلسلے میں ہونے والے اجتماع کا باقاعدہ آغاز بعد نماز عشاء تلاوت قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعت خواں اسلامی بھائیوں نے بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع میں مدنی مذاکرہ بھی ہوا جس میں شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو اپنی قیمتی ملفوظات سے نوازااور انہیں توبہ و استغفارکرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے سنتوں پر عمل کرنے اور نماز کی پابندی کرنے کا ذہن دیا۔ نگران شوریٰ نے بھی اپنے مخصوص انداز میں سنتوں بھرا بیان کیا اور عاشقانِ رسول کو اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور سیرت مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر عمل کرنے کی ترغیب دلائی۔

بعد نماز عشاء شروع ہونے والے عظیم الشان اجتماع کا اختتام وقت سحر ہوا ۔ اختتام پر اللہ پاک کے حضور دینِ اسلام کی سربلندی، ایمان کی سلامتی، ملک میں امن و امان، ترقی و خوشحالی، بیمار و پریشان حال افراد کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔آخر میں صلوۃ و سلام اور لنگر کا سلسلہ ہوا۔