27 رجب المرجب کی رات پیارے آقا، مکی مدنی مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مختصر سے وقت میں مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک پھر وہاں سے آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے لامکاں تک تشریف لے گئے تھے اور اللہ پاک کی بارگاہ سے اپنی امت کے لئے نمازوں کا تحفہ لائے تھے۔

اسی رات کی یاد منانے کے لئے 16 جنوری 2026ء بمطابق 27 رجب المرجب 1447ھ کو عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام دنیا بھر کے مختلف مقامات پر ”اجتماعِ معراج“ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تلاوتِ قراٰن، نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، شبِ معراج کے قصیدے اور بیانات سمیت مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا۔

مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والا ”اجتماعِ معراج“ جرمن اسکول گراؤنڈ، سیکٹر 16، کراچی میں بھی منعقد کیا جائے گا جس کا آغاز بعد نمازِ عشا ہوگا۔

تلاوت و نعت سے ”اجتماعِ معراج“ کا آغاز کرنے کے بعدبذریعہ مدنی چینل شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی مذاکرہ فرمائیں گے اور عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازیں گے ۔

اس کے علاوہ وقتِ مناسب پر اورنگی ٹاؤن، کراچی میں ہونے والے ”اجتماعِ معراج“ میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری بیان کرتے ہوئے وہاں موجود عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی تربیت کریں گے۔

اورنگی ٹاؤن اور اس کے اطراف میں رہنے والے تمام عاشقانِ رسول اس ”اجتماعِ معراج“ میں شرکت کرکے حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی معراج کا جشن منائیں اور ڈھیروں ڈھیر علمِ دین حاصل کریں۔